Book Name:Akhlaq-e-Mustafa Ki Jhalkiyan

اور حُسنِ اَخْلاق کی اہمیت واضح کرتے ہوئے ارشاد فرمایا : بُعِثْتُ لِاُتَمِّمَ حُسْنَ الْاَخْلَاقِ یعنی مجھے اَخْلاق کے حُسن و خوبی کو مکمل کرنے کے لئے ہی بھیجا گیا ہے۔ ([1])

ترے خُلْق کو حَقْ نے عظیم کہا           تر ی خِلْق کوحق نے جمیل کِیا

کوئی تُجھ سا ہوا ہے نہ ہوگا شَہا!           تِرے خالِقِ حُسن واَدا کی قسم([2])

شعر کی مختصر وضاحت : یارسول اللہ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم اللہ پاک نے آپ کی مُبارَک عادات و اطوار کو قرآنِ کریم میں عظیم فرمایا اور آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی ظاہری سراپا کو بھی اِنتہائی حُسن و جمال بخشا ، آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے حُسن اور پیاری پیاری اداؤں کو پیدا کرنے والے رَبّ کی قسم ! آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم جیسا حسین و جمیل نہ پہلے کبھی ہوا اور نہ آئندہ کبھی ہو سکتا ہے۔

آئیے!آج ہم اَخلاقِ مُصْطَفٰے کی چند ایمان افروز جھلکیاں سُننے کی سعادت حاصل کرتے ہیں اورنیّت کرتے ہیں کہ ہم بھی اپنے اَخلاق دُرست کرنے کی کوشش کریں گے۔ شیخِ طریقت ، امیرِ اہلسنّت دَامَتْ بَـرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ بارگاہِ مُصطفٰے میں اِستغاثہ پیش کرتے ہوئے عرض کرتے ہیں۔

مِرے اَخلاق اچھے ہوں مِرے سب کام اچھے    بنا دو مجھ کو تم پابندِ سُنّت یا رسول اللہ([3])

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                               صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد


 

 



[1]...مؤطا امام مالک ، جلد : 2 ، صفحہ : 404 ، حدیث : 1723۔

[2]...حدائق بخشش ، صفحہ : 80۔

[3]...وسائلِ بخشش ، صفحہ : 332۔