دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں
* عمر فیاض عطّاری مدنی
ماہنامہ جمادی الاولیٰ 1442
واہگہ ٹاؤن لاہور میں 33مقامات پر مساجد ، مدارسُ المدینہ اور جامعاتُ المدینہ کا افتتاح
افتتاحی تقاریب میں رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطّاری کی شرکت
11 اکتوبر 2020ء کوواہگہ ٹاؤن کابینہ(لاہور)میں 33 مقامات پرمساجد ، مدارسُ المدینہ اور جامعاتُ المدینہ کا افتتاح ہوا۔ افتتاحی تقاریب میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن اورنگرانِ لاہورریجن حاجی یعفور رضا عطّاری نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق تاج باغ ، رحمت ٹاؤن ، عرفان گارڈن ، الاحمد گارڈن ، رائل پام ، کوٹ دونی چند ، بھیسن ، چھاپہ اور نور محمدبھماں میں 9 مساجد ، سُک نہر ، معیذ ٹاؤن اور جھگیاں میں 3 جامعاتُ المدینہ للبنین ، مومن پورہ ، رفیق پلازہ زیتون کالونی ، برہمن آباد اور نواب پورہ میں 4جامعاتُ المدینہ للبنات ، عزیزیہ مسجد ، سُک نہر ، مومن پورہ ، جھگیاں لکھو ڈھیر ، جھگیاں کھیرہ پل اور قلعہ میں 6 مدارسُ المدینہ للبنین جبکہ نیم پیر ، مومن پورہ ، رام پورہ ، مناواں ، بھیسن ، فتح گڑھ ، گلشن پارک ، برہمن آباد ، رحمت ٹاؤن ، قلندرپورہ اور مشینری مارکیٹ میں 11مدارسُ المدینہ للبنات کا افتتاح کیا گیا۔
مختلف شہروں میں مدنی عُلَما کی دستار بندی کی پُر وقار تقاریب
1035 فارغُ التحصیل مدنی عُلَماکو دستار اور اَسناد سے نوازا گیا
تفصیلات کے مطابق 12اکتوبر2020(صفرُالمظفر1442ھ کی 25ویں شب)دعوتِ اسلامی کی مجلس جامعۃُالمدینہ کے زیرِ اہتمام درسِ نظامی (عالم کورس) اور تخصصات (حدیث ، فقہ ، امامت)سےفارغُ التحصیل 1035مدنی عُلَمائے کرام کواسناد اور دستار بندی سے نوازنے کے لئے کراچی ، حیدرآباد ، ملتان ، فیصل آباد ، اوکاڑہ ، لاہور ، گوجرانوالہ اور اسلام آباد میں پُروقار تقاریب کا انعقاد کیا گیا ٭مرکزی تقریب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہوئی جس میں امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ محمد الیاس عطّار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ ، نگرانِ شوریٰ مولانا محمد عمران عطاری ، سکھر سے مفتی ابراہیم قادری صاحب ، راولپنڈی سے مولانا غفران محمود سیالوی صاحب ، دیگر اراکینِ شوریٰ اور جید اساتذہ کرام نے خصوصی طور پر شرکت فرمائی ، دستارِ فضیلت کے اس اجتماع میں 344 طلبۂ کرام کی دستار بندی کی گئی ٭مدنی مرکز فیضان ِمدینہ حیدر آباد میں 66 طلبۂ کرام کی دستار بندی کی گئی۔ اس موقع پر اراکینِ شوریٰ حاجی محمد اسد عطّاری مدنی ، نگرانِ حیدرآبادریجن حاجی فاروق جیلانی عطّاری بھی موجود تھے۔ رکن شوریٰ حاجی محمد اسد عطّاری مدنی نے سنتوں بھرا بیان فرمایا ٭فیضانِ مدینہ ملتان میں درس نظامی مکمل کرنے والے 77 طلبۂ کرام کی دستار بندی کی گئی۔ رکنِ شوریٰ قاری سلیم عطّاری نے اعلیٰ حضرت اِمام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ کی سیرت پر سنتوں بھرا بیان فرمایا ٭مدنی مرکز فیضانِ مدینہ مدینہ ٹاؤن فیصل آباد میں نگران پاکستان انتظامی کابینہ حاجی محمد شاہد عطّاری ، نگرانِ مجلس جامعۃ المدینہ للبنین (پاکستان) محمدظفرعطّاری مدنی اور اساتذۂ کرام نے 94 طلبۂ کرام کی دستار بندی کی٭اوکاڑہ میں رکنِ شوریٰ ونگرانِ فیصل آباد ریجن حاجی رفیع عطّاری نے شرکت فرمائی جہاں 57 طلبۂ کرام کی دستار بندی کا سلسلہ ہوا ٭مدنی مرکز فیضانِ مدینہ جوہر ٹاؤن لاہور میں منعقددستار ِفضیلت اجتماع میں استاذُ الحدیث مفتی محمدہاشم خان عطّاری ، رکن شوریٰ ونگرانِ لاہورریجن حاجی یعفور رضا عطّاری ، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت دیگر عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ اس موقع پر لاہور سے فارغُ التحصیل ہونے والے 236 طلبۂ کرام کی دستار بندی کی گئی ٭گوجرانوالہ میں رکنِ شوریٰ حاجی جنید عطّاری مدنی نے شرکت فرمائی جہاں 88 طلبۂ کرام کی دستار بندی کی گئی ٭فیضانِ مدینہ اسلام آباد میں رکنِ شوریٰ ونگرانِ اسلام آبادریجن حاجی وقارُ المدینہ عطّاری نے 73طلبۂ کرام کے سروں پر دستار سجائی۔
فیضانِ مدینہ سیہون شریف میں جامعۃالمدینہ کا افتتاح
افتتاحی تقریب میں رکنِ شوریٰ حاجی اسد عطّاری مدنی نے بیان کیا
دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام 13 اکتوبر 2020ء / 25صفرالمظفر 1442ھ کو سندھ کے شہر سیہون شریف کالج روڈ پر قائم مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں عرسِ اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ اور جامعۃُ المدینہ کے افتتاح کےسلسلے میں سنّتوں بھرے اجتماع(اجتماع یومِ رضا) کا انعقاد کیا گیا جس میں دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران اور مقامی اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔ رکن شوریٰ حاجی محمد اسد عطّاری مدنی نے سنتوں بھرا بیان کیا اور شرکا کو جامعۃ ُالمدینہ میں اپنےبچّوں کا داخلہ کروانے کا ذہن دیا۔ اس موقع پر رکنِ شوریٰ حاجی محمد فاروق جیلانی عطّاری بھی موجود تھے۔
مجلس تاجران کے زیرِ اہتمام انٹرنیشنل سطح پر تاجر اجتماع کا انعقاد
نگرانِ شوریٰ کا خصوصی بیان ، ہزاروں تاجروں کی شرکت
4اکتوبر 2020ء / 16صفرالمظفر1442ھ کوپاکستان سمیت دیگر ممالک میں مجلس تاجران کے زیرِ اہتمام تاجر اجتماع کا انعقاد کیا گیا ۔ مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران حاجی مولانا محمد عمران عطّاری مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی نے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی سے بذریعہ مدنی چینل سنتوں بھرا بیان فرمایا۔ اس تاجر اجتماع میں بزنس مین ، فیکٹری مالکان سمیت دیگر تاجروں نے شرکت کی۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان میں تقریباً1730 مقامات پر جبکہ تھائی لینڈ میں 2 ، ساؤتھ کوریامیں 4 ، ہانگ کانگ میں 8 ، جاپان میں 3 ، چائنہ میں 5اورساؤتھ افریقہ میں 3مقامات پرتاجر اجتماعات ہوئے۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ* ذمہ دار شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب و روز ، کراچی
Comments