اسلامی بہنوں کے تأثرات

عُلَمائےکرام اور دیگر شخصیات کے تأثرات

(1)مفتی محمد وسیم سیالوی صاحب(ناظمِ اعلیٰ جامعہ نعیمیہ قمرُ الاسلام، پیر محل،ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ،پنجاب):”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ میں عوام و خَواص دونوں کے لئے راہنمائی موجود ہے۔ہر ماہ اس ماہنامے سے خود مجھے بھی دل چسپ حقائق ونِکات، لطیف حکمتیں اور علمی خزائن میسّر آتے ہیں۔

(2)مفتی محمد عزیزُ الرّحمٰن سِراجوی صاحب (مدرِّس قمرُ العلوم جامعہ معظمیہ، گجرات):”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ پڑھنے کا موقع ملا۔ معلوماتی، ادبی، تحقیقی اور دورِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق پایا۔ اس کا ہرعُنوان اپنی جگہ بڑی اہمیت کا حامِل اور اپنے اندر علم و حکمت کے بےشُمار موتی سمیٹے ہوئے ہے، بِالخصوص شرعی مسائل اور سوالات کے جوابات کا سلسلہ بہت ہی اچھا اور مُفید ہے۔ اس کے مطالَعَہ سے عقیدہ کی پختگی کے ساتھ ساتھ اعمالِ صالحہ کا جذبہ بیدار ہوتا ہے۔ علمِ دین کا شوق رکھنے والےاَحباب کو مستقل طور پر اس کا مطالعہ کرنا چاہئے۔

اسلامی بھائیوں کے تأثرات

(3)قصیدہ بُردہ شریف کے مختلف اشعار دینی محافل میں سنتے رہتے تھے لیکن ان اشعار کے لکھنے والے کون تھے اور یہ قصیدہ کب لکھا گیا پتا نہیں تھا۔ ربیعُ الاوّل 1441 ہجری کے ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ میں سلسلہ ”اشعار کی تشریح“ کے تحت یہ سب بھی معلوم ہوا اور بھی اچھی باتیں پڑھنے کو ملیں۔

(علی اصغر،بہاول پور)

(4)علم و حکمت، محبت واُلفت سے سَرشار ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ غفلت سے بیدار کرنے، جہالت کو دُور کرنے اور اسلامی تعلیمات کی خوشبو پھیلانے میں بہترین کِردار ادا کر رہا ہے۔اللہ کریم اس میں مزید برکتیں عطا فرمائے، اٰمین۔

(امین، ٹنڈوآدم سندھ)

بچّوں  کے تأثرات

(5)ہر ماہ کوشش ہوتی ہے کہ ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ مکمل پڑھوں۔ ربیعُ الاوّل 1441ھ کے ماہنامہ میں ”اونٹنی کا سلام“ مضمون پڑھا بہت اچھا لگا۔اس سچے واقعہ سے معلوم ہوا کہ  ہمارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی کیا شان ہے کہ جانور بھی آپ کو سلام کرتے ہیں۔(آسیہ ، بلوچستان)

اسلامی بہنوں کے تأثرات

(6)ربیعُ الاوّل 1441ھ کا ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ پڑھا، بہت اچھا لگا۔ اس کےسارےہی مضامین قابلِ تعریف ہیں، بِالخصوص  ایک مضمون بنام ”ایک کام کئی طریقوں سے ہوسکتا ہے“ پڑھ کر ذہن بنا کہ کسی کام کے نہ ہونے پر مایوس نہیں ہونا چاہئے بلکہ اس کام کا طریقہ بدل  بدل کر کوشش کرنی چاہئے اِنْ شَآءَ اللہ ضَرور کامیابی ملے گی۔

(بنتِ منوّر عطّاریہ، شہداد پور)

(7)دعوتِ اسلامی نے  اِشاعتِ علم و اصلاح کا بیڑااُٹھایا ہوا ہے۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ بھی ہے۔ اس ماہنامہ میں ربیعُ الاوّل 1441ھ سے” تَلَفُّظ دُرست کیجئے“ سلسلے کاآغاز اچھا ہے۔ الفاظ کی دُرست ادائیگی ایک ایسا اَمْر بَن چکا ہے جس میں بڑے بڑے لوگ بھی خطا کر جاتے ہیں۔ ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“  کا بہت شکریہ کہ اس سے جہاں دینی، دنیوی، طِبّی معاملات میں راہنمائی مل رہی تھی وہیں اب الفاظ کا دُرست تلفّظ سیکھنے کو بھی ملے گا۔(ایک اسلامی بہن، شہداد پور)


Share