اے دعوتِ اسلامی تِری دھوم مچی ہے
دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں
*مولانا عمر فیاض عطاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ مارچ2024ء
چکواوا ملاوی میں ”Welcome to Islam“ کا انعقاد
پروگرام میں شریک 54 غیر مسلموں نے اسلام قبول کرلیا
افریقی ملک ملاوی کے ضلع چکواوا (Chikwawa) میں 16دسمبر 2023ء کو شعبہ فیضانِ اسلام (دعوتِ اسلامی) کے تحت ”Welcome to Islam“ پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں مفتی عبد النبی حمیدی عطاری مدظلہ العالی، رکنِ شوریٰ حاجی محمد اطہر عطاری اور نگرانِ ملاوی مشاورت مولانا عثمان عطاری مدنی نے بیانات کئے۔دورانِ بیان حاضرین کو ”اسلام کی اہمیت و افادیت“ اور اس کی خوبیاں بتائی گئیں جبکہ رکنِ شوریٰ نے حاضرین کو نیکی کی دعوت دیتے ہوئے اسلام قبول کرنے کی دعوت دی۔ اس پروگرام کی بدولت کئی افراد نے اسلام قبول کرنے کا اظہار کیا جس پر رکنِ شوریٰ اور مفتی عبد النبی حمیدی صاحب نے کم و بیش 54 غیر مسلموں کو کلمۂ طیبہ پڑھا کر دامنِ اسلام سے وابستہ کیا۔دعوتِ اسلامی کی جانب سے ان تمام نومسلمز کی اسلامی تربیت کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
تعلیمی میدان میں دعوتِ اسلامی کی اہم کامیابی
دارُالمدینہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کا پہلا کیمپس
اسلام آباد میں قائم کردیا گیا
دعوتِ اسلامی نے تعلیمی میدان میں خدمات سرانجام دیتے ہوئے ایک اور سنگِ میل عبور کرلیا ہے۔ 31 دسمبر 2023ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہونے والے مدنی مذاکرے میں امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کو خوشخبری سناتے ہوئے بتایا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن (H.E.C) حکومتِ پاکستان کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد دعوتِ اسلامی نے دارُ الحکومت اسلام آباد میں دارُالمدینہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کا پہلا کیمپس قائم کردیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق دارُالمدینہ انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس چار ڈیپارٹمنٹس پر مشتمل ہے:*ڈیپارٹمنٹ آف عربک (Department of Arabic) *ڈیپارٹمنٹ آف اسلامک اسٹڈیز (Department of Islamic Studies) *ڈیپارٹمنٹ آف مینجمنٹ سائنسز (Department of Management Sciences) *ڈیپارٹمنٹ آف ایجوکیشن (Department of Education) دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں باقاعدہ داخلوں کا آغاز جلد ہی شروع ہوگا۔
ہفتہ وار رسائل کی کارکردگی (دسمبر2023ء)
شیخ ِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ یا آپ کے خلیفہ حضرت مولانا عبیدرضا عطاری مدنی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ ہر ہفتے ایک مدنی رسالہ پڑھنے/ سننے کی ترغیب دلاتے اور پڑھنے/سننے والوں کو دُعاؤں سے نوازتے ہیں، نومبر اور دسمبر2023ء میں دیئے گئے 4مَدَنی رَسائل کے نام اور ان کی کارکردگی ملاحظہ کیجئے:(1)قبر کی ہولناکیاں: 27لاکھ 44ہزار 407 (2)شانِ غوثِ اعظم: 28لاکھ17ہزار442 (3)ماں کا پچھتاوا: 25لاکھ 76ہزار526 (4)امیرِ اہلِ سنّت سے ملازمت کے بارے میں 15 سوال جواب: 31لاکھ93ہزار239۔
شعبہ پیغاماتِ عطار کی کارکردگی (دسمبر2023ء)
شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے دسمبر 2023ء میں نجی پیغامات کے علاوہ المدینۃُ العلمیہ (اسلامک ریسرچ سینٹر) کے شعبہ ”پیغاماتِ عطّاؔر“ کے ذریعے تقریباً 3044 پیغامات جاری فرمائے جن میں 544 تعزیت کے، 2300 عیادت کے جبکہ 200 دیگر پیغامات تھے۔
دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں کی مزید جھلکیاں
