(1)مرکزی مجلس ِ شوریٰ کا مدنی مشورہ :
گزشتہ دنوں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلس ِ شوریٰ اور پاکستان انتظامی کابینہ کا مدنی مشورہ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں ہو ا ۔ اس دوران شیخ ِ طریقت امیرِ اہلسنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہبھی مدنی مشورے میں تشریف لائے اور شرکائے مدنی مشورہ کو مدنی پھولوں سے نوازا۔ان میں سے چند مدنی پھول یہ ہیں :
٭جب کسی کا تحریر ی (Text)،صوتی (Voice)یا صوری (Video)پیغام (Message) آئے تو جلد جواب کی کوشش کیا کریں کیونکہ جتنی جلدی جواب جائے گا اتنی دل جوئی زیادہ ہوگی ۔٭صوری پیغام سنتے ہی جواب دے دیں گے تو وقت بھی کم لگے گا کیونکہ بعد میں جواب دینے کے لیے دوبارہ سننا پڑے گا ۔ سلام کرنے اور مبارکباد دینے میں پہل کی عادت بنائیں ۔ ٭میرے طرف سے جو تحریری یا صوتی پیغام جائے تو اس میں جو ترغیب دلائی جائے اس کی پوچھ گچھ(Follow-up) کیا کریں جس کو پیغام کیا ہو اس کا جواب (Reply) مجھ تک پہنچایا کریں۔٭تمام اسلامی بھائی اگر چہ وہ دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول سے منسلک ہوں یا نہ ہوں ان کی خوشی غمی میں حصہ لیا کریں بالخصوص غمی میں عیادت و تعزیت کرنے میں کوتاہی نہ کیاکریں ۔سُکھ میں میں حصہ نہیں لیں گے تو اتنا برا نہیں لگے لیکن دکھ میں حصہ نہیں لیں گے تو بہت برا لگے گا۔٭اللہ تعالی نے آپ کو دعوتِ اسلامی کی برکت سے عزّت دی ہے ، لوگوں کا آپ کی جانب رجوع اور توقعات بھی وابستہ ہیں ، اس لیے آپ کو ان کی توقعات پر پورا اترنا ہوگا۔ ٭ مدنی کام قضا نہ کیا کریں کیونکہ جو کام ایک دفعہ چھوٹ جائے گا دوبارہ کرنے میں مشکل ہوتی ہے۔٭صوتی پیغام ((Voice Message ریکارڈ کرنے کا طریقہ : پنکھا /اے سی بند کردیں ، گاڑی میں سفر ہے تو شور نہ ہو ، الفاظ کی رفتار کم ہو، ماحول پُر سکون ہو ۔ جس سوراخ سے پیغام ریکارڈ ہوتا ہے اس کے قریب منہ کرکے حمد و صلٰوۃ پڑھیں اور اپنا نام لیں اور پھر اپنا مقصد مختصر الفاظ میں (To the point )ریکارڈکریں ۔ جس کے نام پیغام ہو ، اس کا نام القابات (مثلا حاجی ، حافظ وغیرہ ) کے ساتھ لیا جائے ٭کسی کے بارے میں کوئی بات بتانی ہو تو اس کا نام آہستہ رفتار میں لیں اور ضرورتاً تین مرتبہ لیں تو بہتر ہے ۔ مجھے کسی کے بارے میں تعزیت یا عیادت کے لیے کہا جاتا ہے مگر اس کا نام سمجھ نہیں آتا بعض اوقات باربار سننا پڑتا ہے ٭کتب اور بیانات کے اپنے اپنے فوائد ہیں البتہ کتابوں کے فوائد بیانات سے زیادہ ہیں ٭سوشل میڈیا(Social Media) استعمال کرنے کی وجہ سے مطالعہ ٔ کتب کم ہوگیا ہے بلکہ گھریلو کاموں میں بھی اثر بڑا ہے ۔ سوشل میڈیا کے فوائد بھی ہیں مگر نقصانات زیادہ ہیں ٭ہفتہ وار اجتماع میں نماز مغرب سے اشراق وچاشت و صلوۃ و سلام شرکت فرمایا کریں ۔ رات اعتکاف کو مضبوط کریں۔
(۲)پوتی کی بسم اللہ خوانی
جانشینِ امیرِ اہلسنّت، شہزادہ عطَّار،حضرت مولانا ابو اُسید، عُبید رضا عطَّار ی المدنی مدظلہ العالیکے گھر تقریبِِبِسْمِ اللہ کا اہتمام کیا گیا جس میں شیخ طریقت امیر اہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ اور شہزادہ عطَّار،حضرت مولانا حاجی ابو ہلال، محمد بلال رضا عطَّار ی المدنی مدظلہ العالی نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر امیر اہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہنے فرمایا:
