مدنی مذاکرے کے سُوال جواب

ماہنامہ جمادی الاولیٰ 1442

(1)صفوں میں کس طرح کرسی رکھ کر نماز پڑھیں؟

سُوال : بعض لوگ اپنی کرسی صفوں میں رکھتے ہیں لیکن مکمل نماز اس پر بیٹھ کر پڑھنے کے بجائے قیام کے لئے کھڑے ہو جاتے ہیں اور رُکوع کر کے سجدہ کے لئے بیٹھ جاتے ہیں اور اس طرح کھڑے ہونے کی وجہ سے ان کی ایڑیاں دیگر نمازیوں سے کافی آگے نکل جاتی ہیں ، اس طرح ان کا کھڑاہونا کیسا ہے؟

جواب : یہ بہت غلط طریقہ ہے ، کرسی کو صَف میں اس طرح رکھیں کہ دیگر نمازیوں کی ایڑیوں کی سیدھ میں اس کا آخری سِرا آجائے ، اب اس پر بیٹھ کر نماز پڑھ لیں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

(کرسی پر نماز پڑھنے کے احکام ، ص7-مدنی مذاکرہ ، 3ربیع الآخر1441ھ)

(مزید معلومات حاصل کرنے کے لئے 36 صفحات پر مشتمل رِسالہ “ کرسی پر نماز پڑھنے کے اَحکام “ کا مُطالعہ کیجئے۔ اِس رسالے میں کُرسی پر نماز پڑھنے کے اَحکام ، مسجد میں دَورانِ نماز کرسیاں کہاں رکھنی چاہئیں؟ کرسی پر نماز پڑھنے والے کے قیام اور کرسی کے آگے لگی ہوئی تختی پر سجدہ کرنے کے شرعی اَحکام بیان کئے گئے ہیں۔)

(2)کیاتہجد کی قضا کی جاسکتی ہے؟

سُوال : کیا تہجد کی قضا کی جا سکتی ہے؟

جواب : پیارے آقا  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  پر تہجد فرض تھی ، ہم پر تہجد فرض نہیں ہے ، نفل ہے۔ (تفسیرخازن ، پ29 ، المزمل : 4 ، 4 / 344) اِس لئے اس کی قَضا نہیں ہے۔ (رد المحتار ، 2 / 567) پڑھ لی تو پڑھ لی ، چُھوٹ گئی تو چھوٹ گئی۔ (مدنی مذاکرہ ، 4 ربیع الآخر 1441ھ)

(3)اُلٹی چٹائی پر نَماز پڑھنا کیسا؟

 سُوال : اگر کوئی شخص اُلٹی چٹائی پر نماز پڑھ لے تو کیا اُس کی نماز ہو جائے گی؟

جواب : جی ہاں! اُس کی نماز ہو جائے گی۔ (مدنی مذاکرہ ، 4 ربیع الآخر 1441ھ)

(4)کیا خالو سے پَردہ ہے؟

سُوال : کیا خالو سے پَردہ ہے؟

جواب : جی ہاں!خالو اور پھوپھا ، نیز بہنوئی ، جیٹھ اور دیور سے بھی پردہ ہے۔ (دیکھئے : فتاویٰ رضویہ ، 22 / 217) البتہ چچا اور ماموں سے پَردہ نہیں ہے۔ (دیکھئے : فتاویٰ رضویہ ، 22 / 235) بعض اَوقات اس طرح کے جُملے بولے جاتے ہیں کہ اس سے کیا پَردہ یہ تو گھر کا آدمی ہے ، اِسی طرح پڑوسی کو کہہ دیا جاتا ہے کہ آپ سے کیا پَردہ! آپ تو گھر کے آدمی ہیں! تو یُوں اپنے بول دینے سے پَردے کا حکم ہرگز تبدیل نہیں ہو سکتا ، یہ بے تکی دلیلیں آخرت میں پھنسا دیں گی۔ اللہ پاک اور اُس کے آخری نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے جو کچھ فرمایا وہی حق ہے۔

(مدنی مذاکرہ ، 4 ربیع الآخر 1441ھ)

(5)توحید کسے کہتے ہیں؟

سُوال : توحید کسے کہتے ہیں؟

جواب : توحید یعنی اللہ پاک کو ایک ماننا۔ پھر اس کی بھی تفصیلات ہیں۔ اللہ پاک کے ساتھ اُس کی ذات و صفات میں کسی کو شریک نہ کرنا بھی توحید میں شامل ہے۔

(تفسیر صاوی ، پ30 ، الاخلاص : 1 ، 6 / 2451-مدنی مذاکرہ ، 4 ربیع الآخر 1441ھ)

