آپ کے تأثرات

ماہنامہ فیضان مدینہ دسمبر2021

علمائےکرام اور دیگر شخصیات کے تأثرات

(1)حضرت علامہ مولانا مفتی بدر عالم مصباحی : (جامعہ اشرفیہ مبارکپور اعظم گڑھ یو پی ، ہند ) : اس سے پہلے بھی “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کا تذکرہ سنا تھا لیکن آج پہلی بار یہ ماہنامہ زیِب نگاہ ہوا۔ میں نے ماہنامے کے عنوانات بھی دیکھے اور سرسری نگاہ  سے مضامین  کا مطالعہ بھی کیا۔ ما شآءَ اللہ! طبیعت باغ باغ ہو گئی ، بڑی خوشی اور مسرت ہوئی۔ جس طرح  دعوتِ اسلامی کا فیضان پوری دنیا میں عام ہورہا ہے ، اللہ  پاک ماہنامہ فیضانِ مدینہ  کو بھی ترقی و عروج عطا فرمائے۔

 میری طرف سے ماہنامہ فیضانِ مدینہ کی پوری ٹیم کو مبارک ہو۔ جشنِ ولادتِ مصطفیٰ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کے موقع پر آپ حضرات نے ایک بہترین گفٹ پیش کیا ہے۔ اللہ کریم شرفِ قبول عطا فرمائے اور آپ سبھی لوگوں کی عمر میں ، عمل میں اور علم میں برکتیں عطا فرمائے۔

میری طرف سے شیخِ طریقت ، امیرِ اہل سنّت کی  بارگاہ میں سلام پیش ہے اور دعا کی درخواست بھی ہے۔

(2)محمد صدّیق برکت(ایم فل اسکالر ، بلندپور میلسی ، پنجاب) : اَلحمدُلِلّٰہ کافی عرصے سے “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کا مطالعہ کررہا ہوں ، یہ بہت دلچسپ اور معلوماتی میگزین ہے ، اس میں مجھے جو بات سب سے زیادہ پسند آئی وہ یہ ہے کہ اس میں ہر واقعے یا بات کا حوالہ دیا جاتا ہے۔ اللہ پاک تمام لکھنے والوں کے علم و عمل میں برکتیں عطا فرمائے ، اٰمین۔

متفرق تأثرات

(3) “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کے کیا کہنے! جو علم کثیر کُتب تلاش کرنے سے نہیں ملتا وہ اس ماہنامہ سے مل جاتا ہے ، اللہ پاک اسے مزید ترقی عطا فرمائے ، اٰمین۔ (عبدالجبار ، کراچی)

(4)مجھے حاجی عبدالحبیب بھائی کا انٹرویو اچھا لگا ، نگرانِ شوریٰ حاجی عمران عطّاری کا بھی انٹرویو شائع کریں۔ (محمد آصف اکرم ، سرگودھا)

(5)مَاشَآءَاللہ  “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کا ہر ہر صفحہ قابلِ تعریف ہے ، اس ماہنامہ سے بڑوں کے ساتھ ساتھ چھوٹے بچّوں کو بھی بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔ اللہ پاک امیرِ اہلِ سنّت  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  کا سایہ ہمارے سروں پر تادیر قائم و دائم فرمائے اور دعوتِ اسلامی کو شاد و آباد رکھے ، اٰمین۔ (اعظم علی ، ڈگری ، سندھ)

(6)مشورہ : “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ میں “ یادِ مدینہ “ یا اس طرح کے عنوان سے ایک سلسلہ شروع کیا جائے جسے رکنِ شوریٰ حاجی عبدالحبیب عطّاری بھائی لکھیں۔ (بنتِ خالد ، سرولہ ، پنجاب)

 (7)ہم “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ بہت شوق سے پڑھتے ہیں اور ہم نے پہلے شمارے سے لے کر  اب تک  کے سارے شمارے پڑھے ہیں اور جمع بھی کر رکھے ہیں۔ مجھے  بچّوں کی کہانیاں بہت پسند ہیں۔ (مدنی منی ، ملتان)

(8)ویسے تو بڑی آسان اور عام فہم تحریر ہو تی ہے  مگر کئی جگہوں  پر  بڑی ثقیل تحریر بھی ہوتی ہے ، پھر لغت کا سہارا لینا پڑتا ہے۔ جیسے مجھے ایام ِ نحر کا پتا نہیں تھا ، Confusionہوتی ہے۔ جو مشکل الفاظ ہوں ان کے معانی بھی ساتھ ہی بریکیٹ میں لکھ دئیے جائیں تو اچھا ہے۔ (اسکول ٹیچر ، گورنمنٹ ہائی سیکنڈری اسکول ، بورے والا)


Share