مدنی مذاکرے کے سوال جواب
ماہنامہ فیضان مدینہ مارچ2023
( 1 ) شادی شدہ عورت کا باپ کی وراثت میں حصہ
سُوال : میرے ابو نے مىرى بہن کى شادى کے بعد زمىن خرىدى ، تو کیا اس میں میری بہن کا حصہ ہو گا ؟
جواب : اگر ابو کا اِنتقال ہوگىا ہے تو بالکل اس میں شادی شُدہ بہن کا بھی حصہ ہو گا کیونکہ وراثت کا شادى سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ( مدنی مذاکرہ ، بعد نمازِ تراویح ، 7رمضان شریف 1441ھ )
( 2 ) ڈائلیسز ( Dialysis ) کے دَوران روزے رکھنا
سُوال : ڈائلیسز کے دَوران روزے رکھ سکتے ہیں ؟
جواب : ڈائلیسز ( Dialysis ) کے دَوران روزے رکھ سکتے ہىں جبکہ روزہ برداشت کر سکتے ہوں۔جان کا خطرہ ، مرض بڑھنے کا خطرہ یا روزہ رکھنے سے مَرض دیر میں اچھا ہونے والی کیفیت نہ ہو تو رمضان کا روزہ رکھ سکتے ہىں بلکہ ایسی صورت رمضان کا میں روزہ رکھنا فرض ہے۔
( مدنی مذاکرہ ، بعد نمازِ تروایح ، 5رمضان شریف 1441ھ )
( 3 ) جو ” سیِّد “ نہ ہو اس کو ” یاسیِّدی “ کہنا کیسا ؟
سُوال : اىک بندہ ” سىّد “ نہىں ہے تو کىا اس کو ” ىا سىّدى “ کہہ کر بلانا جائز ہے ؟
جواب : جو سَیِّد نہىں ہے اس کو ” سیِّد “ کہنا گناہ ہے۔ لیکن ” ىا سَىِّدِى “ کہنا اور بات ہے کیونکہ ” یَاسیِّدی “ کے معنیٰ ہیں ” اے میرے سردار یا اے مىرے آقا “ ىہ احتِرام کا لفظ ہے جو غىر سیِّد کے لئے بھى بولا جاسکتا ہے ، عرب دنىا مىں زىادہ تر بزرگوں اور عُلَمائے کِرام کو ” یاسَیِّدِی “ کہتے ہىں۔ ہمارے ىہاں پاکستان مىں اُردو بولنے والوں میں اس کا رَواج کم ہے ، البتہ ” یا سَیِّدِی “ کہنے مىں حرج نہىں۔
( مدنی مذاکرہ ، بعد نمازِ عصر ، 9 رمضان شریف 1441ھ )
( 4 ) کیا زندگى میں ایک بار قراٰنِ کریم پڑھنا فرض ہے ؟
سُوال : کىا زندگى مىں اىک بار قراٰنِ کرىم پڑھنا فرض ہے ؟
جواب : زندگى مىں اىک بار قراٰنِ کرىم پڑھنا فرض نہىں بلکہ کم اَز کم اىک آىت کا ىاد ہونا فرض ہے جس سے نماز کا فرض ادا ہو جائے ، سورۂ فاتحہ اور اىک چھوٹى سورت یا اس کى مقدار مىں آىت ىا اس کا جز ( یعنی حصّہ ) یاد کرنا واجب ہے جس سے نماز میں قراٰن پڑھنے کا جو وجوب ہے وہ ادا ہو جائے۔ ( بہارِ شریعت ، 1 / 545 ماخوذاً ) اگر کسى نے زندگی میں ایک بار بھی پورا قراٰن نہىں پڑھا تو بھی وہ گناہ گار نہىں ہے۔
( مدنی مذاکرہ ، بعد نمازِ عصر ، 7رمضان شریف 1441ھ )
( 5 ) با پ کا اپنے بیٹے کو زکوٰۃ دینا کیسا ؟
سُوال : کیا باپ اپنے بىٹےکو زکوٰۃ دے سکتا ہے ؟
جواب : جى نہىں ! باپ اپنے بىٹے کو زکوٰۃ نہىں دے سکتا۔ ( رد المحتار ، 3 / 344-مدنی مذاکرہ ، بعد نمازِ تروایح ، 8رمضان شریف 1441ھ )
( 6 ) کیا پیاز کی جلن کی وجہ سے روزہ ٹوٹ جائے گا ؟
سوال : پیاز کی کڑواہٹ آنکھوں میں لگتی ہے تو کیا اس سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟
جواب : جب پیاز کاٹی جاتی ہے تو اس کی وجہ سے آنکھوں میں ہونے والی جلن سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔
( مدنی مذاکرہ ، بعد نمازِ عصر ، 8 رمضان شریف 1441ھ )
( 7 ) عورتیں ” غوثِ پاک کے غلاموں “ کی جگہ کیا بولیں ؟
