بزرگانِ دین کے فرامین
روزوں کی اہمیت و فضیلت اور اسلافِ کرام
*مولانا سیّد عمران اختر عطاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ مارچ2023
مولائے کائنات کی پسند
مجھے دُنیا میں تین چیزیں پسند ہیں : ( 1 ) اَلضَّرْبُ بِالسَّیْفِ یعنی تلوار سے جہاد کرنا ( 2 ) اَلصَّوْمُ بِالصَّیْفِ یعنی گرمی کے روزے رکھنا اور ( 3 ) اِکْرَامُ الضَّیْفِ یعنی مہمان کی مہمان نوازی کرنا۔
( ارشادِ مولا علیُّ المرتضیٰ رضی اللہ عنہ ) ( روح البیان ، پ20 ، النمل ، تحت الآیۃ : 62 ، 6 / 264 )
قوتِ حافظہ بڑھانے کا نسخہ
تین چیزیں قوتِ حافظہ میں اضافہ کرتی اور بلغم کو ختم کرتی ہیں : ( 1 ) مسواک کرنا ( 2 ) روزے رکھنا ( 3 ) قراٰنِ پاک کی تلاوت کرنا۔
( ارشادِ مولا علیُّ المرتضیٰ رضی اللہ عنہ ) ( احیاء العلوم ، 1 / 364 )
ٹھنڈی غنیمت
کیا میں تمہیں ٹھنڈی غنیمت کے بارے میں نہ بتاؤں ؟ لوگوں نے پوچھا : وہ کیا ہے ؟ فرمایا : سردیوں میں روزے رکھنا۔
( ارشادِ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ ) ( الزھدللامام احمد ، ص197 حدیث : 976)
دوائے دل
دل کی دوا پانچ چیزیں ہیں : غورو فکر کے ساتھ قراٰن پڑھنا ، پیٹ کو ( روزہ رکھ کر ) خالی رکھنا ، رات کو عبادت کرنا ، سحر کے وقت آہ و زاری کرنا اور نیکوں کے ساتھ اٹھنا بیٹھنا۔
( ارشادِ حضرت ابراہیم خوّاص رحمۃُ اللہ علیہ ) ( طبقات الاولیاء ، ص 17 )
آلۂ شیطانی کو توڑنے والا عمل
روزہ اس خواہش کو توڑتا ہے جو اللہ پاک کے دشمن شیطان کا آلہ ہے۔
( ارشادِ امام محمد غزالی رحمۃُ اللہ علیہ ) ( احیاء العلوم ، 1 / 355 )
بادشاہِ حقیقی کے دربار تک پہنچانے والا عمل
نماز تمہیں نصف راستے تک پہنچاتی ہے ، روزہ بادشاہِ حقیقی ( یعنی اللہ پاک ) کےدروازےتک پہنچاتا ہے جبکہ صدقہ اس کے دربار میں داخل کردیتا ہے۔
( حضرت سیِّدُنا عبدُ العزیز بن عُمیر رحمۃُ اللہ علیہ ) ( المستطرف ، 1 / 19 )
آگ سے ڈھال
روزہ آگ سے ڈھال اور نیک لوگوں کے درجات تک پہنچنے کا سبب ہے۔
( ارشادِ شیخ ابو طالب مکی رحمۃُ اللہ علیہ ) ( قوت القلوب ، 1 / 161 )
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی
Comments