Book Name:اِنْ شَآءَاللہ Kehnay Ki Barkaten
کامیاب ہونے کے لئے کیا کر سکتے ہیں؟ ہم نے زِندگی میں کچھ کرنے کے خواب سجائے ہیں ، ہم نے منصوبے بنائے ہیں ، ہم کامیابی چاہتے ہیں ، ہم ترقی چاہتے ہیں تو ہم کیا کریں؟ اپنے مقصد میں پُورا اُترنے کا طریقہ کیا ہے؟ اس سُوال کا صِرْف ایک جواب ہے ، ہمارے پاس کامیابیوں کا صِرْف ایک طریقہ ہے اور وہ ہے :
وَ اُفَوِّضُ اَمْرِیْۤ اِلَى اللّٰهِؕ-
ترجمہ : اور میں اپنے کام اللہ کو سونپتا ہوں
ہم اللہ پاک پر بھروسہ کریں ، اپنے معاملات اللہ پاک کے سپرد کر دیں ، کامیابی کا یہ ایک راستہ ہے اور کیسی ایمان افروز بات ہے ، ہمارا پیارا اللہ پاک بہت مہربان ، نہایت رحم والا ہے ، اللہ پاک اپنے بندوں سے محبت فرماتا ہے ، اللہ پاک کسی پر ذَرَّہ برابر بھی ظُلم نہیں فرماتا ، اللہ پاک محنت کرنے والوں کی محنت کو ضائع نہیں کرتا۔ ارشاد ہوتا ہے :
اِنَّا لَا نُضِیْعُ اَجْرَ مَنْ اَحْسَنَ عَمَلًاۚ(۳۰) (پارہ : 15 ، سورۂ کَہْف ، آیت : 30)
ترجمہ : ہم اُن کا اجر ضائع نہیں کرتے جو اچھے عَمَل کرنے والے ہوں۔
ہم منصوبہ بنائیں ، ہم تدبیر کریں پھر کامیابی کے لئے جتنی محنت ضروری ہے ، اتنی محنت بھی کریں مگر نتیجہ اللہ پاک کے سپرد کر دیں ، اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم کہیں ، دِل سے یہ پختہ یقین رکھیں کہ میں محنت کر رہاہوں ، اس محنت کا نتیجہ اللہ پاک کے حوالے ہے۔ اللہ پاک نے چاہا تو کامیابی ہمارے قدم چومے گی۔
اِنْ شَآءَ اللہ کہنے کا قرآنی حکم
پارہ : 15 ، سورۂ کہف ، آیت : 23 اور 24 میں اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے :
وَ لَا تَقُوْلَنَّ لِشَایْءٍ اِنِّیْ فَاعِلٌ ذٰلِكَ غَدًاۙ(۲۳) اِلَّاۤ اَنْ یَّشَآءَ اللّٰهُ٘-
ترجمہ : اور ہر گز کسی چیز کے متعلق نہ کہنا کہ میں کل یہ کرنے والا ہُوں مگر یہ کہ اللہ چاہے