سوال : بیعت کرواتے وقت آپ آخِر میں یہ دُعا کرواتے ہیں کہ ” ہمیں غوثِ پاک کے غلاموں میں اُٹھا “ اسلامی بہنوں کی طرف سے سُوال ہے کہ کیا ہم غلاموں کی جگہ کنیز یا لونڈی بول لیا کریں ؟
جواب : ” غلاموں مىں اُٹھا “ بول دیا کریں۔ جیسا کہ ” یَا اَیُّہَا النَّاسُ یعنی اے لوگو ! “ مىں مَرد و عورت دونوں آ جاتے ہىں اور عورتوں کے لئے ” لوگوں “ کی جگہ ” لوگنوں “ نہیں بولا جاتا۔ اب اگر عورتیں غلام کی جگہ اپنے لئے کوئی اور لفظ بولنا چاہیں گی تو پھر کنفیوژن ہو گی کہ کنیز بولیں یا لونڈی ؟ اور عوام اِن اَلفاظ سے زیادہ مانوس نہیں ہے اس لئے غلام ہی بہتر ہے کیونکہ یہ بہت زیادہ مشہور ہے۔
( مدنی مذاکرہ ، بعد نمازِ تراویح ، 9 رمضان شریف 1441ھ )
( 8 ) ” نمازِ وتر “ میں کیا نیت کریں ؟
سُوال : نمازوں میں ہم وقت کی نیت کرتے ہیں ، مثلاً فجر میں فجر کے وقت کی ، ظہر میں ظہر کے وقت کی ، تو نمازِ وتر ادا کرتے وقت کس وقت کی نیت کریں ؟
جواب : تین رکعت وتر واجب ہی کی نیت کریں گے ، وقتِ عشا بولنا شرط نہیں ہے ، کیونکہ یقینی بات ہے کہ نمازِ وتر عشا ہی میں ہوتی ہے نیز دل میں نیت ہونا کافی ہے ، زبان سے کہنا بھی ضَروری نہیں ، البتہ دل میں نیّت ہوتے ہوئے زبان سے کہہ لینا مستحب ہے۔
( مدنی مذاکرہ ، بعد نمازِ تراویح ، 10 رمضان شریف 1441ھ )
( 9 ) روزہ کس چیز سے اِفطار کریں ؟
سُوال : روزہ کس چیز سے اِفطار کرنا چاہئے ؟
جواب : کھجور سے اِفطار کریں کہ یہ سُنّت ہے ، کھجور میسر نہ ہو تو پانى سے اِفطار کرلیں کہ اِس سے بھى سُنّت ادا ہو جائے گى۔
( ابو داؤد ، 2 / 447 ، حدیث : 2356 ماخوذاً )
یاد رکھئے ! اگر کھجور کھانے کے بعد اِس کے ذرّات دانتوں مىں رہ جائیں یا منہ میں مِٹھاس اور ذائقہ باقی ہو تو اِس حالت میں نماز پڑھنا سُنّت نہیں ، لہٰذا نماز سے پہلے دانتوں کو اچھی طرح صاف کرلیجئے تاکہ منہ سے کھجور کی مِٹھاس بالکل ختم ہوجائے۔
( مدنی مذاکرہ ، بعد نمازِ تروایح ، پہلی رمضان شریف 1441ھ )
( 10 ) عورت کا ناک نہ چِھدْوانا کیسا ؟
سُوال : اگر عورت ناک نہ چِھدوائے تو کیا وہ گناہ گار ہوگی ؟
جواب : گناہ نہیں ہے۔ اب تو شایدعورتوں کے ناک چِھدوانے کا رواج کم ہو گیا ہے ، اس کی جگہ اسٹیکر چسپاں کرتے ہیں۔
( مدنی مذاکرہ ، بعد نمازِ تراویح ، 10 رمضان شریف 1441ھ )
( 11 ) مرغی کی نرم ہڈی چبانا کیسا ؟
سُوال : مرغی کے گوشت میں جو نرم ہڈی ہوتی ہے اس کو چبانا کیسا ہے ؟
جواب : اس کو چبنی ہڈی بولتے ہیں ، یہ سفید ہڈی بکرے وغیرہ میں بھی ہوتی ہے یہ حلال ہے ، لہٰذا اس کو کھا سکتے ہیں۔ لوگ پھینک دیتے ہیں ، پھینکنا نہیں چاہئے۔ ( مدنی مذاکرہ ، بعد نمازِ تراویح ، 10 رمضان شریف 1441ھ )
( 12 ) روزے میں انہیلر ( Inhaler ) استعمال کرنا کیسا ؟
سُوال : اگر کوئى سانس کا مرىض ہو تو کیا وہ روزے مىں انہیلر کا استعمال کرسکتا ہے ؟
جواب : جی نہیں ! روزے کی حالت میں انہیلر ( Inhaler ) کا استعمال نہىں کرسکتے۔
( فتاویٰ اہلِ سنّت ، قسط9 ، ص20-مدنی مذاکرہ ، 25شعبان شریف 1441ھ )
Comments