دشمن کو معاف کردو

باتوں سے خوشبو آئے

دشمن کو معاف کردو

(1)ارشادِ حضرت سیّدنا علیُّ المرتضیٰ کَرَّمَ اللہ تعالٰی وجہَہُ الکریم: جب تم اپنے دشمن سے بدلہ لینے پر قادر ہوجاؤ تو اسکے شکرانے میں اسے معاف کر دو۔(الکواکب الدریۃ، قسم اول،ج 1،ص102)

ان میں سے نہ ہونا

(2)ارشادِ حضرت سیّدنا علیُّ المرتضیٰ کَرَّمَ اللہ تعالٰی وجہَہُ الکریم: ان لوگوں میں سے مت ہونا جنہیں نصیحت اسی وقت فائدہ دیتی ہے جب ملامت میں مبالغہ کیا جائے۔(المستطرف،ج1،ص139)

لالچ کی چمک

(3)ارشادِ حضرت سیّدنا علیُّ المرتضیٰ کَرَّمَ اللہ تعالٰی وجہَہُ الکریم: لالچ کی چمک دیکھ کر عقل اکثر مار کھا جاتی ہے۔

(المستطرف،ج 1،ص128)

تجربات سے فائدہ اٹھانے کی اہمیت

(4)ارشادِحضرت سیّدنا امیر معاویہ رضی اللہ تعالٰی عنہ:جو آدمی تجربات سے فائدہ نہ اٹھائے وہ بلند مقام حاصل نہیں کر سکتا۔ (احیاء العلوم،ج3،ص230)

بات کرنا دوا کی طرح ہے

(5)ارشادِ حضرت سیّدنا عَمْرو بن عاص رضی اللہ تعالٰی عنہ:بات کرنا دوا کی طرح ہے، تھوڑی مقدار میں ہو توفائدہ مند ہوگا اور اگر زیادہ ہو تو نقصان دہ ثابت ہوگا۔(حسن السمت فی الصمت، ص100)

بری صحبت کی نحوست

(6)ارشادِ حضرت سیّدنا ابوبکر شبلی علیہ رحمۃ اللہ الوَلی: بُرے لوگوں کی صحبت کی نحوست سے نیک بندوں کے بارے میں بدگمانی پیدا ہوتی ہے۔(الکواکب الدریۃ،ج2،ص86)

حسنِ اخلاق کی تعریف

(7)ارشادِحضرت سیّدنا عبداللہ بن مبارک رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ: خندہ پیشانی سے ملاقات کرنے، خوب بھلائی کرنے اور کسی کو تکلیف نہ دینے کا نام حسنِ اخلاق ہے۔ ( ترمذی،ج 3،ص404)

سب سے افضل شخص

(8)ارشادِ حضرت سیّدنا معاویہ بن قُرّہ رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ: اللہ پاک کے نزدیک لوگوں میں سب سے افضل وہ شخص ہے جس کاسینہ کینےسےپاک ہواوروہ غیبت سےبچتاہو۔(المستطرف، ج1،ص148)

احمد رضا کا تازہ گُلستاں ہے آج بھی

کب کس مضمون کی آیات و احادیث پڑھی سنی جائیں؟

(1)جب تک زیست (یعنی زندگی) ہے (مسلمان کو چاہئے کہ) آیات و احادیثِ خوف کے ترجمے اکثر سُنا اور دیکھا کرے اور جب وقت برابر (یعنی موت کا وقت)آجائے،(دوسرے لوگ) اُسے آیات واحادیثِ رحمت مع ترجمہ سُنائیں کہ جانے کہ کس کے پاس جارہا ہوں تاکہ اپنے رب کے ساتھ نیک گمان کرتا اُٹھے۔(فتاویٰ رضویہ،ج 9،ص82)

عالمِ دین کی اہمیت

(2)عالمِ دین کو،جس کے علم کی طرف یہاں (یعنی اس کے شہر) کے لوگوں کو حاجت ہے اُسے ہجرت ناجائز ہے، ہجرت درکنار (عُلَما) اُسےسفرِ طویل کی اجازت نہیں دیتے۔(فتاویٰ رضویہ، ج21،ص282)

