دعوتِ اسلامی کے شعبہ جات کی مدنی خبریں
اللہ عَزَّ وَجَلَّکے فضل و کرم سےدعوتِ اسلامی دنیا کے تقریباً 200ملکوں میں اپنامدنی پیغام پہنچانےکےساتھ ساتھ 103سے زیادہ شعبوں میں سنتوں کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے۔ان میں سے چند شعبہ جات کے مدنی کاموں کی جھلکیاں ذیل میں ملاحظہ فرمائیے:
شعبۂ تعلیم کا 3 دن کا تربیتی اجتماع
10، 11، 12 فروری 2017ء جمعہ، ہفتہ، اتوار عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ بابُ المدینہ کراچی میں شعبہ ٔتعلیم کا 3 دن کا تربیتی اجتماع ہو گا جس میں مختلف مبلّغینِ دعوتِ اسلامی اور مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران حضرتِ مولانا ابو حامد محمد عمران عطاری مَدَّ ظِلُّہُ الْعَالِی شرکا کو تربیت کے مدنی پھول عطا فرمائیں گے۔
مجلسِ اصلاح برائے فنکار، مجلسِ اصلاح برائے کھلاڑیان اور مدنی چینل ریلے مجلس کا 3 دن کا تربیتی اجتماع
مجلسِ اصلاح برائے فنکار،مجلسِ اصلاح برائے کھلاڑیان اور مدنی چینل ریلے مجلس کا 3 دن کا تربیتی اجتماع 4، 5، 6 جنوری 2017ء عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ پرانی سبزی منڈی بابُ المدینہ کراچی میں ہوا۔ اس تربیتی اجتماع میں بانیِ دعوتِ اسلامی حضرتِ علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ،دارالافتاءاہلسنت کے مفتیانِ کرام،نگرانِ مرکزی مجلسِ شوریٰ اور اراکینِ شوریٰ نے ان شعبوں میں نیکی کی دعوت کو عام کرنے کی ترغیب دلائی اور تربیت کے مہکے مہکے مدنی پھو ل عنایت فرمائے۔
جامعاتُ المدینہ کے اساتذہ کا تربیتی اجتماع
16،15،14 جنوری2016ءجامعات المدینہ کے اساتذہ کا تربیتی اجتماع عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ بابُ المدینہ کراچی میں ہوا۔ اس تربیتی اجتماع میں امیرِاہلِ سنتدَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے علاوہدارالافتاء اہلسنت کے مفتیانِ کرام، نگرانِ مرکزی مجلسِ شوریٰ اور اراکینِ شوریٰ نے تربیت فرمائی۔
جامعۃُ المدینہ(للبنات)
31دسمبر2016ءکوملک وبیرون ِملک208 طالبات نے 25ماہ کافیضان ِشریعت کورس مکمل کرنے کی سعادت حاصل کی۔
20677 مدنی منوں اور مدنی منیوں نے حفظ و ناظرہ قرآنِ پاک ختم کرنے کی سعادت حاصل کی
مدرسۃُ المدینہ للبنین و للبنات کی پاکستان میں تا دمِ تحریر 2375 شاخیں قائم ہیں،جن میں110369 مدنی مُنّے اور مدنی مُنّیاں قرآنِ پاک کی حفظ و ناظرہ کی مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔گزشتہ سال 2016ء میں مدرسۃُ المدینہ کے 4485 مدنی منّوں اور مدنی منّیوں نے قرآنِ کریم حفظ کیا، جبکہ ناظرہ مکمل کرنے والوں کی تعداد 16192 ہے۔دعوتِ اسلامی کے مدرسۃُ المدینہ سے اب تک مجموعی طور پر 69100 مدنی منّے اور مدنی منّیاں قرآنِ کریم حفظ کرنے کی سعادت پاچکے ہیں جبکہ ناظرہ قرآنِ پاک مکمل کرنے والوں کی تعداد1 لاکھ 95 ہزار 2سو بیالیس (195242) ہے۔
ہو کرم اللہ! حافظ مدنی منوں کے طفیل |
جگمگاتے گنبدِ خَضرا کی کرنوں کے طفیل |
اسلامی بہنوں کا 10 ماہ کامدنی قاعدہ وناظرہ کورس
سردارآباد(فیصل آباد)میں20دسمبر2016ءسےاسلامی بہنوں کیلئے10ماہ کےمدنی قاعدہ وناظرہ کورس کاآغاز ہوا۔
مدرستہُ المدینہ آن لائن للبنات
