مدنی پھولوں کا مدنی گلدستہ

باتوں سے خوشبو آئے

عورتوں کی ہر بات ماننے کا نقصان

(1) ارشادِ سیدنا عمر فاروق اعظم رضی اللہ تعالٰی عنہ: اپنی عورتوں کو ”نہ“ سننے کا عادی بناؤکیونکہ ”ہاں“(یعنی ان کی ہر بات ماننا) انہیں بے باک بنادیتا ہے۔( الکواکب الدریۃ ،قسم اول،ج1،ص86)

دنیاوی راحتوں اور تکلیفوں کی حقیقت

(2) ارشادِ سیدنا علی المرتضیٰکَرَّمَ اللہ تعالٰی وجہَہُ الکریم: جس تکلیف کے بعد جنت ملنے والی ہو وہ تکلیف نہیں ہے اور جس راحت کاانجام دوزخ پرہو وہ راحت نہیں ہے۔(المستطرف،ج1،ص140)

اپنی رائے کو کافی سمجھنے والا

(3) ارشادِ سیدنا علی المرتضیٰ کَرَّمَ اللہ تعالٰی وجہَہُ الکریم :اپنی رائے کو کافی سمجھنے والا خطرے میں ہے۔(المستطرف،ج1،ص131)

سب سے بڑا سردار کون؟

(4) ارشادِ سیدنا امیرمعاویہ رضی اللہ تعالٰی عنہ:سب سے بڑا سردار وہ شخص ہے کہ جب اس سے کچھ مانگا جائے تو سب سے بڑھ کر سخاوت کرنے والا ہو،محافل میں حسنِ اخلاق کے اعتبار سے سب سے اچھا ہو اور اس کےساتھ براسلوک کیا جائے توحلم وبُردباری کامظاہرہ کرے۔(تاریخ ابنِ عساکر،ج 59،ص186)

موت کو پیشِ نظر رکھنے کا فائدہ

(5)ارشادِ سیدنا حسن بصریعلیہ رحمۃ اللہ القَوی: اگر تم موت اور اس کی آمد کو پیشِ نظر رکھو تو امید اور اس کے دھوکے کو بھول جاؤ۔ (المستطرف،ج1،ص127)

نصیحت گیلی مٹی کی طرح ہے

(6)ارشادِسیدنامحمد بن تمام علیہ رحمۃ اللہ السلام: نصیحت کی مثال گیلی مٹی کی سی ہے جسے دیوار پر لگایا جاتا ہے، اگر اس پر چپک جائے تو نفع دیتی ہے اور اگر گِر جائے تو بھی اپنا اثر چھوڑجاتی ہے۔ (المستطرف،ج1،ص139)

لوگوں کےاچھے گمان پر پورا اترنے کی کوشش کرو

(7) ارشادِ سیدنا احمد بن محمد علیہ رحمۃ اللہ الصَّمد: لوگوں کا تمہارے بارے میں خوفِ خدا سے ڈرنےیا رات میں عبادت کرنے کا گمان ہو تو ان کے حسنِ ظن پر پورے اترو۔ ایسے مت بننا کہ لوگ تمہیں نیک سمجھیں اور تمہارا معاملہ اس کے برعکس ہو کہ یہ نقصان و نِفاق ہے۔ (الکواکب الدریۃ ،ج2،ص34)

باکرامت ولی کا دیگر سے افضل ہونا ضروری نہیں

(8)ارشادِ سیّدنا محمدعبدالرءوف مُناوی علیہ رحمۃ اللہ الکافی: کسی ولی اللہ سے کرامت کاظاہر ہونا اس بات کی دلیل نہیں کہ وہ دیگر اولیاء سے افضل ہے۔(الکواکب الدریۃ، قسم اول،ج 1،ص21)

احمد رضا کا تازہ گُلستاں ہے آج بھی

جنازہ کے موقع پر نیک بندوں کی کیفیت

(1) سلف صالح کی حالت جنازہ میں یہ ہوتی کہ ناواقف کو نہ معلوم ہوتا کہ ان میں اہلِ میت کون ہے اور باقی ہمراہ کون، سب ایک سے مغموم و محزون (غمزدہ) نظر آتے اور اب حال یہ ہے کہ (لوگ )جنازے میں دنیاوی باتوں میں مشغول ہوتے ہیں، موت سے انہیں کوئی عبرت نہیں ہوتی، ان کے دل اس سے غافل ہیں کہ میّت پر کیا گزری! (فتاویٰ رضویہ،ج 9،ص145)

