جانوروں کی سبق آموز کہانیاں

 سفری سردار!( قسط : 02)

*   ابو معاویہ عطاری مدنی

ماہنامہ جمادی الاولیٰ 1442

گزشتہ سے پیوستہ

پُرانا تالاب پہنچے تو سفری پہلے سے بھی زیادہ حیران ہوگیا کہ یہاں تو پورا علاقہ ہی ایک رنگ و نسل کے مینڈکوں کا ہے ، اس کے سامنے سارے مینڈک چھوٹے بچّے جیسے لگتے تھے ، یہاں تک کہ ان میں سب سے بڑا جو کہ ان کا سردار تھا سفری کی ٹانگوں تک مشکل سے پہنچ پا رہا تھا۔

دوسرے دن شام کا وقت ہوا تو سردار مینڈک نے سفری مینڈک سے کہا :

 جناب سفری! آپ کے لئے خاص اہتمام کیا گیا ہے ، پُرانے تالاب کے رہائشی خوشی کے موقع کا انتظار کر رہے ہیں ، باہر چلئے! اس خوشی کی تقریب کا آغاز کرتے ہیں۔ سفری کو بات کچھ سمجھ نہیں آئی لیکن وہ سردار کے ساتھ مہمان خانے سے باہر نکل آیا۔

مینڈکوں کی ایک جماعت بڑے ادب کے ساتھ مہمان خانے کی طرف چلی آرہی تھی اور علاقے کے باقی مینڈک پہلے سے ہی وہاں جمع ہوچکےتھے۔

مینڈکو ں کی جماعت جب مہمان خانے کے قریب پہنچی تو دو جوان مینڈک جماعت  کے درمیان سے نکل کر سامنے آئے اور سردار و سفری مینڈک کے سامنے ایک خوبصورت تاج رکھ دیا۔

سردار مینڈک نےآگے بڑھ کر وہ تاج اٹھایا پھر سفری کی طرف متوجہ ہوکر کہنے لگا : جناب! آج  کے بعد اس تاج کے حق دار آپ ہیں ، ہمارے ہاں یہ روایت ہے کہ جو سب سے بڑا ہوتا ہے اسے حاکم مانا جاتا ہے اور باقی اس کے نوکر بن جاتے ہیں ، آج کے بعد آپ ہمارے حاکم اور مجھ سمیت سارے علاقے والے آپ کی رعایا۔

سردار کے خاموش ہوتے ہی پورا علاقہ نعروں سے گونجنے لگا :

ہمارے سردار                                           تمہارے سردار

سفری سردار                     سفری سردار

اگر آپ کی رسم ہے تو بھلا میں اس کو کیسے توڑ سکتا ہوں اور اپنے جیسوں کے دل کو کیسے رنج دےسکتا ہوں ، دل ہی دل میں خوش ہوتے ہوئےسفری نے عہدہ قبول کیا اور تاج کو اپنے سر پر سجالیا۔

سفری کے تو مزے آگئے ، سارا دن آرام ، وقت پر کھانا پینا وہ بھی کئی ڈشز ، جہاں جائے نوکروں کی ایک تعداد ساتھ  ساتھ ہومطلب کہ بے گھر سفری مینڈک کو تو شاہی گھر مل گیا تھا۔

سفری اب کافی موٹا تازہ بھی ہوگیا تھا اور پہلے سے زیادہ بڑا معلوم ہوتا تھا کہ ایک دن میں تین تین وقت کھانا جو کھا رہا تھا۔ مگر! سفری اتنے سکون کے بعد بھی اپنے محسن کو بھولا نہیں بلکہ خبری مینڈک کو اس نے اپنا خاص آدمی مقرر کر دیا تھا جو اسے پورے علاقے کی خبروں سے آگاہ رکھتا اور ہر طرح کی نقل و حرکت(Movement) سے خبردار رکھتا تھا۔

ایک دن اچانک سفری کے ساتھ کیا ہوا؟یہ جاننے کے لئے انتظار کیجئے اگلے ماہ کے “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کا!

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ*   ماہنامہ  فیضانِ مدینہ ، کراچی

 


Share

Articles

Comments


Security Code