Book Name:Madine Mein Marne Ke Fazail
اصحابِ مصطفیٰ بھی یہاں دفن ہیں قبروں سے جن کی اِس کے مَراتِب بلند ہیں
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد
پیارے اسلامی بھائیو!یہاں ایک وضاحت کردوں۔ مدینہ شریف میں مرنے کی بڑی فضیلت ہے ، یہا ں مرنے والوں کو پیارے آقا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کی شفاعت ملے گی، اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم!عذاب قبر سے نجات ملے گی، اللہ پاک نےچاہا تو بِلاحِساب جنّت میں جانا بھی نصیب ہو گا، مگر یاد رکھیے!یہ سب فضیلتیں عاشقانِ رسول کے لیے ہیں، بد مذہبوں اور غیر مسلموں کے لیے یہ فضائل نہیں، ورنہ دیکھیے! کتنے منافق بلکہ منافقو ں کا سردار عبد اللہ بن اُبَیّ بن سَلُول بھی یہیں دفن ہے، وہ یقینا عذاب کا حقدار ہے۔
اللہ پاک فرماتا ہے:
اِنَّ اللّٰهَ لَا یَغْفِرُ اَنْ یُّشْرَكَ بِهٖ (پارہ:5، سورۂ نساء:48)
تَرْجمۂ کَنْزُالعِرْفان: بیشک اللہ اِس بات کو نہیں بخشتا کہ اُس کے ساتھ شرک کیا جائے۔
پتا چلا بخشش ملنے اور عذاب سے بچنے کی سب سے پہلی شرط عقیدے کی دُرُستی ہے، عقیدہ درست ہے تو بہت فضیلتیں ہیں اور اگر عقیدہ درست نہیں تو سمجھ لیجیے ! بندہ صفر ہے۔اللہ پاک ہمیں سچے اور درست اِسلامی عقائد پر اِستقامت عطا فرمائے۔ کاش! ایمان کی سلامتی کے ساتھ ، عافیت کے ساتھ، سبز گنبد کے سائے میں، سنہری جالیوں کے سامنے مرنا اور بقیع پاک میں دفن ہونا نصیب ہو جائے۔
اے کاش! مدینے میں مجھے موت یوں آئے چوکھٹ پہ تری سر ہو مری روح چلی ہو
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد