شبِ براءت

آؤ بچو حدیث رسول سنتے ہیں

شبِ براءت

*مولانامحمد جاوید عطاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ مارچ 2023

اللہ پاک کے آخری نبی حضرت محمد مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا : میرے پاس جبرائیل علیہ السّلام آئے اور کہا : هٰذِهٖ لَيْلَةُ النِّصْفِ مِنْ شَعْبَانَ وَلِلَّهِ فِيهَا عُتَقَاءُ مِن النَّارِ بِعَدَدِ شُعُوْر ِ غَنَم ِكَلْبٍ یعنی یہ نصف  ( یعنی Half )  شعبان کی رات ہے اور اللہ پاک اس رات میں بنی کلب کی بکریوں کے بالوں کی تعداد کے برابر لوگوں کو جہنم سے آزاد فرماتا ہے۔

 ( الترغیب والترہیب ، 2/73 ، حدیث : 11 )

 ” بنی کلب “ عرب کا ایک خاندان تھا جو بہت زیادہ بکریاں پالتاتھا۔جس رات کا حدیث میں ذکر ہوا اسے شبِ براءت  ( یعنی دوزخ سے چھٹکارا پانے کی رات ) کہتے ہیں۔

پیارے بچّو ! یہ رات بہت ہی اہم رات ہے ، اس رات میں اللہ پاک کی خاص رحمت کا نزول ہوتا ہے ، اس رات میں بہت سارے لوگوں کی مغفرت کی جاتی ہے ، یہ نامۂ اعمال تبدیل ہونے کی رات ہے ، اس رات آئندہ سال میں مرنے والوں کے نام لکھے جاتے ہیں۔اس رات میں دعائیں قبول ہوتیں اور گناہ مٹائےجاتے ہیں اسی لئے اس مبارک رات کو لَیْلَـۃُ الْاِجَابَۃ اور لَیْلَـۃُ التَّکْفِیْر بھی کہا جاتا ہے۔

اچھےبچّو ! آپ بھی اس رات میں نہاکر اچھے صاف ستھرے کپڑے پہنیں ، خوشبو لگائیں اور اس رات میں دعوتِ اسلامی کے اجتماعِ ذکر و نعت میں اپنے ابو ، بڑے بھائی یا کسی سرپرست کے ساتھ شریک ہوں اور جتنا ہو سکے یہ رات عبادت ، تلاوت اور ذکر و دُرود میں گزاریں۔ یوں اس مقدّس رات کی برکتیں نصیب ہونگی۔ اِنْ شَآءَ اللہ الکریم

اللہ پاک سے دعا ہے کہ شبِ براءت میں ہمیں خوب عبادت کرنے اور گناہوں سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔   اٰمِیْن بِجَاہِ خاتمِ النّبیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی


Share