دعوت اسلامی
اعتکاف اور دعوت اسلامی
ماہنامہ شعبان المعظم 1439
اعتِکاف کی فضیلت اعتکاف بہت ہی قدیم اور انتہائی اَہمیّت کی حامل عبادت ہے۔ اس کی اَہمیّت کا اندازہ ااس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ایک مرتبہ پیارے آقا ، مدینے والے مصطَفٰے صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے رَمَضان پاک کاپورامہینا اعتِکاف فرمایاہے اور آخِری دس دن کابَہت زیادہ اہتِمام تھا یہاں تک کہ ایک بار کسی خاص عُذْرکے تَحت “ آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم رَمَضانُ الْمبارَک میں اعتِکاف نہ کرسکے توشَوّالُ الْمکرَّم کے آخِری عَشرہ میں اعتِکاف فرمایا۔ “ (بخاری ، 1 / 671 ، حدیث : 2031 ) ایک مرتبہ سفرکی وَجہ سے آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا اعتِکاف رہ گیاتواگلے رَمَضان شریف میں بیس دن کااعتِکاف فرمایا۔ (ترمذی ، 2 / 212 ، حدیث : 803)
دعوتِ اسلامی اور سنّتِ اعتکاف میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! رَمَضانُ الْمبارک میں لاکھوں لاکھ مسلمان اعتکاف کی سنّت پر عمل پیرا ہوتے ہیں۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول میں بھی اس سنّت کی ادائیگی بڑے اہتمام سے ہوتی ہے جو اپنی مثال آپ ہے۔ دعوتِ اسلامی میں اجتماعی اعتکاف کرنے کے کیا کہنے! اس میں نمازِ پنجگانہ کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ تَحِیَّۃُّ الْوُضُو ، تَحِیَّۃُّ الْمَسْجِد ، تَہَجُّد ، اِشراق ، چاشت ، اَوَّابِین ، صلوٰۃُ التّوبہ اور صلوٰۃُ التَّسبیح کی بھی سعادت حاصل ہو گی ، علمِ دین ، وضو ، غسل ، نماز اور دیگر ضَروری احکام سیکھنے نیز سنتیں اور دعائیں بھی یاد کرنے کا موقع ملے گا ، زَبان اورپیٹ کا قفلِ مدینہ لگانے اور اکثر اوقات باوضو رہنے کی عادت بنے گی۔ دل میں خُشوع و خُضوع پیدا ہو گا الغرض اعتکاف میں ایک ایک لمحہ عبادت میں گزرے گا اور اللہ عَزَّوَجَلَّ کی رضاو خوشنودی حاصل ہو گی۔ رِقَّت انگیز دُعائے اِفطار میں شرکت نیز نمازِ عصر اور تراویح کے بعد شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے مدنی مذاکروں میں شرکت کی سعادت حاصل ہو گی جس میں اسلامی بھائی شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ سے مختلف موضوعات مثلاً عقائد و اعمال ، فضائل و مناقِب ، شریعت و طریقت ، تاریخ و سیرت اور دیگر موضوعات سے متعلق سوالات کرتے ہیں اور آپ دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ انہیں عشقِ رسول میں ڈوبے ہوئے حکمت آموز جوابات سے نوازتے ہیں۔
رمضان المبارک 1438ھ (2017ء) کا اجتماعی اعتکاف اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ! دعوتِ اسلامی کے تحت ہر سال کی طرح سال 1438ھ (2017ء) میں بھی ملک و بیرونِ ملک سینکڑوں مقامات پر پورے ماہ اورآخری عشرے کا اجتماعی اعتکاف ہوا ، جس میں ہزاروں عاشقانِ رسول کی شرکت رہی۔ ( تفصیل “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ ذیقعدۃ الحرام 1438ھ ، اگست2017ء میں دیکھی جاسکتی ہے)
اعتِکاف کے فضائل و مسائل تفصیل کے ساتھ جاننے کے لئے امیرِ اہلِ سنّت حضرت علامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّار قادری دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی کتاب “ فیضانِ رَمَضان “ پڑھئے۔
عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ (باب المدینہ کراچی) میں اعتکاف کرنے کے خواہش مند اسلامی بھائی ، مجلسِ اعتکاف کے اس ای میل ایڈریس پر رابطہ کریں۔
Comments