دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

اے دعوتِ اسلامی تِری دھوم مچی ہے

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

* مولانا عمر فیاض عطاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ جون 2024ء


غزہ میں دعوتِ اسلامی کی جانب سے امدادی کام جاری

غزہ اِس وقت شدید انسانی بُحران کا شکار ہے جہاں پانی، خوراک اور طبی امداد کی اشد ضرورت ہے۔ اس موقع پر دعوتِ اسلامی کے فلاحی ادارے FGRF کی جانب سے غزہ میں ریلیف آپریشن جاری ہے۔ دعوتِ اسلامی مُیَسّر و موجود وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے امدادی سرگرمیوں میں مصروفِ عمل ہے اور اسپتالوں میں زیرِ علاج مریضوں اور اسکولوں میں قائم کیمپوں میں پکے ہوئے کھانے اور موسمی اثرات سے بچاؤ کے لئے وِنٹر پیکج کی تقسیم کا کام جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ آبادیوں میں خشک راشن تقسیم کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر FGRF کی جانب سے تمام عاشقانِ رسول سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے کہ خوراک، تیار فوڈ پارسل، ادویات، کپڑے اور بیماریوں سے بچنے کیلئے حفظانِ صحت کی ضروری چیزیں فلسطین کے مظلوم مسلمانوں تک پہنچانے میں ہمارا ساتھ دیجئے اور فلسطینیوں کا ہاتھ FGRF کےذریعے تھامئے۔

ڈونیشن کےلئے بینک کی تفصیلات نوٹ کرلیجئے

Bank Transfer Bank Name: LLOYDS Bank

Account name: FAIZAN GLOBAL RELIEF FOUNDATION UK

SHORT CODE: 309773

Account No: 46004868

IBAN: GB23LOYD30977346004868

BIC: OYDGB21087

FGRF دعوتِ اسلامی کے تحت سیریا (شام) میں

آرفن ہاؤس(یتیم خانے) کا افتتاح

اپریل 2024ء میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری نے ترکیہ اور سیریا کے بارڈر پر قائم ہونے والے یتیم خانے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔یہ یتیم خانہ دعوتِ اسلامی کے ویلفیئر FGRF اور ترکیہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ AFAD کے باہمی اشتراک سے تعمیر کیا گیا۔ اس یتیم خانے کی تعمیر کا بنیادی مقصد سیریا میں یتیم ہونے والے بچوں کی نگہداشت اور ان کی تعلیم وتربیت کے لئے ایسے گھروں کی تعمیر کرنا تھا جہاں ان بچوں کو اپنائیت کا احساس ہوسکے اور وہ اپنی زندگی علم اور ہنرحاصل کرکے گزار سکیں۔ تقریب سے مولانا عمران عطاری نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے آرفن ہاؤس کی تکمیل پر اللہ پاک کا شکر ادا کیا اور سیریا کے مظلوم اور یتیم بچّوں کی پرورش اور تعلیم وتربیت کےلئے قائم کئے جانے والے آرفن ہاؤس میں دارُالمدینہ اسلامک اسکول اور قراٰنِ پاک کی تعلیم دینے کےلئے مدرسۃُ المدینہ قائم کرنے کا اعلان کیا۔ اس افتتاحی تقریب کے دوران یتیم بچوں کو ان کے گھروں کی چابیوں کے ساتھ تحائف بھی پیش کئے گئے۔

پاکستان کے مختلف شہروں میں مساجد کا افتتاح

شعبہ خدامُ المساجد و المدارسُ المدینہ کے تحت مارچ 2024ء میں کراچی، لاہور، سیالکوٹ، ملتان، فیصل آباد، حافظ آباد، حیدر آباد اور سانگھڑ کے مختلف مقامات پر 12 مساجد کا افتتاح کیا گیا۔ مساجد کا افتتاح اراکینِ شوریٰ اور مبلغینِ دعوتِ اسلامی نے نماز کی ادائیگی اور سنتوں بھرے بیانات کے ذریعے کیا۔ بیانات میں شرکا کو نمازوں کی پابندی کرنے، خوب خوب نیکیاں کرنے اور دینی کاموں میں شرکت کرنے کا ذہن دیا گیا۔

