
رسولُ الله صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی غذائیں
کھجور کے ساتھ دیگر غذائیں
*مولانا احمد رضا عطاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ جون 2025ء
حضور نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا غذائی انتخاب انتہائی عمدہ اور طبّی و فطری نقطۂ نظر سے بھی اعلیٰ تھا۔ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے مبارک دسترخوان پر شرفِ حاضری پانے والی غذاؤں میں کھجور کو بہت اہم مقام حاصل ہے۔ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے کھجور کو کئی طرح سے شرفِ طعام بخشا، جن میں سے ایک طریقہ یہ تھا کہ کھجور کسی دوسری غذا جیسے، ککڑی، تربوز، خربوزہ وغیرہ کے ساتھ ملا کر تناول فرمایا۔ مختلف غذاؤں کا یہ امتِزاج کن فوائد پر مشتمل ہے اس کی تفصیلات ذیل میں ملاحظہ کریں گے۔
کھجور اور دیگر غذاؤں کا مزاج و تاثیر
ککڑی اور تربوز کا مِزاج دوسرے دَرَجے میں سَرد و تَر ہے۔ ([1]) جبکہ کھجور کا مِزاج دوسرے درجے میں گرم اور پہلے درجے میں خشک ہوتا ہے۔ ([2])
کھجور اور دیگر غذاؤں کے امتزاج کی احادیث
کئی احادیثِ مبارَکہ میں کھجور کے ساتھ دیگر غذائیں ملا کر کھانے کا ذکر آیا ہے کسی حدیثِ مبارَکہ میں ککڑی کے ساتھ تو کسی میں تَربوز کا ذکر آیا ہے، آئیے! چند احادیثِ مبارَکہ ملاحظہ کیجئے:
تربوز کے ساتھ ملاکر کھانا
*اُمُّ المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہُ عنہا بیان فرماتی ہیں کہ نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم تربوز کو تازہ کھجور کے ساتھ تناوُل فرماتے اور ارشاد فرماتے : ہم اس (کھجور) کی گرمی کو اس (تربوز) کی ٹھنڈک سے توڑتے ہیں اور اس (تربوز) کی ٹھنڈک کو اس (کھجور) کی گرمی سے۔([3])
* اُمُّ المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہُ عنہا بیان کرتی ہیں کہ نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم تربوز اور تازہ کھجور کو اکٹھا کر کے کھاتے تھے۔([4])
* حضرت انس رضی اللہُ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم تربوز کو تَر کھجور کے ساتھ کھاتے تھے۔([5])
* حضرت انس بن مالک رضی اللہُ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اپنے دائیں ہاتھ میں تر کھجور اور بائیں ہاتھ میں تربوز لیتے، پھر کھجور کو تربوز کے ساتھ ملا کر تناول فرماتے تھے۔ یہ آپ کا سب سے زیادہ پسندیدہ پھل تھا۔([6])
ککڑی کے ساتھ ملاکر کھانا
حضرت عبدُاللہ بن جعفر رضی اللہُ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ککڑی کو تازہ کھجور کے ساتھ تناول فرماتے تھے۔([7])
مکھن کے ساتھ ملاکر کھانا
حضرت سُلَیم بن عامر رضی اللہُ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہمارے پاس تشریف لائے، تو ہم نے آپ کی خدمت میں مکھن اور کھجور پیش کیا۔ آپ مکھن اور کھجور کو پسند فرمایا کرتے تھے۔([8])
خربوزے کے ساتھ ملاکر کھانا
* حضرت انس رضی اللہُ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو تَرکھجور اور خربوزے کو اکٹّھا کرکے کھاتے ہوئے دیکھا۔([9])
*حضرت جابر رضی اللہُ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم خربوزے کو تازہ کھجور کے ساتھ تناول فرماتے اور ارشاد فرماتے: یہ دونوں بہترین چیزیں ہیں۔ ([10])
کچی کھجور کے ساتھ ملاکر کھانا
اُمُّ المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہُ عنہا سے روایت ہے کہ نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشادفرمایا: بلح (کچی کھجور) کو پکّی کھجور کے ساتھ کھاؤ۔([11])
کھجور کے ساتھ دیگر غذاؤں کے فوائد:
جب کھجور کی حرارت، تربوز کی نمی اور ککڑی کی ٹھنڈک یکجا ہوتی ہے، تو خوراک میں ایسا توازن پیدا ہوتا ہے جو بدن میں اعتِدال، طبیعت میں سُکون اور صحّت میں توانائی بخشتا ہے۔ یہی وہ فطری توازن ہے، جسے حکمتِ نبوی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے عملی صورت عطا کی اور جدید طبّ نے اس کے کئی فوائد بیان کئے ہیں آئیے! چند فوائد ملاحظہ کیجئے:
*کھجور گرم و خشک جبکہ ککڑی سَرد و تَر مِزاج رکھتی ہے، دونوں کا امتِزاج بدن میں اعتِدال پیدا کرتا ہے۔
*کھجور معدے کو قوّت دیتاہے، جبکہ ککڑی نظامِ ہاضمہ کو نَرم اور بہتر بناتی ہے، جس سے قبض کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
*ککڑی میں پانی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، جو کھجور کی حرارت کو متوازن رکھ کر جسم میں نمی برقرار رکھتی ہے۔
*ککڑی جسم سے فاسد مادے خارج کرنے میں مدد دیتی ہے، جبکہ کھجور گردوں کو طاقت فراہم کرتاہے، اس لئے دونوں کا ملاپ گردوں کے لئے فائدہ مند ہے۔
*کھجور میں موجود وٹامنز اور ککڑی میں پائے جانے والے اینٹی آکسیڈنٹس جلد کو صحّت مند اور چمکدار بناتے ہیں۔
*کھجور قدرتی شکر فراہم کرتا ہے جبکہ تربوز پانی سے بھرپور ہوتا ہے، جس سے جسم میں توانائی اور تازگی آتی ہے۔
*کھجور کی گرمی اور تربوز کی ٹھنڈک مل کر جسم میں درجہ حرارت کو متوازن رکھتی ہے، خاص طور پر گرمیوں میں دونوں کااستِعمال زیادہ فائدہ مند ہے۔
*کھجور جگر کو تقویت دیتا ہے، جبکہ تربوز جگر کو صاف اور زہریلے مواد کو خارج کرنے میں مدد دیتا ہے۔
*تربوز ہلکی غذا ہے جو معدے پر بوجھ نہیں ڈالتی، جبکہ کھجور ہاضمے کو بہتر بناتی ہے، اس لئے دونوں مل کر معدے کو تقویت دیتے ہیں۔
*کھجور میں پوٹاشیم اور آئرن ہوتے ہیں جو دل کو مضبوط کرتے ہیں، جبکہ تربوز میں لائکوپین نامی اینٹی آکسیڈنٹ موجود ہوتا ہے جو دل کی بیماریوں سے بچاؤ میں مدد دیتا ہے۔([12])
نوٹ: تمام غذائیں اور دوائیں اپنے طبیب (ڈاکٹر یا حکیم) کے مشورے سے ہی استعمال کیجئے۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ پیغاماتِ عطار المدینۃ العلمیہ کراچی
Comments