ربیعُ الآخرکے چند اہم واقعات
11ربیعُ الآخر
گیارھویں شریف سلسلۂ عالیہ قادریہ کے عظیمُ المرتبت شیخِ طریقت ، حضرت سیّدُنا شیخ عبدُالقادر جیلانی المعروف غوثِ اعظم دستگیر رحمۃ اللہ علیہ کا وِصال 11ربیعُ الآخر 561ھ کو ہوا۔
(مزید معلومات کے لئے دیکھئے : ماہنامہ فیضانِ مدینہ ربیع الآخر1438 ، 1439 ، 1440 اور 1441ھ)
17ربیع ُالآخر
عرس دولہا سبزواری ولیِّ کامل حضرت سیّد محمد شاہ دولہا سبزواری بخاری رحمۃ اللہ علیہ کا وصال 17ربیعُ الآخر701ھ کو ہوا ، آپ کا مزارِ مبارک کھارادر اولڈ سٹی ایریا کراچی میں ہے۔
(مزید معلومات کے لئے دیکھئے : رسالہ “ تذکرہ بخاری شاہ “ )
18ربیع ُالآخر
عرس خواجہ نظامُ الدّین اولیا سلسلۂ چشتیہ کے عظیم پیشوا ، سلطانُ المشائخ ، مشہور ولیُّ اللہ حضرت سیّدُنا خواجہ نظامُ الدّین اولیا رحمۃ اللہ علیہ کا وِصال 18ربیعُ الآخر 725ھ کو ہوا ، آپ کا مزار دہلی ہند میں ہے۔ (مزید معلومات کے لئے دیکھئے : ماہنامہ فیضانِ مدینہ ربیع الآخر1439ھ)
21ربیع ُالآخر
یومِ صاحبِ فتاویٰ شامی خاتمُ الفقہاء حضرت علّامہ سیّد محمد امین بن عمر المعروف ابنِ عابدین شامی حنفی رحمۃ اللہ علیہ کا وِصال 21ربیعُ الآخر 1252ھ کو ہوا ، آپ کا مزار دمشق شام میں ہے۔
(مزید معلومات کے لئے دیکھئے : ماہنامہ فیضانِ مدینہ ربیع الآخر1439ھ)
ربیعُ الآخر4ھ
وصال زینب بنتِ خُزَیمہ اُمُّ المؤمنین حضرت سیّدَتُنا زینب بنتِ خُزَیمہ رضی اللہ عنہا کا وِصال نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی حیاتِ ظاہری میں ربیعُ الآخر 4ہجری میں ہوا اور حُضورِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے بذاتِ خود آپ رضی اللہ عنہا کی نمازِ جنازہ پڑھائی۔ (مزید معلومات کے لئے دیکھئے : ماہنامہ فیضانِ مدینہ ربیع الآخر1438ھ)
ربیعُ الآخر11ھ
جیشِ اُسامہ بن زیدکی روانگی حضرت ابو بکر صدّیق رضی اللہ عنہ نے خلیفہ بننے کے بعد حضرت اُسامہ بن زید رضی اللہ عنہ کی سربراہی میں نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا تیار کردہ لشکر ربیعُ الآخر11ھ کو رومیوں سے جنگ کے لئے روانہ فرمایا ، جسے اللہ پاک نے فتح سے ہمکنار فرمایا۔
(مزید معلومات کے لئے دیکھئے : سیرتِ مصطفیٰ ، ص536 تا 538 ، طبقات ابن سعد ، 2 / 145تا147)
اللہ پاک کی ان سب پر رحمت ہو اور ان سب کے صدقے ہماری بے حساب مغفرت ہو۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
“ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کے شمارے دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ www.dawateislami.netاور موبائل ایپلی کیشن پر موجود ہیں۔
Comments