آخری نبی کا پیارا معجزہ
آواز کی بلندی
*مولانا سید عمران اخترعطاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ جون 2024ء
پیارے بچو! سب سے آخری نبی محمد عربی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے معجزات پڑھ سُن کر ہمیں صرف ایمانی قوت اور لطف و راحت ہی نصیب نہیں ہوتی بلکہ ان کے علاوہ معجزات کے ضمن میں دین کی پیاری پیاری باتیں بھی سیکھنے کو ملتی ہیں، آئیے آج نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مبارک آواز کے بارے میں معجزہ سنتے ہیں :حضرت براء رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے کہ ایک بار نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ہمیں خطبہ ارشاد فرمایا حتی کہ آپ نے گھروں میں موجود پردہ نشین خواتین کو بھی اپنی آواز سُنا دی، آپ فرما رہے تھے کہ اے وہ لوگو جو زبان سے تو ایمان قبول کرچکے مگر دل میں خلوصِ ایمانی (کامل) نہیں، مسلمانوں کی غیبت نہ کیا کرو، ان کی پوشیدہ خامیوں کے پیچھے مت پڑا کرو، جو اپنے بھائی کی چھپی ہوئی خامی کی ٹوہ میں پڑے گا اللہ پاک اس کے چُھپے حال کو ظاہر فرمادےگا اور جس کی چھپی حالت اللہ پاک ظاہر فرمائے گا اسے اس کے گھر کے اندر بھی رُسوا فرمادے گا۔ (دیکھئے:دلائل النبوۃ لابی نعیم، 2 / 262)
پیارے بچو! یہ ہمارے پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا معجزہ تھا کہ جب آپ چاہتے تو اتنی دور تک بھی اپنی آواز پہنچا دیا کرتے جہاں تک کسی ذریعے یا ٹیکنالوجی کے بغیر انسانی آواز نہیں پہنچ سکتی جیساکہ ایک بار جمعے کے دن منبر پر ارشاد فرمایا: اے لوگو! بیٹھ جاؤ۔ تو حضرت عبدُ اللہ بن رواحہ رضی اللہُ عنہ نے آپ کی مبارک آواز اپنے محلہ بنی غنم میں سُن لی اور حکم کی تعمیل میں اسی وقت بیٹھ گئے۔(دیکھئے:دلائل النبوۃ لابی نعیم، 2 / 263)
یہاں چند باتیں ہمیں سیکھنے کو ملتی ہیں:
*اللہ پاک نے اپنے محبوب بندوں کو زبردست اختیارات عطا فرمائے ہیں۔
*اپنے مسلمان بھائی کی غیبت کرنا اور اس کی خامیوں کی کھوج میں رہنا اچھی بات نہیں ، غیبت کرنا بھی حرام ہے اور مسلمان کی عزت اچھالنا بھی حرام ہے۔
*نیک نیتی اور خلوص کے ساتھ مسلمانوں کی دینی تربیت کی کوشش جاری رکھنی چاہئے۔
*اصلاح کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ جس کی اصلاح کرنی ہو اس کو سب کے سامنے مخاطب کرنے کے بجائے اجتماعی طور پر یوں اصلاح کردی جائے کہ دوسروں پر اس کی شخصیت ظاہر نہ ہو۔
*کسی کام کے کرنے کا ذہن بنانے کے لئے اس کے فائدے اور کسی کام سے روکنے کے لئے اس کے نقصانات سامنے والے کو بتانا بہت مفید ہوتاہے ۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی
Comments