دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

* مولانا محمد عمرفیاض عطاری مدنی

ماہنامہ فیضان مدینہ دسمبر2021

دعوتِ اسلامی کی جانب سے یومِ تحفظِ عقیدۂ ختمِ نبوت مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

عقیدۂ ختمِ نبوت دین کی اساس و بنیاد ہے ، مفتی قاسم قادری

 “ 7ستمبر “ کو عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کی جانب سے یومِ تحفظِ عقیدۂ ختمِ نبوت نہایت ہی مذہبی جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں سب سے پہلے بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  نے عشقِ رسول سے لبریز دلنشین نعرے لکھ کر عُشّاقانِ رسول کو محبتِ رسول کا جام پلایا اور پھر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں تمام تاجروں اور دکانداروں سے اپیل کی کہ 7 ستمبر یومِ تحفظِ  عقیدۂ ختمِ نبوت کی مناسبت سے اپنی دکانوں پر 7فیصد ڈسکاؤنٹ دیں۔ اس پیغام کے ملتے ہی بہت سارے تاجروں نے لبیک کہا اور اپنی دکانوں کے آگے 7فیصد ڈسکاؤنٹ کے پینافلیکس آویزاں کردیئے۔ عقیدۂ ختمِ نبوت کی اہمیت کو اُجاگر کرنے کے لئے صبح 10 بجے جامعۃُ المدینہ فیضانِ مدینہ عالمی مدنی مرکز کراچی میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں استاذُ الحدیث مولانا محمد حسّان عطاری مدنی نے “ عقیدۂ ختم ِ نبوت “ کے عنوان پر خصوصی بیان فرمایا جسے مدنی چینل پر براہِ راست نشر بھی کیا گیا۔ سینکڑوں طلبہ نے فیضانِ مدینہ میں جبکہ ہزاروں طلبہ نے اپنے اپنے جامعاتُ المدینہ میں بذریعہ مدنی چینل اس تقریب میں شرکت کی۔ اس کے علاوہ رات 9بجے مدنی چینل پر خصوصی پروگرام بنام “ آخری نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  “ کے عنوان سے نشر کیا گیا جس میں شیخُ الحدیث و التفسیر مفتی محمد قاسم قادری ، نگرانِ مرکزی مجلسِ شوریٰ مولانا حاجی عمران عطّاری ، ترجمانِ دعوتِ اسلامی مولانا حاجی عبدُالحبیب عطّاری اور مولانا حافظ اشفاق عطّاری مدنی نے شرکت کی۔ پروگرام میں بات کرتے ہوئے مفتی محمد قاسم صاحب کا کہنا تھا کہ ختمِ نبوت کا عقیدہ قراٰن کی کئی آیات سے ثابت ہے اور اس کا منکر کافر ہے۔ خود جن احادیث میں حضور تاجدارِ ختمِ نبوت  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے اپنے آخری نبی ہونے کا واضح بیان فرمایا ان کی تعداد تین سو سے زائد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عقیدۂ ختمِ نبوت دین کی اساس و بنیاد ہے ، جس طرح آنحضرت  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کو نبی ماننا لازمی ہےاسی طرح ان کو آخری نبی ماننا بھی لازمی ہے۔ حاجی عبدالحبیب عطّاری نے مدنی چینل کے ناظرین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ والدین کی یہ اہم ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچّوں کو جس طرح کلمہ ، نماز ، سچ ، اچھائی ، برائی وغیرہ کے بارے میں بتاتے ہیں اسی طرح ختمِ نبوت کے بارے میں بھی اپنے بچّوں کو خوب اچھی طرح عقائد بتائیں تاکہ ان بچّوں کا عقیدہ مضبوط اور محفوظ ہوجائے۔

