آؤ بچو حدیث رسول سنتے ہیں

بچے اور علمِ دین

*  مولانامحمد جاوید عطاری مدنی

ماہنامہ فیضان مدینہ دسمبر2021

ہمارے پیارے اور آخری نبی حضرت محمد مصطفےٰ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے فرمایا : طَلَبُ الْعِلْمِ فَرِيضَةٌ عَلَى كُلِّ مُسْلِم یعنی  علم حاصل کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے ۔  (ابن ماجہ ، 1 / 146 ، حدیث : 224)

پیارےبچّو!یہاں علم سے مراد علم ِدین ہے۔ علم نور ہے ، علم ہدایت اور راہنمائی کا ذریعہ ہے ، علم کے ذریعے انسان دین و دنیا میں ترقی کرتا ہے۔ امام شافعی  رحمۃُ اللہِ علیہ  نے فرمایا : علم حاصل کرنا نفل نماز پڑھنے سے افضل ہے۔ ( مسند الامام الشافعی ، ص 249 )

تو بچّوں کو بھی چاہئے کہ وہ دینی معلومات حاصل کرتے رہیں ، کیونکہ بعض بچّوں کو وضو صحیح سے نہیں کرنا آتا ، اسی طرح نماز میں بھی غلطیاں کرتے ہیں ، نماز میں ہاتھ کس طرح اُٹھانے ہیں؟ ہاتھ کہاں باندھنے ہیں ؟ نظریں کہاں رکھنی ہیں؟ والدین ، استاداور اپنے بڑے بھائی بہنوں کا ادب و احترام کیسے کرنا ہے؟ وغیرہ وغیرہ

اچّھے بچّو! یہ سب علم کی باتیں ہیں جو ہمیں بھی سیکھنی چاہئیں ، وضو ، نماز اور دیگر معاملات کے متعلق اپنے امّی ابّو ، اور ٹیچر (اگر یہ شرعی مسائل اچھی طرح جانتے ہوں ، ان) سے معلومات لیتے رہیں تو اِن شآءَ اللہ ہمیں بہت سارا علمِ دین حاصل ہو سکتاہے یوں ہم بھی علم کی برکات پانے میں کامیاب ہو سکتے ہیں ۔

اللہ پاک ہمیں علمِ دین حاصل کرنے کی توفیق عطافرمائے ۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*  فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، ماہنامہ فیضان مدینہ  کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code