شادی کے موقع پر مبارک باد اور دعاؤں سے نوازنا
شیخِ طریقت امیرِ اہلِ سنّت بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے ایک اسلامی بھائی کی شادی کے موقع پر انہیں ”صوتی پیغام“(Voice Message) کے ذریعے شادی کی مبارک باد اور دعاؤں سے نوازتے ہوئے یوں فرمایا:
نَحْمَدُہُ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبَیِّ الْکَرِیْم
سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے میرے میٹھے میٹھے مدنی بیٹے۔۔۔ اور مدنی بیٹی۔۔۔
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہ!
حضرت سَیِّدُنَا ابو ہریرہ رضیَ اللہُ تعالٰی عنہ روایت کرتے ہیں کہ جب مصطفےٰ جانِ رحمت صلَّی اللہُ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسَلَّم کسی شخص کے نکاح کے موقع پر دعا فرماتے تو اس طرح کہتے:بَارَكَ اللَّهُ لَكَ وَبَارَكَ عَلَيْكُمَا وَجَمَعَ بَيْنَكُمَا فِي خَيْرٍ یعنی اللہتعالٰیتجھے برکت دے اور تم دونوں پر برکت کرے اور تم دونوں کو بھلائی میں جمع رکھے۔(مشکاۃ المصابیح،ج 1،ص456، حدیث:2445) بہ نیتِ ادائے سنّت یہ دعائے مصطفےٰ صلَّی اللہُ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسَلَّم آپ دونوں کے حق میں کرتا ہوں: بَارَكَ اللَّهُ لَكَ وَبَارَكَ عَلَيْكُمَا وَجَمَعَ بَيْنَكُمَا فِي خَيْرٍ۔
آج آپ کی خوشیوں کی معراج ہے کہ آپ کو زندگی کی بہت بڑی خوشی حاصل ہورہی ہے، اللہتعالٰی آپ کی خوشیاں طویل فرمائے، آپ کو اس خوشی کے موقع پر غفلت سے بچائے اور سب کچھ عین شریعت کے مطابق کرنے کی توفیق عطا فرمائے، آپ کو سلامت باکرامت رکھے اور آپ کا ایمان بھی سلامت فرمائے، کئی دولہے پہلی ہی رات موت کا شکار ہوجاتے ہیں، کئی دُلہنیں پہلی ہی رات قبر کی سیڑھی اُتر کر اندھیرے میں چلی جاتی ہیں۔ اللہ تعالٰی آپ کو حیاتی، تندرستی، آپس میں اُلفت، محبت، ایک دوسرے کے حقوق کی پاسداری و راز داری نصیب فرمائے اور آپ سنتوں کے پابند رہیں۔ دیکھئے گھر میں برتن آپس میں بجتے ہیں لہٰذا میرا یہ مدنی پھول آج رات قبول کرلیجئے کہ کبھی آپس میں کوئی بھی شکر رنجی ہو یا ایک فریق دوسرے کو کچھ کہہ دے تو اپنے اپنے والدین یا بھائی بہنوں کو یہ باتیں نہ بتائی جائیں بلکہ ان (باتوں) کو پی لیا جائے، ورنہ غیبتوں، تہمتوں اور بدگمانیوں (وغیرہ) کا سلسلہ ہوسکتا ہے بلکہ بعض اوقات جھوٹے مبالغے یا صریح (یعنی کھلے) جھوٹ کے دروازے بھی کھل جاتے ہیں۔ پھر جن کو بتایا وہ ضروری نہیں کہ آپ کو تسلی دیں یا صبر کی تلقین کریں، اگر وہ یہ کریں بھی تو ہوسکتا ہے کہ شیطان کام دکھا دے اور وہ اس کے ساتھ مرچ مسالا بھی لگا دیں اور گھر امن کا گہوارہ بننے کے بجائے اس کا الٹ ہوجائے، لہٰذا اللہ کی رحمت پر نظر رکھتے ہوئے ایک دوسرے کے عیوب پر پردہ ڈالئے اور دونوں کوئی کمزور بات یا کوئی بھی پردے کی بات کسی پر بھی ظاہر نہ کریں یہاں تک کہ کوئی خاص دوست ہو اُس کو بھی نہ بتائیں، اللہ عَزَّوَجَلَّ سے ڈرتے رہیں کہ خوفِ خدا آپ کی رہنمائی کرے گا اور اِنْ شَآءَاللہ عَزَّوَجَلَّ آپ کی زندگی بھی صحیح گزرے گی، جب زندگی شریعت کے مطابق گزرے گی، اللہو رسول عَزَّوَجَلَّ و صلَّی اللہُ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسَلَّم کی رضا حاصل ہوگی تو اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ نزع و قبر و قیامت وغیرہ کے سب مراحل آسانی سے سر انجام پا جائیں گے۔
مجھ گنہگاروں کے سردار کو دعاؤں سے نوازنا نہ بھولئے گا اور میں بے حساب بخشا جاؤں یہ دعا ضَرور کیجئے گا، اللہ تعالیٰ آپ دونوں کو ایک ساتھ حج کی سعادت اور میٹھے مدینے کی باادب حاضری نصیب فرمائے، زہے نصیب کہ جنّت البقیع نصیب کرے اور آپ کے صدقے مجھے بھی میٹھے مدینے میں ایمان و عافیت کے ساتھ سبز گنبد کے سائے میں بصورتِ شہادت موت اور جنّت البقیع میں مدفَن مل جائے، فِیْ اَمَانِ اللہ۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
جامعۃ المدینہ فیضانِ نورِ مصطفےٰ کے خود کفیل ہونے پر دعاؤں سے نوازنا
محمدعارف مدنی سلَّمہُ الْغنِی رُکنِ مجلس جامعۃ المدینہ باب المدینہ (کراچی) نے صوتی پیغام کے ذریعے شیخِ طریقت امیرِ اہلِ سنّت بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی بارگاہ میں يہ خوشخبری پیش کی کہ جامعۃ المدینہ فیضانِ نورِ مصطفےٰ خود کفيل ہوگيا ہے، تو آپ نے صَوتی پیغام کے ذریعے ان کی یوں حوصلہ افزائی فرمائی:
نَحْمَدُہُ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبَیِّ الْکَرِیْم
سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے میٹھے میٹھے مدنی بیٹے۔۔۔
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہ!
ابو محمد طاہر عطاری نے مجھے اور اِن کو محمد عارف مدنی رُکنِ مجلس جامعۃ المدینہ باب المدینہ (کراچی) نے یہ خوشخبری دی کہ آپ کا جامعۃ المدینہ فیضانِ نورِ مصطفےٰ خودکفيل ہوگيا ہے۔ اَلْحَمْدُلِلہِ عَزَّوَجَلَّ!کَثَّرَھُمُ اللہُ تَعَالٰی، دل خوش ہوا تو میں نے کہا کہ چلو آپ کی خدمت میں صَوتی حاضری دے دوں، آپ کو بہت بہت بہت اور کروڑوں بار مبارک ہو، اللہتعالٰی آپ کو جزائے خیر عطا فرمائے اور میٹھے مدینے کی باادب حاضری نصیب فرمائے۔ مَا شَآءَ اللہ! ظاہر ہے اپنے جامعۃ المدینہ کو خود کفیل بنانے کیلئے آپ کے یہاں کے اساتذۂ کرام اور طلبۂ کرام سب ہی نے مل جُل کر کوششیں کی ہوں گی۔ اللہتعالیٰ سارے اساتذۂ کرام و طلبۂ کرام کو اور آپ جناب کو عالمِ باعمل بنائے، آپ سب کو بے حساب بخشے اور دونوں جہانوں کی بھلائیاں آپ سب کا مقدّر کرے۔ میری بے حساب مغفرت کے لئے دعا کیجئے گا۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
☆☆☆☆☆☆☆☆☆☆
Comments