بڑوں کی عزت کیجئے

آؤ بچو حدیث رسول سنتے ہیں

بڑوں   کی عزت کیجیے

* مولانا محمد جاوید عطّاری مدنی

ماہنامہ اگست 2024

مکی مدنی آقا، حضرت محمد مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا:

لَيْسَ مِنَّا مَنْ لَمْ يَرْحَمْ صَغِيرَنَا وَيُوَقِّرْ كَبِيرَنَا

یعنی جو ہمارے چھوٹوں پر رحم نہ کرے اور ہمارے بڑوں کی عزت نہ کرے وہ ہم میں سے نہیں۔(ترمذی، 3/369، حدیث: 1926)

مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃُ اللہِ علیہ اس طرح کی احادیث کا مطلب بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں:ہماری جماعت سے یا ہمارے طریقہ والوں سے یا ہمارے پیاروں سے نہیں یا ہم اس سے بیزار ہیں وہ ہمارے مقبول لوگوں میں سے نہیں، یہ مطلب نہیں کہ وہ ہماری اُمت یا ہماری ملت سے نہیں۔(دیکھئے:مراٰ ۃ المناجیح ، 6/ 560)

پیارے بچو! ہمارا پیارا دین، دینِ اسلام ہماری ہر پہلو پر تربیت کرتا ہے اور معاشرے میں لوگوں کے ساتھ ہمارا انداز و رویہ کیسا ہونا چاہئے؟ اس بارے میں بھی ہماری راہنمائی کرتا ہے ۔ ہر انسان چاہتا ہے کہ  اس کے ساتھ اچھا سلوک کیا جائے اس کی عزت کی جائے، اسے اچھے الفاظ کے ساتھ پُکارا جائے وغیرہ وغیرہ۔ لہٰذا آپ کو بھی چاہئے کہ جو آپ سے علم یا عمر میں بڑ ے ہوں ان کی عزت کریں، اچھے انداز و الفاظ کے ساتھ ان کو پُکاریں اور ان کی بےادبی نہ کریں ۔ اور جو بچے عمر میں آپ سے چھوٹے ہیں حدیثِ پاک پر عمل کرتے ہوئے ان کے ساتھ شفقت اور پیار و محبت سے پیش آئیں، بلاوجہ ان کو ڈرانے، مارنے اور دھمکانے سے پرہیز کریں۔

اللہ پاک ہمیں احادیثِ مبارکہ پڑھ کر ان پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*(فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ، ماہنامہ فیضانِ مدینہ،کراچی)


Share