Book Name:Chaar Lazzat Bhari Ibaadaat
نیکی کی دعوت دینا شروع کر دیں، بُرائی سے منع کرنا شروع کر دیں، اِنْ شَآءَ اللہ الْکَرِیْم! سالوں اور مہینوں میں نہیں بلکہ دِنوں میں مُعَاشرے میں تبدیلی آجائے گی۔ کاش! ہماری اس طرف تَوَجُّہ ہو جائے۔
نیکی کی دعوت نہ دینے کے نقصانات
نیکی کی دعوت نہ دینے کا وبال کیا ہے؟ سنیئے! میرے اور آپ کے آقا، محبوبِ خُدا صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا: قسم ہے اُس کی جس کے ہاتھ میں میری جان ہے!یا تو تم اچّھی بات کا حُکم کرو گے ا ور بُری بات سے مَنع کرو گے یا اللہ پاک تم پر جلد اپنا عذاب بھیجے گا پھر دُعا کرو گے اور تمہاری دُعا قَبول نہ ہوگی۔ ([1])
محبوبِ ذیشان، مکی مَدَنی سلطان صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا: اللہ پاک نے حضرتِ جبرائیل(علیہ السَّلام)کو حکم فرمایا:فُلاں شہر کو اُس کے رہنے والوں سمیت تباہ کردو،حضرت جبرائیل(علیہ السَّلام)نے عَرض کی:اے ربّ! ان لوگوں میں تیرا ایک فُلاں نیک بندہ بھی ہے جس نے پلک جھپکنے کی مِقدار بھی تیری نافرمانی نہیں کی۔اللہ پاک نے فرمایا: اَقْلِبْہَا عَلَیْہِمْ فَاِنَّ وَجْہَہٗ لَمْ یَتَمَعَّرْ فِیَّ سَاعَۃً قَطُّ یعنی شہر اُن پر اُلٹ دو کیونکہ اس کا چہرہ میری نافرمانیاں دیکھ کر (غیرت ایمانی کی وجہ سے)کبھی تبدیل نہیں ہوا۔([2])
اللہ اکبر...!! مَعْلُوم ہوا؛ بُرائی دیکھ کر بُرا نہ لگنا بھی ہلاکت کا سبب ہے۔ اللہ پاک ہمارے حال پر رحم فرمائے۔ ہمیں نیکی کی دعوت کی عادَت بنا لینی چاہئے۔ یہ لذّت بھری عبادت ہے۔