رکنِ شوریٰ حاجی شاہد عطّاری مدنی کا

ادارۂ تحقیقاتِ امام احمد رضا(  رجسٹرڈ )کراچی کا دورہ

پروفیسر ڈاکٹر مجید اللہ قادری صاحب

اور ادارے کے دیگر اراکین سے ملاقات

11 ستمبر 2021ء بروز ہفتہ دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن مولانا حاجی ابوماجد محمد شاہد عطّاری مدنی نے المدینۃُ العلمیہ (اسلامک ریسرچ سینٹر) کے چند علمائے کرام کے ہمراہ ادارۂ تحقیقاتِ امام احمد رضا رجسٹرڈ کراچی کا دورہ کیا ، جہاں ادارے میں پروفیسر ڈاکٹر مجید اللہ قادری صاحب (صدر ادارہ تحقیقات امام احمد رضا رجسٹرڈ پاکستان و مدیر ماہنامہ معارفِ رضا کراچی) ، علامہ مفتی سید زاہد سراج القادری صاحب (جنرل سیکریٹری و نائب مدیر معارف رضا کراچی) ، علامہ محمد ندیم اختر القادری صاحب (نائب صدر) ، ڈاکٹر اقبال احمد اخترالقادری (معتمد دفتر و معاون مدیر معارف رضا کراچی) ، صوفی محمد مقصود حسین قادری نوشاہی اویسی (ایگزیکٹو ممبر)اور دیگر اراکینِ ادارہ سے ملاقات کی۔ دورانِ ملاقات رکنِ شوریٰ نے دعوتِ اسلامی کے اسلامک ریسرچ سینٹر “ المدینۃ العلمیہ “ کا تعارف پیش کیا جبکہ شعبہ کتبِ اعلیٰ حضرت کے ذمہ دار مولانا کاشف سلیم عطّاری مدنی نے بریفنگ دیتے ہوئے شعبہ کتبِ اعلیٰ حضرت میں اب تک جو کتابیں لکھی جاچکی ہیں ، جن پر کام جاری ہے اور جن پر کام ہونا اہداف میں شامل ہے ، ان سب کے متعلق آگاہی فراہم کی۔ اس موقع پر مولانا احمد رضا گھانچی بھی موجود تھے جنہوں نے شعبہ مکتبۃ المدینۃ العربیۃ اور شعبہ دارالتراث العلمی کا تعارف کرواتے ہوئے بیروت سے شائع ہونے والی اعلیٰ حضرت کی 9 کتابوں کا تعارف پیش کیا ، یہ 9 کتابیں ادارہ تحقیقاتِ امام احمد رضا کو تحفےمیں پیش بھی کی گئیں۔ وفد کی جانب سے بریفنگ دیئے جانے کے بعد ادارے کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مجید اللہ قادری صاحب نے بھی اپنے ادارے کے موجودہ اور مستقبل کے پروجیکٹس کے بارے میں آگاہ فرمایا۔ اختتام پر مفتی سید زاہد سراج القادری صاحب نے دعا فرمائی۔

ملک بھر میں کئی مقامات پر تقسیم اسناد اجتماعات

رواں سال جامعات المدینہ سے 2613 طلبہ و طالبات نے

درس نظامی (عالم کورس) مکمل کیا

دعوتِ اسلامی کے تحت قائم جامعاتُ المدینہ میں مفت درس نظامی (یعنی عالم کورس) کرایا جاتاہے جہاں سے ہر سال بڑی تعداد میں اسلامی بھائی اور اسلامی بہنیں درسِ نظامی مکمل کرنے کی سعادت حاصل کرتے  ہیں۔ رواں سال 2021ء میں جامعاتُ المدینہ بوائز سے 1040طلبۂ کرام نے جبکہ جامعاتُ المدینہ گرلز سے 1573 طالبات نے عالمہ کورس اور 1010 طالبات نے فیضان شریعت کورس مکمل کیا ہے۔

تقسیمِ اسناد کے سلسلہ میں کئی مقامات پر دستار فضیلت اجتماع کا انعقاد کیا گیا جہاں درسِ نظامی کی تکمیل کرنے والے طلبۂ کرام کے درمیان اسناد تقسیم کی گئی اور اساتذہ ٔکرام نے فارغُ التحصیل ہونے والے طلبہ کے سر پر دستار سجائی۔ اسی طرح درسِ نظامی اور فیضانِ شریعت کورس کی تکمیل کرنے والی طالبات کے لئے عرسِ اُمِّ عطّار کے موقع پر 25 ستمبر 2021ء کو کراچی میں اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں بنتِ عطّار سلمہا الغفار نے خصوصی شرکت فرمائی اور طالبات کی ردا پوشی کی۔

بیروت و دیگر عرب ممالک سے دعوتِ اسلامی کی 9اہم کتابیں شائع ہوکر پاکستان پہنچ گئیں

ان کتب میں امیرِ اہلِ سنّت کے رسائل کا عربی میں مجموعہ

اور دیگر عربی کتب شامل ہیں

اشاعتِ علمِ دین کے سلسلے میں دعوتِ اسلامی نے ایک شعبہ مکتبۃ المدینۃ العربیۃ قائم کیا ہے ۔ حال ہی میں اس کے ذیلی شعبہ جات میں ایک شعبے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کا نام “ دار التراث العلمی (للتحقیق والترجمۃ والطباعۃ والنشر کراتشی) “ رکھا گیاہے۔ اس شعبے کی جانب سے علمائے اہلِ سنّت پاک وہند کی مطبوع وغیر مطبوع عربی کتابوں کو جدید تحقیقی انداز واسلوب کے مطابق عرب ممالک سے شائع کروانے کا کام نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیا جارہا ہے۔ دارالتراث العلمی کے نگران مولانا احمدرضا گھانچی مدنی جو اس شعبے کے تمام انتظامی امور اورمالکان ِ عربی مطابع سے رابطے کے کام کو بڑی محنت اور جانفشانی سے سر انجام دیتے ہیں انہوں نے   مجلس ماہنامہ فیضانِ مدینہ کو بتایا کہ عرب ممالک سے دعوتِ اسلامی کی 9 کتابیں شائع ہوکر پاکستان پہنچ چکی ہیں جوکہ مکتبۃ المدینۃ العربیۃ کی برانچ پر ہدیۃً دستیاب ہیں۔ ان کتب میں (1)اَنْوارُ الْمَنّان فِی توحیدِ الْقُراٰن (2)اَلفَتاوی الْمُخْتارۃ مِن الْفَتاوی الرضویۃ (3)اَجلیٰ الاِعْلام اَنَّ الْفَتْوی مُطْلَقاً عَلیٰ قَوْلِ الْاِمام (4)مَجْموع رَسَائِل الشَّیخ اِلیاس العطّار (المجلد الاول) (5)نُوْرُالْاِیْضَاح مَعَ مَراقی الْفَلاح (بِالْحَاشِیَۃِ الْجَدِیْدۃ المُسَمَّاۃ بِاَلنُّور والضِّیاء مِن اِفَادَاتِ الْاِمَامِ اَحْمَدرَضَا) (6)اَلتَّعْلِیقَات الرَّضویۃ عَلی الْہِدَایَۃ وشُرُوحِہا (7)اَلتَّعْلِیقَات الرَّضویۃ عَلٰی تَقْریبِ التَّہْذِیب مکتبۃ دارالکتب العلمیہ بیروت سے جبکہ (8)دُرُوْسُ الْبَلَاغَۃ مکتبۃ دار الفجر القاہرۃ سے اور (9)اَلمُقدّمَۃ فِی اُصُوْلِ الْحَدِیْث لِلاِمام عَبْدالحق الدّہلوی مکتبۃ دار الریاحین بیروت سے شائع ہوکر پاکستان پہنچی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مکتبۃ المدینۃ العربیۃ پر ہوم ڈیلیوری کی سہولت بھی موجود ہے ، پورے پاکستان میں جہاں بھی آپ یہ کتب منگوانا چاہیں وہاں آپ کو بھیج دی جائیں گی جبکہ عالمی مدنی مرکزفیضانِ مدینہ کراچی میں قائم مکتبۃ المدینۃ العربیۃ کی برانچ میں صبح 9بجے سے شام سات بجے تک (علاوہ اتوار) تشریف لاکر بھی یہ کتب حاصل کی جاسکتی ہیں۔ مزید معلومات یا عربی مکتبے کی کتب کی فہرست حاصل کرنے کے لئے اس نمبر پر رابطہ کیجئے : 03102864568

ممباسا میں قائم مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں شیخ سعید علی حسن شافعی حفظہ اللہ کی آمد

مدنی مرکز کا وزٹ کیا اور امیرِ اہلِ سنّت کو خراجِ تحسین پیش کیا

گزشتہ دنوں افریقی ملک کینیا کے شہر ممباسا میں قائم مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کنزُالایمان میں مولانا شیخ سعید علی حسن شافعی حفظہ اللہ کی آمد ہوئی جہاں ناظمین ، اساتذۂ کرام ، طلبۂ کرام اور دیگر ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی نے اُن کا استقبال کیا۔ اس موقع پر شیخ صاحب نے مرکز کا دورہ کیا اور دعوتِ اسلامی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے دعوتِ اسلامی کے ساتھ اپنے تعاون کی مکمل یقین دہانی کروائی۔ شیخ سعید علی حسن شافعی صاحب کا کہنا تھا کہ ہمارے شیخ ، ہمارے بہت پیارے ، ہمارے دلوں کی راحت ، مبلغِ اسلام ، شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی ضیائی  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  نےعاشقانِ رسول کی تحریک دعوتِ اسلامی کا قیام لوگوں کو اللہ کی راہ کی طرف بلانے اور انہیں گمراہی کے اندھیرےسے نکال کر علم کی روشنی کی طرف لانے کے لئے کیا۔ دعوتِ اسلامی کے امیرایک مخلص شخصیت ہیں جو کہ قول وفعل اور حرکات و سکنات میں اخلاص کے ساتھ دین کا کام کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے مزید فرمایا کہ میں ان تمام کاموں پر شیخِ طریقت امیرِ اہلِ سنّت  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  کو مبارک باد پیش کرتا ہو ں اور اُن کے لئے دعا گو ہوں کہ اللہ پاک ان کی تمام کوششوں کو قبول فرمائے۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، ذمہ دار شعبہ دعوت اسلامی کے شب و روز ، کراچی


Share