خوابوں کی تعبیریں
قارئین کی طرف سے موصول ہونے والے چند منتخب خوابوں کی تعبیریں
*مولانا محمد اسد عطّاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ مارچ 2023
خواب : میں نے خواب میں دیکھا کہ سب گھر والے ایک نئی جگہ پر ہیں ، وہاں بہت سارے سبز طوطے ہیں اور ہم بآسانی انہیں پکڑ پکڑ کر پنجرے میں ڈالتے ہیں ، اس کی کیا تعبیر ہوگی۔
تعبیر : اچھا خواب ہے گھر میں خیرو برکت اور آسائشوں میں کثرت کی دلیل ہے۔
خواب : مجھے حقیقت میں بلندی سے ڈر لگتا ہے اور میں نے بارہا خواب میں بھی خود کو بلندی سے گرتے ہوئے دیکھا ہے ، تو اس کی کیا تعبیر ہوگی ؟
تعبیر : حالات کے تبدیل ہونے کی علامت ہے ، اگر کسی آزمائش میں مبتلا تھے تو اللہ پاک آسانی عطا فرمائے گا۔
خواب : خواب میں مسلسل گھر کے کسی فرد کو روتے ہوئے دیکھنا کیسا ہے ؟
تعبیر : رونا پریشانی اور غم کی علامت ہے۔
خواب : میں خواب میں سب کیلئے دُعا مانگ رہا ہوں اور میرے ساتھ دُعا میں جتنے لوگ کھڑے ہیں سب آمین کہہ رہے ہیں۔ برائے کرم ! اس کی تعبیر بتادیجئے۔
تعبیر : اچھا خواب ہے۔ دعا عبادت کا مغز ہے۔ خواب دیکھنے والے کو نیکی پر توفیق نصیب ہوگی۔
خواب : میں نے خواب میں اپنی بہن کو دال چاول پکاتے اور کھاتے دیکھا ہے۔ اس کی کیا تعبیر ہوگی ؟
جواب : اس کی کوئی تعبیر نہیں عمومی حالات سے متعلق خواب ہے ، روز مرہ ہم ایسے کام کرتے رہتے ہیں۔
خواب : اَلحمدُ لِلّٰہ میرے والدین حیات ہیں ، اللہ پاک انہیں صحت و عافیت اور نیکیوں بھری لمبی عمر عطا فرمائے ، اٰمین۔ میں نے خواب دیکھا کہ میرے والدین انتقال کر گئے ، براہِ کرم ! اس کی تعبیر بتادیجئے۔
تعبیر : اس خواب کی وجہ سے پریشان نہ ہوں والدین کی لمبی عمر کیلئے دعا کریں۔ اس طرح کے خواب کی تعبیر موت ہونا ضروری نہیں۔
خواب : اگر کوئی خواب میں اپنے دانتوں کو ٹوٹتا ہوا دیکھے تو اس کی کیا تعبیر ہوگی ؟
تعبیر : اچھا خواب ہے ، خواب دیکھنے والے کی لمبی عمر کی علامت ہے۔ ہم میں سے ہر شخص لمبی عمر چاہتا ہے لیکن نیکیوں بھری لمبی عمر کی تمنا کرنی چاہئے ۔
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میری آنکھوں سے خون نکل رہا تھا اور مجھے خون کی الٹی ہورہی تھی۔
تعبیر : اچھا نہیں ہے اللہ پاک کی بارگاہ میں عافیت کے لئے دعا کریں اور کچھ صدقہ بھی کریں کیونکہ صدقہ آفتوں اور مصیبتوں کو دور کرتا ہے۔
خواب : میں اکثر خواب میں اپنے آپ کو ہَوا میں اُڑتے ہوئے دیکھتا ہوں ، اس کی کیا تعبیر ہوگی بتادیجئے۔
تعبیر : ہَوا میں اُڑنا اگر درست طور پر ہو تو تعبیر کے اعتبار سے اچھا ہوتا ہے۔ حالات کے بدلنے کی دلیل ہے ، پریشان شخص کے لئے آسائش اور دشواری میں مبتلا کے لئے نجات کی دلیل ہے۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* نگران مجلس مدنی چینل
Comments