امیرِ اہلِ سنت کا پیغامِ تعزیت
خلیفۂ مفتیٔ اعظم ہند،شیخ الحدیث حضرت علامہ مولانا سیّد مراتب علی شاہ چشتی رضوی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ(آستانہ عالیہ سلہو کے شریف تحصیل وزیرآبا دضلع گوجرانوالہ پنجاب)کے وصالِِ پُر ملال پرلواحقین ومریدین سے اپنے صُوری پیغام(Video Message) کے ذریعےتعزیت کرتے ہوئےارشاد فرمایا:
نَحْمَدُہٗ وَ نُصَلِّیْ وَ نُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیم!
حضور مفتیٔ اعظم ہند حضرت مولانامصطفیٰ رضا خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الْمَنَّاناور شیخ الاسلام حضرت خواجہ قمر الدین سیالوی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی کے خلیفۂ مجاز اور محدثِ اعظم پاکستان حضرت مولانا سردار احمد صاحب رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کے شاگردِ رشید استاذُالعلماء حضرت علامہ پیر سیِّد مراتب علی شاہ صاحب کچھ وقت علیل رہنے کے بعد 16 اگست 2016ء کو بروز منگل 89 سال کی عمر پا کر وصال فرما گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رٰجِعُوْن
میں حضرت مرحوم کے جملہ لواحقین اور پسماندگان، معتقدین،متوسلین،مریدین اور تلامذہ سے تعزیت کرتا ہوں۔ یااللہ!پیارے حبیب صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا واسطہ! حضرت قبلہ مرحوم کو غریقِ رحمت فرما۔یااللہ! مرحوم کی قبر کو خواب گاہِ بہشت بنا۔یااللہ! مرحوم کی قبر پر رحمت و رضوان کے پھولوں کی بارش فرما۔یااللہ! مرحوم کی قبر کو ان کے نانا جان ،رحمتِ عالمیان صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے نور سے روشن فرما۔پروردگار! حضرت مرحوم کو بے حساب بخش کر جنّتُ الفردوس میں ان کے نانا جان صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا پڑوس نصیب فرما۔ یااللہ! ان کے لواحقین، پسماندگان، تلامذہ، مریدین،متوسلین،اہلِ خاندان سبھی کو صبرِ جمیل اور صبرِ جمیل پر اجزِ جزیل مرحمت فرما۔مرحوم کے درجات بلند فرما۔ یااللہ!امتِ محبوب کی مغفرت فرما۔یا اللہ! مرحوم کی دینی خدمات قبول فرما۔
اٰمین بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
صَلُّوْاعَلَی الْحَبِیْبْ! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
امیرِ اہلِ سنت کا پیغامِ تعزیت
شیخِ طریقت،امیرِاہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہنے اپنے ایک صُوری پیغام (Video Message) کے ذریعے صاحبِ فتاویٰ نوریہ، فقیہِ اعظم حضرت مولانا ابوالخیر محمد نُوراللہ نعیمی قادری رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہکی شہزادی کے روڈ ایکسیڈنٹ میں انتقال کرجانے پر لواحقین سے اپنے صُوری پیغام (Video Message) کے ذریعےتعزیت کرتےہوئےارشاد فرمایا:
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّی عَلٰی رَسُوْلِہٖ الْکَرِیْمِ !
سگِ مدینہ محمد الیاس عطار قادری رضوی عُفِی عَنْہ کی جانب سے حضرت مولانا صاحبزادہ پیر فیض المصطفیٰ اشرفی نوری آستانہ ٔعالیہ اُنتالی شریف ضلع پاک پتن شریف(پنجاب)،حضرت مولانا صاحبزادہ فیض الکریم نوری صاحب، حضرت مولانا صاحبزادہ فیض الحسیب نوری،حضرت مولانا صاحبزادہ فیض النعیم نوری۔
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللہِ وَبَرَکَاتُہ!
دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی رفیق رفیع العطاری نے کسی کے ذریعےمجھ تک یہ پیغام بھیجا کہ صاحبِ فتاویٰ نوریہ فقیہ اعظم حضرت علامہ مولانا مفتی ابوالخیر محمد نُوراللہ نعیمی قادری عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی کی شہزادی اور جانشینِ فقیہ اعظم صاحبزادہ مفتی محمد مُحِبُّ اللہ نوری، مہتمم دارالعلوم حنفیہ فریدیہ بصیر پور شریف ضلع اوکاڑہ کی بہن صاحبہ یکم اگست بروز پیر شریف کو کار کے حادثے میں انتقال فرما گئیں ۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رٰجِعُوْن ۔بتایا گیا کہ مرحومہ اُس وقت باوضو تھیں اوردرودِپاک کاوردزبان پرجاری تھا۔
یااللہ! پیارے حبیب صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا واسطہ! مرحومہ کو غریقِ رحمت فرما، پروردگار! مرحومہ کے جملہ صغیرہ کبیرہ گناہ معاف فرما، یااللہ !مرحومہ کی قبر پر رحمت و رضوان کے پھولوں کی بارش فرما۔ پروردگار! مرحومہ کی قبر کو خوابگاہِ بہشت بنا۔ ربِّ رحیم و کریم !مرحومہ کی بے حساب مغفرت فرما کر انہیں جنت الفردوس میں خاتونِ جنت بی بی فاطمہ زہراء رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا کا پڑوس نصیب فرما۔اِلٰہَ الْعٰلَمِیْن!مرحومہ کے جملہ لواحقین اور پسماندگان کو صبرِجمیل اور صبر ِجمیل پر اجرِ جزیل مرحمت فرما۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِ الْاَمِیْن صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ
صَلُّوْاعَلَی الْحَبِیْبْ! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
(بروز پیر شریف08.08.2016 )
امیرِ اہل سنت کا پیغامِ تعزیت
حضرت مولانا عبدالمجید نوری صاحب قبلہ دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے صاحبزادےمحمد صالح ساؤتھ افریقہ میں انتقال فرما گئے۔ شیخِ طریقت،امیرِاہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے ایک صوری پیغام کے ذریعے ان سے تعزیت کرتےہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت فرمائی اور ارشاد فرمایا:
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّی عَلٰی رَسُوْلِہٖ الْکَرِیْمِ !