مدرستہُ المدینہ آن لائن للبنات کے تحت ملک و بیرون ملک 84ممالک کی951اسلامی بہنیں قرآنِ پاک کی تعلیم حاصل کرنےکےساتھ ساتھ فرض علوم بھی سیکھ رہی ہیں۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّ وَجَلَّآن لائن جامعۃُالمدینہ للبنات کا بھی آغاز ہوچکا ہےجس کے تحت مختلف کورسز مثلا فیضانِ نمازکورس، طہارت کورس،عقائدوفقہ کورس،شریعت کورس کاآغاز ہو چکاہے۔اَلْحَمْدُلِلّٰہ عَزَّ وَجَلَّ 55اسلامی بہنیں ناظرہ کورس بھی مکمل کر چکی ہیں۔
شعبہ مدنی تربیت گاہیں(اسلامی بہنیں)
شعبہ مدنی تربیت گاہیں(اسلامی بہنیں )کے تحت کم و بیش سال بھر اسلامی بہنوں کے لئے 12 دن کے مختلف کورسز کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔گزشتہ ایک مہینے کے دوران پاکستان کے4شہروں: راولپنڈی،گلزارِطیبہ(سرگودھا)، گجرات، سردارآباد (فیصل آباد) میں فیضان ِ نمازکورس اور باب المدینہ کراچی میں خصوصی اسلامی بہن کورس ہوا جس میں 133 اسلامی بہنوں نے شرکت کی ۔تادمِ تحریر مذکورہ 5شہروں سمیت زم زم نگر حیدرآباد میں فیضانِ قرآن کورس جاری ہے جس میں 168 اسلامی بہنیں شریک ہیں۔
مجلسِ کورسز(اسلامی بہنیں)
اسلامی بہنوں کی مجلسِ کورسز وقتاً فوقتاً ملک و بیرونِ ملک مختلف ایّام پر مشتمل کورسز کرواتی ہے جن کا دورانیہ روزانہ چند گھنٹے ہوتاہے۔گزشتہ دنوں اس مجلس کے تحت درج ذیل کورسز ہوئے:(1)9 سے12سال کی طالبات کےلئے7دن کا فیضانِ غوثِ اعظم کورس پاکستان میں55مقامات پرہواجس میں شرکاکی تعداد1264رہی۔(2)13سے19سال کی طالبات کے لئے 7دن کافیضانِ صحابیات کورس پاکستان میں 402 مقامات پر ہوا،شرکاکی تعداد4468رہی۔
مجلسِ اصلاح برائے قیدیان
21 جنوری 2017ء بروز ہفتہ ڈسٹرکٹ جیل اوکاڑہ میں فیضانِِ قرآن ہال کا افتتاح ہوا، جس میں وزیرِ جیل خانہ جات ملک احمد یار ہنجرا اور جیل عملے نے شرکت کی۔اس ہال میں قیدیوں کے لئے مکتبۃُ المدینہ کے کتب و رسائل پر مشتمل لائبریری، کمپیوٹر کلاس، ناظرہ کلاس، قاعدہ کلاس اور حفظ کلاس شامل ہیں۔ اس ہال میں تقریباً 200 قیدی زیورِ تعلیم سے آراستہ ہورہے ہیں۔
ربیعُ الاول اور ربیع ُالآخر کے جگمگاتے مدنی مذاکرے
عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ بابُ المدینہ (کراچی) میں ربیع ُ الاول کے ابتدائی دنوں میں 12 سے زائد اور ماہِ عبد القادر ربیع ُ الآخرمیں لگاتار11سےزائدمدنی مذاکرے ہوئے۔ ان مدنی مذاکروں میں پاکستان کی مختلف کابینات سے ہزاروں کی تعداد میں اسلامی بھائیوں کی حاضری ہوئی۔ مدنی مذاکروں کے بعد کثیر اسلامی بھائیوں نے 12 دن کے اصلاحِ اعمال کورس میں شرکت اور 3 دن کے مدنی قافلوں میں سفر کا شرف حاصل کیا۔ مرکز الاولیاء (لاہور) سے مدنی مذاکرے کے لئے اسپیشل ٹرین”غوثیہ ایکسپریس“چلائی گئی۔
مرکزالاولیاء(لاہور)،شیخوپورہ،سردارآباد(فیصل آباد)، اوکاڑہ، ساہیوال، مدینۃالاولیاء(ملتان)،خانیوال،رحیم یار خان، بہاولپور، گجرات، کوئٹہ اور بلوچستان کےدیگر شہر،نواب شاہ، ٹنڈو آدم، اسلام آباد، راولپنڈی، گلزارِ طیبہ (سرگودھا)، کشمیر، منڈی بہاؤالدّین وغیرہ شہروں سے آنے والے عاشقانِ رسول و عاشقانِ غوثِ اعظم نے خوب خوب سنتوں کے مدنی پھول چننے کا شرف حاصل کیا۔
مدنی مذاکرہ ہے رحمت کا خزینہ |
اَخلاق کا تہذیب کا طریقت کا خزینہ |
Comments