اسلام اور عورت
کاش میری نیکیاں بڑھ جائیں
*اُمّ میلاد عطّاریہ
ماہنامہ فیضانِ مدینہ مارچ 2023ء
اسلام اپنے ماننے والوں کی ہر حال میں بھلائی اور خیر خواہی چاہتا ہے اسی لئے ہمارے دین میں اس بات کی زیادہ ترغیب و تحریص ہےکہ ہم اپنی نیکیوں میں اضافے کی خوب کوشش کریں اور گناہوں سے بچیں تاکہ جہنم سے آزادی اور اللہ پاک کی رضا حاصل ہوجو کہ زندگی کا اصل مقصد ہے۔نیز مؤمن کی شان بھی یہی ہے کہ وہ نیکیوں کا حریص ہوتا ہے ، ویسے تو مسلمانوں کو سارا سال ہی نیک اعمال کی کوشش کرنی چاہئے ، لیکن خاص طور پر جب شعبانُ المعظم کا مبارک مہینا تشریف لائے تو یہ کوشش اور زیادہ ہوجانی چاہئے کیونکہ ہمارے پیارے آقا کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اور صحابۂ کرام علیہم الرضوان کا بھی یہی معمول تھا کہ ماہِ شعبان میں نیکیوں میں خوب اضافہ اور اس کا اہتمام فرماتے ، جیساکہ
ایک بارحضرتِ اسامہ بن زيد رضی اللہ عنہما نے عرض کی : یارسولَ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں آپ کو دیکھتا ہوں کہ آپ کسی بھی مہینے میں اِس طرح روزے نہیں رکھتے جس طرح شعبان میں رکھتے ہیں۔ فرمایا : رجب اور رمضان کے درمیان میں یہ مہینا ہے ، لوگ اِس سے غافِل ہیں ، اس میں لوگوں کے اعمال اللہ پاک کی طرف اُٹھائے جاتے ہیں اور مجھے یہ محبوب ہے کہ میرا عمل اِس حال میں اُٹھایا جائے کہ میں روزہ دار ہوں۔ ( نسائی ، ص387 ، حدیث : 2354 )
غنیۃُ الطّالبین میں ہے کہ ماہِ شعبان کا چاند نظر آتے ہی صحابۂ کرام علیہم الرضوان تلاوتِ قراٰنِ پاک کی طرف خوب متوجہ ہو جاتے ، مسلمان اپنے مالوں کی زکوٰۃ نکالتے تاکہ غربا و مساکین مسلمان ماہِ رمضان کے روزوں کے لئے تیاری کرسکیں ، حکام قیدیوں کوطلب کرکے جسے شرعی سزا دینی ہوتی اسے سزا دیتے ، بقیہ سب کو آزاد کردیتے ، تاجر اپنے قرضے ادا کردیتے ، دوسروں سے اپنے قرضے وصول کرلیتے اور رمضان شریف کا چاند نظر آتے ہی غسل کرکے ( بعض حضرات ) اعتکاف میں بیٹھ جاتے۔ ( غنیۃ الطالبین ، 1/341 )
خواتین کو چاہئے کہ ممکنہ صورت میں اس ماہ بالخصوص شعبان کی پندرہویں رات خوب عبادت کریں ، دن روزے میں گزاریں نیز اگر ہماری دھن ہوکہ ہماری نیکیاں بڑھ جائیں تو ہمیں اپنے اَطراف میں ایسا ہی ماحول رکھنا ہوگا کہ جس میں نیکیاں کرنا آسان ہو ، کئی نیکیاں ایسی ہوتی ہیں کہ جن کے لئے الگ سے وقت نکالنے کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ صرف توجہ درکار ہوتی ہے۔جیسا کہ * اچھی اچھی نیتیں کرنا * ہر جائز کام ’’بسم اللہ ‘‘ پڑھ کر شروع کرنا * مختلف سنتوں پر عمل کرنا * سلام میں پہل کرنا * مَحارِم اور اسلامی بہنوں سے خوش اخلاقی سے پیش آنا * مسلمان بہن سے مسکراکر ملنا وغیرہ ۔
اسی طرح بے شمار نیکیاں ایسی بھی ہوتی ہیں کہ جن میں محنت ومشقت کم ہوتی ہے لیکن ثواب بہت زیادہ ہوتا ہے ، جیسا کہ * ذکرُ اللہ کرنا * تلاوتِ قراٰنِ کریم کرنا * دُرودِ پاک پڑھنا * وضو کے شروع میں ”بِسْمِ اللہ وَالْحَمْدُ للّٰہ“ پڑھنا * باوُضو رہنا * نیکی کی دعوت دینا * اسلامی بہنوں کے دل میں خوشی داخل کرنا * شکر ادا کرنا * ایصالِ ثواب کرنا * مسلمانوں کے لئے دُعائے مغفرت کرنا * نیک اِجتماعات میں شرکت کرنا وغیرہ۔ اللہ کرے ہم نیکیاں کمانے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہ جانے دیں ، نیز اس ماہ کی برکت سے ہمیں نیک کام کرنے اور گناہوں سے بچنے میں استقامت نصیب ہوجائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* نگران عالمی مجلس مشاورت ( دعوتِ اسلامی ) اسلامی بہن
Comments