اسلام میں چُھوت کا تصور نہیں

(2)مسلمانوں کے مذہب میں چُھوت(بیماری اڑ کر لگنے کا تصور) نہیں۔ (فتاویٰ رضویہ ،ج21 ،ص622)

جھوٹی زبانی توبہ کرنے والے دھوکے باز

(3)بہت عَیّار(فریبی) اپنے بچاؤ اور مسلمانوں کو دھوکہ دینے کے لئے زبانی توبہ کرلیتے ہیں اور قلب میں وہی فساد بھرا ہوا (ہوتا) ہے۔ (فتاویٰ رضویہ ،ج21،ص 146)

گندگیوں کی ماں

(4)شراب حرام ہے اور سب نجاستوں گندگیوں کی ماں ہے۔ اس کےپینےوالےکودوزخ میں دوزخیوں کا جلتا لہو اور پیپ پلایاجائےگا۔ (فتاویٰ رضویہ،ج21 ،ص659)

مسلمان کے لئے بددعانہ کی جائے

(5)سُنّی مسلمان اگر کسی پر ظالم نہیں تو اُس کے لئے بددُعا نہ چاہئے بلکہ دعائے ہدایت کی جائے کہ جو گناہ کرتا ہے چھوڑ دے۔ (فتاویٰ رضویہ،ج23،ص182)

بے نمازی کسی کام کا نہیں

(6) (بے نمازی)ایسا مسلمان ہے جیسا تصویر کا گھوڑا ہے کہ شکل گھوڑے کی اور کام کچھ نہیں۔

(فتاویٰ رضویہ ،ج23،ص99)

مسجد بنانے کی فضیلت

(7)مسجد بنانا خیرِ کثیر ہے خصوصاًاگر وہاں مسجد کی حاجت ہوتو اس کے فضل (فضیلت)کی حد ہی نہیں (یعنی بہت ہی فضیلت کا کام ہے)۔ (فتاویٰ رضویہ ،ج23،ص396،ملتقطاً)

عطار کا چمن، کتنا پیارا چمن

مُعَاشَرے میں رہ کر گناہوں سے بچنا کما ل ہے

(1)گھر وغیرہ کی چاردیواری میں رہ کر زبان، آنکھوں اور پیٹ وغیرہ کا قفلِ مدینہ لگانا اپنی جگہ مگر مُعاشَرے (Society) میں لوگوں کے درمِیان رہ کر یہ سب کرنا کمال ہے۔(مدنی مذاکرہ، 6شوال المکرم1435ھ)

بُزرگی کا معیار

(2)بُزُرْگی کا تعلق عِلم و عَقْل سے ہوتا ہے جوانی اور بڑھاپے سے نہیں۔ (مَدَنی مذاکرہ،8رجب المرجب1437ھ)

اللہ پاک کی بندے سے محبت کی علامت

(3)کسی کو اچھے عقیدے اور اچھے اعمال کی توفیق ملنا، اس بات کی علامت ہے کہ ربّ تعالیٰ اس سے محبت کرتا ہے۔

(مَدَنی مذاکرہ،5ربیع الاول1438ھ)

مُعتدل تاثیر والی روٹی

(4)گندم میں جَو کا آٹا مِلا کر پکائیں تو روٹی مُعْتدل اثر والی ہوجائے گی کیونکہ جَو کی تاثیر ٹھنڈی اور گندم کی تاثیر گرم ہوتی ہے۔(مَدَنی مذاکرہ،4ربیع الاول1438ھ)

عورت کے لئے ایک بڑی نیکی

(5)اللہ پاک کی رضا کے لئے شریعت کے دائرے میں رہتے ہوئے شوہر کو خوش کرنا بہت بڑے ثواب کا کام ہے۔

(مَدَنی مذاکرہ،15رجب المرجب1437ھ)

ماں باپ کا علاج کسی بھی طرح کروائیں

(6)اولاد کو چاہئے کہ ماں باپ کا علاج اپنا پیٹ کاٹ کر (یعنی روکھی سوکھی کھا کر اور تنگی سے گزارہ کرکے بھی) کروانا پڑے تو کروائے۔ (مَدَنی مذاکرہ،21محرم الحرام1436ھ)


Share

مدنی پھولوں کا مدنی گلدستہ

’’درخت لگائیے،ثواب کمائیے‘‘

از: شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطّار قادِری رضوی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ

