Book Name:Naikiyon Me Hissa Milaiye
پیارے اسلامی بھائیو! یہ چیز ہمارے مزاج میں شامِل ہو جانی چاہئے، نیکیوں کی حِرْص ہو، یہ نیکی بھی میں کر لُوں، وہ نیکی بھی میں کر لُوں، کوئی ایسی نیکی بچے نہ جو میرے اَعْمال نامے میں موجود نہ ہو، یہ حِرْص ہمیں ہونی چاہئے۔
اب مسئلہ آئے گا کہ ساری نیکیاں میں کیسے کر سکتا ہوں؟ اس کا حَلْ یہ ہو گا کہ نیکی پہلے ہو ہی رہی ہو گی، ہم اس میں اپنا حصّہ شامِل کر دیں۔ جو حِصَّہ ہم ملا سکتے ہیں، وہ مِلا دیں۔ اللہ پاک نے جو صلاحیت دی ہے، وہی نیکی کے کام میں شامِل کر دیں *اللہ پاک نے پیسہ دیا ہے، نیکی کے کام کے لیے پیسہ فراہَم کر دیں *اللہ پاک نے اچھی سوچ عطا فرمائی ہے، نیکی کے کاموں کے لیے مشورہ پیش کر دیں *بولنے کی صلاحیت تَو سب کو ہی نصیب ہے، اور کچھ نہیں کر سکتے، اس نیکی کی ترغیب ہی دِلا دیں۔ اِنْ شَآءَ اللہ الْکَرِیْم! ثواب مل جائےگا۔
حدیثِ پاک میں ہے: ایک تِیر جو اللہ پاک کی راہ میں چلایا جاتا ہے، اس کے سبب 3لوگوں کی بخشش ہو جاتی ہے: (1): اُس تیر کو بنانے والا (2): وہ تِیر دوسرے تک پہنچانے والا (3): وہ تیر چلانے والا۔ ([1])
تِیر ایک چلا ہے، چلانے والا بھی ایک ہے مگر بخشش 3لوگوں کی ہو گئی ہے۔ کیوں؟ اس لیے کہ باقیوں نے اس میں اپنا حِصّہ شامِل کیا ہے۔