تذکرۂ صالحات

حضرت سَہلہ بنتِ سُہیل رضی اللہُ عنہما

* مولانا ابرار اختر القادری

ماہنامہ فیضان مدینہ دسمبر2021

حضرت سَہلہ بنْتِ سُہیل  رضی اللہ عنہا  کا شمار ان ذی قدر صحابیات میں ہوتا ہے جنہیں اپنی ذاتی شرافت و دیانت داری کے علاوہ حسب و نسب کے اعتبار سے بھی قُریش میں ایک مقام حاصل تھا ، آپ  عامر بن لُوَی کی اولاد میں سے تھیں ، آپ کی والدہ کا نام فاطمہ بنْتِ عبد العُزّی تھا جوکہ صحابیہ تھیں ، آپ  رضی اللہ عنہا  وہ خوش نصیب خاتون ہیں جنہوں نے ابتدا ہی میں اسلام قبول کر لیا تھا۔ [1]

 آپ کے شوہر حضرت ابو حذیفہ  رضی اللہُ عنہ  بھی سابقُ الاسلام صحابہ میں سے تھے جنہیں صرف 43 صحابۂ کرام کے بعد ہی شرفِ اسلام مل چکا تھا۔ [2]

حضرت سہلہ اور آپ کے شوہر حضرت ابو حذیفہ  رضی اللہُ عنہما  اسلام کی خاطر اپنا گھر بار چھوڑ کر حبشہ کی طرف ہجرت کرنے والے مہاجرینِ اولین کے قافلے میں شامل تھے ، حبشہ ہی میں آپ کے بیٹے محمد بن ابو حُذَیفہ پیدا ہوئے۔ [3]

اس ہجرت میں آپ کی بہن حضرت اُمِّ کلثوم اور بھائی حضرت عبدُ اللہ  رضی اللہُ عنہما  بھی شریک تھے ، پھر جب کفّارِ مکّہ کے غلط پروپیگنڈے کی وجہ سے مہاجرینِ حبشہ واپس لوٹے تو آپ بھی واپس آ گئیں اور اس کے بعد دوبارہ ہجرتِ مدینہ کی سعادت بھی پائی۔ [4]

کتبِ سیرت میں حضرت سَہلہ بنْتِ سُہیل  رضی اللہ عنہا  کے مذکور حالاتِ زندگی سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ حضورِ اکرم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  بھی آپ کی تکریم اور آپ پر شفقت فرماتے تھے ، بعض اہم معاملات میں اعذار پیش آنے کے باعث جن خوش نصیبوں کو رسولِ کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے خصوصی رعایتوں سے نوازا ان میں سے آپ بھی ہیں ، چنانچہ

 ایک بار حضرت سَہلہ  رضی اللہ عنہا  کو ایک عارضہ لاحق ہوا تو اس کی وجہ سے آپ نے بارگاہِ رسالت میں حاضر ہوکر نمازوں کے لئے طہارت کا مسئلہ دریافت کیا ، آپ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے پہلے پہل تو ہر نماز کے لئے علیحدہ غسل کرنے کا حکم دیا مگر جب ان کو اس میں دشواری کا سامنا ہوا تو رسول ُ اللہ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے اس معاملے میں نرمی برتتے ہوئے انہیں رخصت عنایت فرمادی۔ [5]

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* شعبہ فیضان صحابیات و صالحات ، المدینۃ العلمیہ (اسلامک ریسرچ سینٹر) کراچی



[1] اسد الغابہ ، 7 / 169ملخصاً

[2] الاصابہ ، 7 / 74 ماخوذاً

[3] الروض الانف ، 2 / 91 ماخوذاً

[4] سبل الہدی والرشاد ، 2 / 363تا369 ملتقطاً

[5] ابوداؤد ، 2 / 278 ماخوذاً


Share

Articles

Comments


Security Code