*9دسمبر 2023ء کو حیدر آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اجتماع منعقد ہوا جس میں رکنِ مرکزی رؤیتِ ہلال کمیٹی پاکستان و ماہرِ امورِ تجارت مفتی علی اصغر عطاری مدنی نے خصوصی بیان کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری شرعی تجارت کے طریقۂ کار کو اپنائے، قر اٰنِ مجید میں وراثت کی تقسیم کے پیرا میٹر مقرر ہیں، اسلام فساد نہیں چاہتا، امن کا درس دیتا ہے، فنانس کے معاملات میں شرعی طریقے پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ مفتی صاحب نے بیان میں تجارت، صنعت، وراثت، سرمایہ کاری اور سود سے متعلق تفصیلی گفتگو کی *17دسمبر 2023ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں دعوتِ اسلامی کے شعبہ پروفیشنلز فورم کے تحت Meetup ہوا جس میں انجینئرز، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس، آئی ٹی پروفیشنلز، ای کامرس اور دیگر شعبہ جات سے وابستہ پروفیشنلز حضرات شریک ہوئے۔ رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا *4 دسمبر کو بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن گوجرانوالہ میں شعبۂ تعلیم دعوتِ اسلامی کے تحت سالانہ”سیرتُ النبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کانفرنس“ کا اہتمام ہوا جس میں گوجرانوالہ بورڈ آفس کے 700 سے زائد ملازمین نے شرکت کی۔ کانفرنس میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن عبدالوہاب عطاری نے خصوصی بیان کیا *19دسمبر 2023ء کو شعبہ مدرسۃُ المدینہ بالغان کے زیرِ اہتمام کراچی کے علاقے بڑا بورڈ پاک کالونی میں قائم نورانی مسجد میں تقسیمِ اسناد اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں رکنِ شوریٰ حاجی فضیل رضا عطاری نے ”قراٰنِ پاک کی فضیلت“ کے موضوع پر بیان کیا اور ناظرہ قراٰنِ پاک مکمل کرنے والے اسلامی بھائیوں میں اسناد تقسیم کرتے ہوئے انہیں تحائف دیئے *عربی زبان کے عالمی دن کے موقع پر 18دسمبر 2023ء کو FGRF S.E.P, کے تحت کراچی میں ایک عظیم الشان پروگرام منعقد ہوا جس میں عربی زبان کی اہمیت و ضرورت کو اُجاگر کیا گیا۔ پروگرام میں S.E.Pکے تحت ہونے والے مختلف لینگویجز اور آئی ٹی کورسز کے ٹیچرز، اسٹوڈنٹس، مختلف جامعۃُ المدینہ کے طلبہ و علمائے کرام شریک ہوئے۔ اختتام پر معزز مہمانوں کو عربی کتب تحفے میں پیش کی گئیں *10 دسمبر 2023ء کو فورڈز برگ جوہانسبرگ ساؤتھ افریقہ کے مقامی کمیونٹی سینٹر میں مجلس جامعۃُ المدینہ بوائز انٹرنیشنل افیئرز کے زیر اہتمام ”Graduation Ceremony“ کا انعقاد کیا گیا۔ تلاوت و نعت کے بعد نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنتوں بھرا بیان کیا جبکہ مفتی عبدالنبی حمیدی عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے طلبہ کو بخاری شریف کی آخری حدیثِ پاک کا درس دیا۔ پروگرام کے آخر میں نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری سمیت علمائے کرام نے درسِ نظامی مکمل کرنے والے 16 مدنی علمائے کرام کی دستار بندی کی *جامعۃُ المدینہ UKسے عالم کورس مکمل کرنے والے اسلامی بھائیوں کے لئے 30دسمبر2023ءکوMajestic Conference & Banqueting Birmingham میں ”Graduation Ceremony“ کا انعقاد کیا گیاجس میں مفتی شمسُ الہدیٰ مصباحی مُدَّظِلُّہُ العالی سمیت کئی علمائے کرام، بزنس کمیونٹی اور ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی بھی موجود تھے۔تقریب میں نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا جس کے بعد 18 مدنی علمائے کرام کی دستار بندی کی گئی *جامعۃُ المدینہ کنزُالایمان ممباسہ کینیا میں 8دسمبر کو ”Graduation Ceremony“ منعقد کی گئی جس میں رکنِ شوریٰ مولانا حاجی محمد جنید عطاری مدنی نے سنتوں بھرا بیان کیا۔ اس کے بعد جامعۃُ المدینہ و مدرسۃُ المدینہ بوائز کی مختلف کلاسز میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے اسٹوڈنٹس کے درمیان تحائف تقسیم کئے گئے اور قراٰنِ پاک حفظ و ناظرہ مکمل کرنے والے اسٹوڈنٹس کو اسناد دی گئیں *9دسمبر2023ء کو یورپی ملک نیدرلینڈ کے شہر Rotterdam میں مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کا افتتاح کردیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں رکنِ شوریٰ حاجی عبد الحبیب عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا۔
دعوتِ اسلامی کی تازہ ترین اپڈیٹس کے لئے وزٹ کیجئے
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ،ذمہ دار شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروز کراچی
Comments