سگِ مدینہ محمد الیاس عطار قادری رضوی عُفِی عَنْہ کی جانب سے محسنِ دعوت اسلامی حضرت مولانا عبدالمجید نوری صاحب اَطَالَ اللہُ عمرَہ صوفی نگر (ڈربن)ساؤتھ افریقہ
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللہِ وَبَرَکَاتُہ!
حاجی عمران نگرانِ شوریٰ نے خبرِغم اثر مجھے دی کہ آپ کے جواں سال شہزادے یعنی تبریز کے بھائی محمد صالح انتقال فرما گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رٰجِعُوْن
یا اللہ! پیارے حبیب صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا واسطہ، مرحوم محمد صالح کو غریقِ رحمت فرما۔اے اللہ! ان کے جملہ صغیر ہ کبیرہ گناہ معاف فرما۔ پروردگار! ان کی قبر کو خوابگاہِ بہشت بنا، ان کی قبر پر رحمت ورضوان کے پھولوں کی بارشیں فرما۔ اے اللہ! ان کی قبر کو جنت کا باغ بنادے، یااللہ! ان کی قبر جلوۂ محبوب صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم سےآباد ہوجائے، یااللہ!ان کی قبر نورِ مصطفیٰ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم سے روشن ہو۔یااللہ! مرحوم محمد صالح بے حساب بخشے جائیں، تیرے حبیب صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا پڑوس پائیں۔یااللہ! ان کے والد محترم جن کو بڑھاپے میں یہ جوان بیٹے کی وفات کا زخم ملا ان کو، تبریز بھائی کو اور سب گھر والوں کو صبرِجمیل اور صبر جمیل پر اجرِ جزیل مرحمت فرما۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِ الْاَمِیْن صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ
صَلُّوْاعَلَی الْحَبِیْبْ! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
تبریز!آپ نے کوشش کرکے صوفی نگر ڈربن میں ایک ماہ کا مدنی قافلہ تیار کرنا ہے ، آپ نے بھی اس میں سفر کرنا ہے، اِنْ شَآءَ اللہعَزَّ وَجَلَّ ، محمد صالح کے ایصالِ ثواب کے لیے سفر کریں، کوشش کریں۔آپ مَاشَاءَ اللہ کافی متحرک (Active) ہیں، اَلْحَمْدُلِلّٰہ، ہمت کریں۔میرا حسنِ ظن ہےکہ ایک ماہ کے مدنی قافلے کے لیے والدصاحب سے اجازت مل ہی جائے گی بلکہ ہوسکتاہے کہ وہ بولیں کہ ایک ماہ کیوں؟ بارہ ماہ سفر کرو ۔ آپ کے والدصاحب کا تو میں نے ایساانداز دیکھا ہے ، دعوت اسلامی کی محبت ان کی نس نس میں اتری ہوئی ہے، اَلْحَمْدُلِلّٰہ یوں کہئے کہ دعوت اسلامی پرجان و دل سے فدا ہیں، اللہ تعالٰیآپ کے والدصاحب کو استقامت دے، محبت کا صلہ دےبلکہ سب کو صلہ دے۔ آپ کا گھرانا مرحبا، اللہ تعالٰی آپ کے گھر والوں کو شاد و آباد رکھے، سب کو بے حساب بخشے، دونوں جہان کی بھلائیاں ہم سب کا مقدر ہو، مجھ گنہگاروں کے سردار کے حق میں بھی یہ دعائیں مستجاب ہوں، ہمارے جواسلامی بھائی یہاں جمع ہیں ان کے حق میں بھی قبول ہوں۔
صَلُّوْاعَلَی الْحَبِیْبْ! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
مزید تبریز! بارہ ہزار پاکستانی روپےکے رسائل انگلش یا وہاں کی مقامی زبان میں خرید کر صالح کے ایصالِ ثواب کے لیے تقسیم کریں ۔ کچھ رقم والدصاحب سے لے لیں، گھر کے کسی اورفردسےسے لے لیں، اپنے پلے سے ڈال دیں۔ آپ کو،اللہ عَزَّ وَجَلَّ اور برکت دے۔
صَلُّوْاعَلَی الْحَبِیْبْ! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
(بروز جمعرات 21.07.2016)
Comments