Book Name:Jahannam Ki Sazaaen
مختلف احادیثِ کریمہ میں بھی جہنم کے عذابات کی ہولناکیوں کو بیان کیا گیا ہے، آئیے! عبرت حاصل کرنے اور خود کو خوابِِ غفلت سے بیدار کرنے کی غرض سے چند جھلکیاں سنتے ہیں:
منقول ہے کہ حضرت سَیِّدُنا جبرئیلِ امین عَلَیْہِ السَّلَام نے مکّے مدینے کے تاجدار،محبوبِ پَرْوَرْدْگار صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ سے قَسَم کھا کر عَرض کی: اگر جَہنَّم کو سُوئی کے ناکے کے بَرابَر کھول دِیا جائے تو تمام زمین والے سب کے سب اُس کی گَرمی(Heat) سے مَر جائیں اورقسم کھا کر کہا:اگر جَہنَّمِیوں کی زَنجیر کی ایک کَڑی دُنیا کے پَہاڑوں پررَکھ دی جائے تو کانپنے لگیں اور اُنہیں قَرار نہ ہو، یہاں تک کہ نِچلی زَمین تک دَھنس جائیں۔( مجمع الزوائد، کتاب صفۃ النار، ۱۰/۷۰۶ ،۷۰۷ حدیث:۱۸۵۷۳، ملتقطاً)
ایک اور حدیثِ پاک میں ہے: تمہاری یہ(دنیوی)آگ جہنم کی آگ کے ستّر(70)حصوں میں سے ایک حصہ ہے۔(ابن ماجۃ،کتاب الزھد،باب صفۃ النار، ص۵۲۸،حدیث۱۸ ۴۳)
ایک اور حدیثِ پاک میں ہے کہ اگر جہنم کے ہتھوڑوں میں سے کوئی ہتھوڑا زمین پر رکھ دیا جائے تو تمام جِنّ و اِنس جمع ہو کر بھی اُس کو زمین سے نہیں اُٹھا سکتے۔(مسنداحمد،مسند ابی سعید خدری، ۴/۵۸،حدیث:۱۱۲۳۳)
منقول ہے کہ اگر جَہنَّم کے تُھوہڑ(ایک کانٹے دار زہریلا درخت) کا ایک قطرہ دُنیا میں آجائے تو اس کی بدبُو سے تمام اہلِ دُنیا کی مَعیشَت بَرباد ہوجائے۔(ترمذی، کتاب صفۃ جھنم،باب ماجاء في صفۃ شراب اھل النار،۴/۲۶۳،حدیث: ۲۵۹۴ملقتطاً)
(جہنم میں جب جہنمی)پانی مانگیں گےتو اُن کو ایسا کھولتا ہوا پانی دیا جائے گا کہ مُنہ کے قریب آتے ہی مُنہ کی کھال گَل کر گِر جائے گی اور پیٹ میں جاتے ہی آنتوں کو ٹکڑے ٹکڑے کر دے گا۔ (ترمذی، کتاب صفۃ جھنم، باب ماجاء في صفۃ طعام اھل النار،۴/۲۶۴،حدیث:۲۵۹۵)