شیطان کس سے قریب ہے؟

(3)جو شیطان کو دور سمجھتا ہے شیطان اس سے بہت قریب ہے۔(فتاویٰ رضویہ،ج23،ص686)

حقوق العباد کی ایک احتیاط

(4)جب وقت لوگوں کی نیند کا ہو یا کچھ نماز پڑھ رہے ہوں تو ذکر کرو جس طرح(چاہو)مگر نہ اتنی آواز سے کہ ان کو ایذا (تکلیف) ہو۔(فتاویٰ رضویہ،ج23،ص179)

نسب کے باعث تکبر کرنا

(5)نسب کے سبب اپنے آپ کو بڑا جاننا،تکبر کرنا، جائز نہیں۔ (فتاویٰ رضویہ،ج255،ص23)

اپنے طور پر ترجمۂ قراٰن پڑھنے کا نقصان

(6)قرآنِ عظیم کے مطالب(معانی) سمجھنابلاشبہ مطلوبِ اعظم ہے مگر بے علمِ کثیر و کافی کے ترجمہ دیکھ کر سمجھ لیناممکن نہیں بلکہ اس کے نفع (فائدہ)سے اس کا ضرر(نقصان) بہت زیادہ ہے جب تک کسی عالم ماہر کامل سنی دین دار سے نہ پڑھے۔(فتاویٰ رضویہ،ج382،ص23)

کفار سے کام سیکھنا کیسا؟

(7)کوئی فی نفسہ جائز کام کفار سے سیکھنے میں حرج نہیں اگر چہ انھیں کی ایجاد ہو جیسے گھڑی، تار، ریل وغیرہا۔

(فتاویٰ رضویہ،ج 458،ص23)

عطّار کا چمن، کتنا پیارا چمن!

رونے والی آنکھیں مانگو،رونا سب کا کام نہیں

(1)خوفِ خدا و عشقِ مصطفےٰ مىں رونا بھی اللہ پاک کی ایک نعمت ہے، جسے خوفِ خدا و عشقِ مصطفےٰ مىں رونا نہ آئے اُسے (ریاکاری سے بچتے ہوئے) رونے کى بَتکلُّف کوشش کرنى چاہئے۔(مدنی مذاکرہ، یکم ربیع الاول1439ھ)

بیعت کس لئے کی جائے؟

(2)کسی بھی جامع شرائط پىر سے دُنىوى کام کے لئے بیعت نہ کی جائے بلکہ نفس و دل کی اصلاح، نىک اعمال کى کثرت کی توفیق، ایمان کی سلامتی و دین پر استقامت پانے کے لئے (بیعت) کی جائے۔

(مدنی مذاکرہ، 22صفرالمظفر1439ھ)

پاکستان بہت بڑی نعمت ہے

(3)وطنِ عزیز پاکستان ہمارے لئے بہت بڑی نعمت ہے اِس کی تعمیر میں ہم سب کو حصہ لینا چاہئے۔ اے کاش! ہمارا ملک حقیقی معنوں میں اسلام کا مضبوط قلعہ بن جائے۔(مَدَنی مذاکرہ،17رمضان المبارک1437ھ)

اچھی صحبت کی برکت

(4)رَنگ باتوں سے کم اور صحبت سے زیادہ چڑھتا ہے، لہٰذا اچّھوں کی صحبت اپنائیے۔

(مَدَنی مذاکرہ،25ذوالحجۃ الحرام1435ھ)

کھانسی کا گھریلو علاج

(5)اگر کھانسی بہت زیادہ ہوتو ہر ایک گھنٹے بعدایک عدد لونگ اچھی طرح چباکر لُعاب سمیت نِگلنا مفید ہے۔

(مدنی مذاکرہ، 4رجب المرجب1438ھ)

عالمِ دین بنائیے

(6)ہر مسلمان کو چاہئے کہ کم از کم اپنے ایک بیٹے اور بیٹی کو عالِم و عالِمہ ضرور بنائے۔

(مَدَنی مذاکرہ،10محرم الحرام1436ھ)


Share

Articles

Comments


Security Code