بچوں کی فرضی کہانی
اعلیٰ حضرت کون ہیں؟
ابو معاویہ عطاری مدنی
ماہنامہ صفرالمظفر1440ھ
حماد اپنے بڑے بھائی عِمادکے ساتھ بیٹھ کر مدنی چینل دیکھ رہا تھا ، جس پر “ اعلیٰ حضرت اور شاعری “ کے بارے میں سلسلہ چل رہا تھا۔ حماد بھائی جان! یہ اعلیٰ حضرت کون ہیں ؟ عماد ان کے بارے میں مجھے بھی نہیں پتا ! ایسا کرتے ہیں کہ کل دوپہر کے وقت مدرسہ میں قاری صاحب سے پوچھ لیں گے۔ حماد یہ ٹھیک رہے گا۔ دوسرے دن جب یہ دونوں بھائی قراٰن پاک پڑھنے کیلئے قاری صاحب کے پاس پہنچے تو حماد کہنے لگا : قاری صاحب! آپ سے کچھ پوچھنا ہے۔ قاری صاحب جی بیٹا! کیا پوچھنا ہے؟ حماد رات کو مدنی چینل پر ایک سلسلہ آرہا تھا جس میں باربار “ اعلیٰ حضرت “ کا نام لیا جا رہا تھا ، یہ اعلیٰ حضرت کون ہیں؟ قاری صاحب اعلیٰ حضرت ایک بہت بڑے عالمِ دین اور وَلِیُّ اللہ تھےجنہوں نے اپنی ساری زندگی دینِ اسلام کی خوب خدمت کی اور اسلام کے دشمنوں کو بے نقاب کیا۔ اعلیٰ حضرت ہند کے شہر بریلی میں پیدا ہوئے ان کا اصل نام ’’محمد‘‘ تھا لیکن دادا نے ’’احمد رضا‘‘ کہہ کر پکارا اور اسی نام سے مشہور ہوئے۔ عماد قاری صاحب ! پھر ان کو اعلیٰ حضرت کیوں کہا جاتا ہے؟ قاری صاحب بڑے بڑے عالم اور مفتی بھی آپ سے مسئلہ پوچھا کرتے تھے سب لوگ آپ کی بہت عزت اور احترام کرتے تھے اس لئے آپ سے محبت کرنے والے پیار سے آپ کو اعلیٰ حضرت کے نام سے یاد کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو بہت سے کمالات سے نوازا تھا ، اتنے ذہین تھے کہ ساڑھے چارسال کی چھوٹی سی عمر میں آپ نے قراٰنِ مجید ناظِرہ مکمَّل پڑھ لیا۔ (تذکرہ امام احمد رضا ، ص3) آپ کا حافظہ اتنا مضبوط تھا کہ صرف ایک ماہ میں قراٰنِ کریم حفظ کر لیا۔ 13 سال 10 ماہ 4 دن کی عُمر میں آپ نے ایک سُوال کے جواب میں پہلا فتویٰ دیا۔ آپ کئی فنون (Arts) کے ماہر (Expert) تھے ، آپ نے تقریباً ایک ہزار کتابیں لکھیں۔ قراٰنِ پاک کا ترجمہ بھی کیا جس کا نام “ کنزالایمان‘‘ ہے۔ حماد میں نے سنا ہے کہ وہ نعتیں بھی لکھا کرتے تھے ۔ قاری صاحب جی ہاں! وہ نعتیں بھی لکھا کرتے تھے بلکہ انہیں نعت لکھنے میں کمال حاصل تھا ، آپ کے زمانہ میں بڑے بڑے شاعر گزرے ہیں لیکن آپ کی اور ان کی شاعری میں جو بہت بڑا فرق ہے وہ سچا عشقِ رسول ہے جس نے آپ کو ان تمام شاعروں پر فضیلت دیدی۔ آپ نے ایک نعت ایسی بھی لکھی ہے جس میں عربی ، فارسی ، ہندی اور اردو چار زبانوں کے الفاظ شامل ہیں۔ عماد قاری صاحب! کیا ان کی لکھی ہوئی نعتیں ایک جگہ پر مل سکتی ہیں ؟ قاری صاحب جی ہاں! ان کی لکھی ہوئی نعتوں کو ایک کتاب میں جمع کر دیا گیا ہے جس کا نام ’’حدائقِ بخشش‘‘ ہے۔ حماد ہم اسے ضرور حاصل کریں گے اور پیارے نبی صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی نعتیں جھوم جھوم کر پڑھیں گے۔ قاری صاحب اللہ تعالیٰ آپ دونوں کو خوش رکھے اور ہمیشہ اپنے پیارے رسول صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی نعتیں پڑھتے رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔ حماد اور عماد اٰمین! قاری صاحب آپ کا شکریہ کہ آپ نے ہمیں اللہ پاک کے دین کو مسلمانوں تک پہنچانے والے ایک بہت بڑے عالم کے بارے میں بتایا۔
Comments