(6)اَنصار صحابہ کون تھے؟

سُوال : انصار صحابۂ کِرام  رضی اللّٰہ عنہم  کون تھے؟

جواب : یہ وہ تھے جو مدینہ شریف میں پہلے سے موجود تھے اور اِنہوں نے مَکَّۂ مُکَرَّمَہ سے ہجرت کر کے آنے  والے مُہاجِر صحابۂ کِرام  رضی اللّٰہ عنہم  کی مدد کی تھی ، اِسی لئے اِنہیں “ اَنصار یعنی مدد کرنے والے “ کا لقب مِلا۔ (تفسیرنسفی ، ص422-مدنی مذاکرہ ، 4 ربیع الآخر 1441ھ)

(7)گھر کے آسیب کا علاج

سُوال : بعض اَوقات نئے گھروں میں آسیب اور جنات کا مُعامَلہ ہوتا ہے ، اِس کا کیا حل ہے؟

جواب : جس گھر میں نمازیں پڑھی جائیں ، تِلاوتیں اور ذِکر و اَذکار ہوں تو وہ گھر بہت ساری بَلاؤں اور آفتوں سے بچا رہتا ہے۔ جبکہ جس گھر میں گانے باجے ، فلمیں ڈرامے ، گالی گلوچ اور لڑائی جھگڑے نیز شراب پینے پلانے جیسے گناہ ہوں اُس میں بَلاؤں کا زیادہ آنا جانا رہتا ہے۔ اِس لئے اپنے گھر کو پیارے آقا  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی سُنّتوں سے سجائیں ، نعت شریف اور تِلاوت کی آوازیں آئیں ، اِنْ شَآءَ اللّٰہ شیطان بھاگ جائیں گے۔ شاہ  وَلِیُّ اللہ محدث دہلوی  رحمۃ اللّٰہ علیہ  فرماتے ہیں : اَصحابِ کہف کے نام اگر لکھ کر لگا دئیے جائیں تو شریر جنات گھر میں نہیں آتے اور اگر ہوں تو بھاگ جاتے ہیں۔ (شفاء العلیل مع  القول الجمیل ، ص162) اِس کے کئی اور بھی روحانی علاج ہیں۔ (مدنی مذاکرہ ، 4 ربیع الآخر 1441ھ)

(8)اللہ پاک کے دوست کون؟

سُوال : اللہ پاک کے دوست کون لوگ ہوتے ہیں؟

جواب : اللہ پاک جسے چاہتا ہے اپنا دوست بنا لیتا ہے۔ نیک نمازی ، متَقی ، پرہیزگار ، ماں باپ کے فرماں بردار ، سچ بولنے والے ، جھوٹ ، غیبت اور چغلی وغیرہ گناہوں سے بچنے والے اللہ پاک کے دوست ہوتے ہیں۔ (مدنی مذاکرہ ، 4 ربیع الآخر 1441ھ بتغیر)

(9)کیا جنَّت میں عورتوں کو دیدارِ اِلٰہی ہو گا؟

سُوال : کیا عورتوں کو بھی جنَّت میں اللہ پاک کا دِیدار ہو گا؟

جواب : بالکل ہو گا۔ ([i])(مدنی مذاکرہ ، 5ربیع الآخر1441ھ)

(10)کیا سب آسمانی کتابیں عَرَبی میں نازِل ہوئی ہیں؟

سُوال : کیا سب آسمانی کتابیں عربی میں نازل ہوئی ہیں؟

جواب : جی نہیں! عِبْرانی اور سُریانی میں بھی نازِل ہوئی ہیں۔ ([ii])(مدنی مذاکرہ ، 6ربیع الآخر 1441ھ)

(11)آب زَم زَم سے چائے بنانا کیسا؟

سُوال : آبِ زَم زَم سے ، یا دَم کئے ہوئے پانی سے چائے بنا سکتے ہیں؟

جواب : سُبْحٰنَ اللّٰہ! بالکل بنا سکتے ہیں ، اِنْ شَآءَ اللّٰہ بَرکت بڑھ جائے گی۔ ایسی چائے کی پتی پکنے کے بعد کچرے کے ڈبے کے بجائے اَدب کی جگہ ڈالنی مُناسب ہے۔ لوگ کھانے کی چیزوں پر بھی تو دَم کرتے ہیں۔

 (مدنی مذاکرہ ، 6ربیع الآخر 1441ھ)



([i])   جنَّت کی نعمتیں مَرد و عورت میں مشترک (یعنی ان میں دونوں شریک) ہیں ، (مثلاً) محلات ، لباس ، غِذائیں ، خوشبویات وغیرہا۔ البتہ دیدارِ اِلٰہی میں اِختلاف ہے اور صحیح یہ ہے کہ (دیدارِ اِلٰہی بھی مَرد و عورت) دونوں کو ہوگا۔ (فتاویٰ اہلِ سنّت ، سلسلہ نمبر7 ، ص24)

([ii])   تورات اور زبور عِبْرانی زبان میں ، انجیل سُریانی زبان میں اور قرآنِ کریم عَرَبی زبان میں نازل ہوا۔ (ہمارا اسلام ، ص91)


Share