دعوتِ اسلامی کے تحت 30 دن کا تربیتی اعتکاف

عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت گزشتہ سالوں کی طرح اس سال 2024ء میں بھی رمضانُ المبارک کا چاند نظر آتے ہی کراچی سمیت پاکستان کے 26 شہروں میں قائم مدنی مراکز فیضانِ مدینہ میں ایک ماہ کے تربیتی اعتکاف کا سلسلہ ہوا جن میں ہزاروں عاشقانِ رسول نے اعتکاف کی سعادت پائی۔ معلومات کے مطابق صرف دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں دنیا کے مختلف ممالک اور پاکستان بھر سے آئے ہوئے اعتکاف کرنے والے عاشقانِ رسول کی تعداد آٹھ ہزار سے زائد تھی۔ ان تمام مقامات پر ہونے والے اعتکاف میں دین کے بنیادی مسائل سے آگاہی فراہم کی گئی جبکہ پورے ماہِ رمضان میں امیرِ اہلِ سنّت کے مدنی مذاکروں، نگرانِ شوریٰ اور اراکینِ شوریٰ کے بیانات کا سلسلہ بھی ہوا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے بھرپور انتظامات کئے گئے تھے جبکہ معتکفین کے لئے دعوتِ اسلامی کی جانب سے فری میڈیکل کیمپس، سحری، افطار اور کھانے کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

ہفتہ وار رسائل کی کارکردگی (مارچ 2024ء)

شیخ ِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  یا آپ کے خلیفہ حضرت مولانا عبید رضا عطاری مدنی  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  ہر ہفتے ایک مدنی رسالہ پڑھنے/سننے کی ترغیب دلاتے اور پڑھنے/سننے والوں کو دُعاؤں سے نوازتے ہیں، مارچ 2024ء میں جن رسائل کے پڑھنے/سننے کی ترغیب دی گئی، ان کے نام اور ان کی کارکردگی ملاحظہ کیجئے: (1)یادِ رمضان: 24لاکھ 19ہزار459 (2)سیرتِ شہنشاہِ بغداد: 22لاکھ 99ہزار 193 (3)فیضانِ سَری سقطی  رحمۃُ اللہ علیہ : 19لاکھ 55ہزار 616 (4)موت کا ذائقہ: 26لاکھ 2ہزار 770۔

مارچ 2024ء میں امیرِ اہلِ سنّت کی جانب سے

جاری کئے گئے پیغامات کی تفصیل

شیخ ِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  نے مارچ 2024ء میں نجی پیغامات کے علاوہ المدینۃ العلمیہ (اسلامک ریسرچ سینٹر) کے شعبہ ”پیغاماتِ عطّاؔر“ کے ذریعے تقریباً 3636 پیغامات جاری فرمائے جن میں 553 تعزیت کے، 2917عیادت کے جبکہ 166دیگر پیغامات تھے۔ ان پیغامات کے ذریعے امیرِ اہلِ سنّت  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  نے بیماروں سے عیادت کی، انہیں بیماری پر صبر کا ذہن دیا جبکہ مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے مغفرت اور بلندیِ درجات کی دُعا کی۔

”انتقالِ پُرمَلال“

نبیرۂ صدرُالشریعہ، جگرگوشۂ محدثِ کبیر، استاذُالعلماء حضرت علّامہ مفتی عطاءُ المصطفیٰ اعظمی مصباحی نوری صاحب بحالتِ سفرِ عمرہ ”طائف،عرب شریف“ میں ایکسیڈنٹ ہونے کے سبب 6شوالُ المکرم1445ھ مطابق 15اپریل2024ء کو شہادت پاگئے۔ اِنَّا لِلہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن۔ آپ کی تدفین 18 اپریل کو طائف میں حضرت عبدُاللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کے مزار مبارک کے پاس والے قبرستان (مقبرہ) میں کی گئی۔ مفتی صاحب کے انتقال پر شیخ ِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  نے مفتی صاحب کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اوراپنے ویڈیو پیغام کے ذریعے بلندیِ درجات کی دُعائیں کیں۔ مجلس ماہنامہ فیضانِ مدینہ بھی دُعاگو ہے کہ اللہ پاک ان کی دینی خدمات قبول فرمائے اور جنّت میں ان کے درجات بلند فرمائے۔اٰمین


دعوتِ اسلامی کی تازہ ترین اپڈیٹس کے لئے وزٹ کیجئے

news.dawateislami.net

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ، ذمہ دار شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب و روز کراچی


Share