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْم! آج میری پوتی حجّن اسما ء بائی کی تقریبِِ بِسْمِ اللہ منعقد کی ہے۔ ویسے تو اس کے لئے عمر کی کوئی قید نہیں ہے لیکن سرکارِ اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے فرمایا کہ مشائخ سے یہ ہے کہ چار سال چار ماہ چار دن کی عمر میں تقریبِِبِسْمِ اللہ خوانی کی جائے۔ حجن اسماء بائی کی عمر آج چار سال چار ماہ اور چار دن کی ہورہی ہے۔ سرکار ِ اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں:حضرت سیدنا بختیار کاکی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ چار سال چار ماہ چار دن کے جب ہوئے تو ان کی بِسْمِ اللہ خوانی کی تقریب منعقعد کی گئی۔حضرت خواجہ حمید الدین ناگوری رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے جب ان سے فرمایا کہ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم پڑھیں تو انہوں نے اَعُوْذُ بِاللہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْم بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمپڑھ کر پندرہ پارے قرآن کریم کے سنا دیئے۔خواجہ غریب نواز رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ بھی وہاں تشریف فرما تھے انہوں نے بھی اور آپ کے خلیفۂ مجازحضرت قاضی حمید الدین ناگوری رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہنے فرمایا کہ اور پڑھئے، تو انہوں نے فرمایا کہ میں جب اپنی ماں کے پیٹ میں تھا تو میری ماں پندرہ پارے کی حافظہ تھیں تو ان سے سُن سُن کر مجھے یہ پارے حفظ ہو گئے تھے۔
صَلُّوْاعَلَی الْحَبِیْبْ! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
اس کے بعد امیراہلسنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے اپنی پوتی اسماء بائی بنت حاجی بلال کو یہ الفاظ پڑھائے: بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم،مَاشَاءَ اللہ،سُبْحٰنَ اللہ۔پھر یہ دعابھی کی:اَلْحَمْدُلِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْن وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْن یا اللہ! پیارے حبیب صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا واسطہ! تیرے اس اسمِ پاک کا واسطہ! اسم ِ ذات کا واسطہ! ہم سب کی مغفرت فرما۔میری مدنی منّی قرآن کریم سے محبت کرنے والی ، علمِ دین سے محبت کرنے والی بنے، دعوت اسلامی کی باعمل مبلغہ بنے ، عالمہ بنے، مفتیہ بنے۔
اٰمین بجاہ النبی الامین صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
صَلُّوْاعَلَی الْحَبِیْبْ! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
(بروز جمعۃ المبارک 22.07.2016)
(۳)نواسی کی رخصتی نیز دعوتِ ولیمہ کا انعقاد
۱۶ ذوالقعدۃ الحرام ۱۴۳۷ھ مطابق 20اگست 2016ء بروز ہفتہ شیخِ طریقت ،امیرِ اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی نواسی کی تقریبِ رخصتی منعقد ہوئی اور اس سلسلے میں مدنی مذاکرہ بھی ہوا۔امیرِ اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ رخصتی کے بعد دولہا کے گھر تشریف لے گئے اور دولہا دلہن کو مدنی پھولوں سے نوازنے کے ساتھ ساتھ دعا بھی فرمائی۔مزید کرم نوازی فرماتے ہوئے اگلے دن دولہا کا ولیمہ بھی آپ نےخود اپنی طرف سے منعقد فرمایا۔
Comments