شجر کاری یعنی درخت لگانے کے بارے میں 2 فرامینِ مصطفےٰصلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم: (1)جو مسلمان درخت لگائے یا فصل بوئے پھر اُس میں سے جو پرندہ ،انسان یا چوپایہ کھائے تو وہ اُس کی طرف سے صدقہ ہوگا۔ (مسلم، ص646، حدیث:3974) (2) جس نے کوئی درخت لگایا اور اُس کی حفاظت اور دیکھ بھال پر صبر کیا یہاں تک کہ وہ پھل دینے لگا تو اُس میں سے کھایا جانے والا ہر پھل اللہ پاک کے نزدیک اُس شخص کے لئے صدقہ ہے۔ (مسند احمد،ج 5،ص575، حدیث:16586) شجر کاری کے حوالے سے مَدَنی پھول ٭رسولوں کے سردار، حبیب پروردگار صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلمنے حضرتِ سیّدنا سلمان فارسی رضی اللہ تعالی عنہ کی آزادی کے لئے ایک باغ میں 300 پودے اپنے رَحمت بھرے ہاتھوں سے لگائے۔ (مسند احمد،ج9،ص185، حدیث:23798ماخوذاً) یوں مَدَنی آقاصلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم سے درخت لگانا ثابِت ہے ٭پودے اور درخت اللہ پاک کی عظیم نعمت اور بڑی عمدہ چیز ہیں، کیونکہ یہ سبزہ ہیں اور سبزہ سے نگاہ تیز ہوتی ہے ٭یہ ہمیں آکسیجن فراہم کرتے ہیں جو ہماری زندگی کے لئے بے حد ضروری ہے ٭یہ قحط سالی میں اپنے اندر سے نمی خارج کرتے اور بادل بنانے میں مدد دیتے ہیں ٭گلوبل وارمنگ(Global Warming) یعنی عالَمی ماحول کے درجۂ حرارت میں خطرناک حد تک ہونے والےاِضافے کو کم کرنے میں ان کا اَہم کردار ہوتا ہے ٭اس کے علاوہ درخت اور پودے فضائی آلودگی میں کمی لاتے٭ماحول کو ٹھنڈا اور خوشگوار بناتے ٭لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کو کم کرتے ٭زمین کو زرخیز رکھتے٭ تناؤ اور ڈپریشن کو کم کر کے ذِہنی اور جسمانی صحّت فراہم کرتے نیز ٭درخت اور پودے ہمیں لکڑی ٭کاغذ ٭پھل اور ٭دیگر غذاؤں کے ساتھ ساتھ ٭آلۂ ادائے سنّت”مسواک“ بھی فراہم کرتے ہیں ٭درختوں کے بے شمار فوائد کے پیش نظر ’’دعوتِ اِسلامی‘‘ اِنْ شآءَاللہ عَزَّوَجَلّ پورے پاکستان میں ’’1ارب پودے‘‘ لگانے کا ذِہْن رکھتی ہے ٭فی اسلامی بھائی اور اِسلامی بہن کم از کم 12 ، 12 پودے لگانے کا ہَدَف ہے ٭بیان کردہ فوائد کو ذِہْن میں رکھتے ہوئے ادائے مصطَفٰے کی پیروی اور عام مسلمانوں کی بھلائی کے پیشِ نظربُزُرگانِ دین اور اپنے عزیزوں کے ایصالِ ثواب نیز پیارے پیارے پاک وطن کو سرسبز و شاداب کرنے کی نیّت سے شجرکاری کریں گے تو اِنْ شآءَاللہ ثواب کا انبار لگ جائے گا۔

دُعائے عطّار یا اللہ! پیارے حبیبصلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم کا واسِطہ،سلمان فارسی رضی اللہ تعالی عنہ

کے اُس مُبارَک باغ کا واسِطہ جس میں میرے آقا صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم نے درخت لگائے، جو کوئی کم از کم 12 پودے لگائے یا کسی کو لگانے کے لئے تیار کرلے اس کو اس وقت تک موت نہ دے جب تک خواب میں تیرے پیارے محبوب صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلمکا دیدار نہ کرلے۔

اٰمین بِجاہِ النَّبیّ الاَمِین صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم

مزید معلومات کے لئے مکتبۃ المدینہ کا رسالہ”درخت لگائیے،ثواب کمائیے(ملفوظاتِ امیر ِاہل ِسنّت(قسط:6)) پڑھئے۔

ہم شجرکاری بڑھاتے جائیں گے اور ثوابِ آخرت کو پائیں گے

سبز پودےچار سُو لگوائیں گے خوب اپنے مُلک کو چمکائیں گے


Share

Articles

Comments


Security Code