رحمۃ للعالمین کانفرنس میں مولانا عبدالحبیب عطاری کا خطاب
حکومتِ پاکستان کے زیرِاہتمام 12 ربیع الاول بروز اتوار اسلام آباد میں انٹرنیشنل رحمۃ للعالمین کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں مولانا عبدالحبیب عطاری نے دعوتِ اسلامی کی نمائندگی کی اور ”ریاستِ مدینہ کا پیغام مسلمانوں کے نام“کے عنوان پرخُصوصی خطاب کیا۔مولانا عبدالحبیب عطاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم اپنے وطنِ عزیز میں ریاستِ مدینہ کی کوئی جھلک دیکھنا چاہتے ہیں تو مِن حَیْثُ القوم ہمیں اپنے اندر بھی تبدیلی لانا ہوگی۔ ریاستِ مدینہ میں سب ایک دوسرے کا خیال رکھتے تھے، ایک دوسرے کو تکلیف نہیں دیتے تھے، ایثار کرتے تھے اور ایک دوسرے کے خیرخواہ ہوتے تھے۔رکنِ شوریٰ نے اپنے خطاب میں حاضرین اور ناظرین کو پابندی سے نماز پڑھنے، ہمیشہ سچ بولنے اور دھوکا دہی سے بچتے رہنے کی ترغیب دلائی۔ کانفرنس میں وزیرِاعظم پاکستان عمران خان اور وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نورُ الحق قادری سمیت ممبرانِ اسمبلی، سینیٹرز، اراکینِ کابینہ، حکومتی وزراء و شخصیات کے علاوہ ملک بھر سے علما و مشائخ، محققین، ڈاکٹرز، پروفیسرز اور عالمی اسکالرز نے شرکت کی۔
نگرانِ شوریٰ کا آل پاکستان میمن فیڈریشن کا دورہ
نگرانِ شوریٰ مولانا محمد عمران عطاری کی زیرِ قیادت دعوتِ اسلامی کے وَفد نے آل پاکستان میمن فیڈریشن کا دورہ کیا۔آل پاکستان میمن فیڈریشن کے صدر حنیف موٹلانی، چیئرمین سپریم کونسل حنیف ہارون، عبدالعزیز میمن، عمر موٹلانی، غنی بھانرہ، عُبید چامڑیا اور دیگر نے وَفْد کا پُرتپاک استقبال کیا۔نگرانِ شوریٰ نے حاضرین کے درمیان سنتوں بھرا بیان کیا اور برادری میں پیش آنے والے مسائل کو قراٰن و سنّت کی تعلیمات کی روشنی میں حل کرنے پر زور دیا۔اس موقع پر آل پاکستان میمن فیڈریشن کی طرف سے نگرانِ شوریٰ مولانا محمد عمران عطاری اور مبلغِ دعوتِ اسلامی محمد یوسف سلیم عطاری کو شیلڈ بھی دی گئی۔
P.A.F میوزیم میں اجتماعِ میلاد، نگرانِ شوریٰ کا خصوصی بیان
13 نومبر 2019ء کوکراچی کے بزنس مین چامڑیا برادران کی جانب سے P.A.F میوزیم میں سنّتوں بھرے اجتماع کاانعقا دکیاگیا جس میں نگرانِ شوریٰ مولانا محمد عمران عطاریمَدَّظِلُّہُ الْعَالِی، رکنِ شوریٰ مولانا عبدالحبیب عطاری اور سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ دیگر اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔ اجتماع سے بیان کرتے ہوئے نگرانِ شوریٰ کا کہنا تھا کہ آج ہم مہنگائی(Inflation) اور معاشی مسائل وغیرہ کا رونا رو رہے ہیں،یہ و ہ کام ہیں جو ہمارے کنڑول میں نہیں، کم از کم جس کے آنسو پونچھنے کی طاقت ہم میں ہے اس کے آنسو تو پونچھیں۔ رکنِ شوریٰ مولانا عبدالحبیب عطاری نے بھی اجتماع میں بیان کیا۔
کراچی یونیورسٹی میں سالانہ ’’قومی سیرتِ رسول کانفرنس‘‘
رکنِ شوریٰ مولانا عبدالحبیب عطاری کا خصوصی بیان
پچھلےدنوں کراچی یونیورسٹی میں سالانہ’’قومی سیرتِ رسول کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں رکنِ شوریٰ مولانا عبدالحبیب عطاری نے سنّتوں بھرا بیان فرماتے ہوئے قراٰنِ مجید سے کامل مؤمن کے اَوْصاف بیان کئے، نماز پڑھنے کی ترغیب دلائی اور اور بزرگانِ دین کی نماز سے محبت کا بیان کیا کہ بزرگانِ دین تو اس طرح نماز پڑھتے تھے کہ محسوس ہوتا جیسے کوئی ستون (Pillar) کھڑا ہے۔ مولانا عبدالحبیب عطاری نے حاضرین کو دعوتِ اسلامی کے ہفتہ وار اجتماع و مدنی مذاکرے میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ کانفرنس میں کراچی یونیورسٹی سمیت دیگر یونیورسٹیز کے ڈِین آف فیکلٹیز، پروفیسرز، مختلف کالجز کے پروفیسرز، چیئرمین آف ڈیپارٹمنٹس، ٹیچرز اور اسٹوڈنٹس نے بھی شرکت کی۔
عالَمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہونے والے مدنی کام
٭مرکزی جامعۃُ المدینہ فیضانِ مدینہ کراچی میں سنتوں بھرے اجتماع کا اہتمام کیا گیا جس میں نگرانِ شوریٰ مولانا محمد عمران عطاری مَدَّظِلُّہُ الْعَالِینے سنّتوں بھرا بیان فرمایا۔آپ نے طلبہ کو ذہن دیا کہ ایسا علم چھوڑ کر جائیں جو موت کے بعد کام آئے، سوچیں! کیا ہم ایسا علم حاصل کرنے میں کامیاب ہورہے ہیں؟ علم حاصل کرنےکے ساتھ ساتھ اس پر عمل کرنا بھی بہت ضروری ہے٭ 26 نومبر 2019ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی کے اطراف کے دکانداروں (Shop keepers) کاایک دن کا تربیتی اجتماع ہوا جس میں دکاندار اورمزدوراسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔ رکنِ شوریٰ حاجی ابو ماجد محمدشاہد عطاری مدنی نے سنّتوں بھرا بیان کیااور انہیں راہِ خدا میں خرچ کرنے کی ترغیب دلائی۔
ایوانِ اقبال لاہور میں ختمِ قراٰن اجتماع
مجلس مدرسۃُ المدینہ بالغان کے تحت پچھلے دنوں ایوانِ اقبال
لاہور میں ختمِ قراٰن اجتماع کا سلسلہ ہوا جس میں اراکینِ شوریٰ مولانا عبدالحبیب عطاری اور حاجی یعفور رضا عطاری نے بیانات کئے۔ اجتماع سے بیان کرتے ہوئے رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری کا کہنا تھا کہ لاہور ریجن میں گیارہ ہزار سے زائد مدارسُ المدینہ بالغان لگائے جارہے ہیں جن میں 40 ہزار سے زائد اسلامی بھائی قراٰنِ پاک کی مفت تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ رکنِ شوریٰ نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں 150 سے زائد اسلامی بھائیوں نے ناظرہ قراٰنِ مکمل کرلیا ہے اور یہ تقریب انہی کے اعزاز میں رکھی گئی ہے۔
وفاقی اردو یونیورسٹی گلشنِ اقبال کراچی میں اجتماعِ میلاد
دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون سائنس و ٹیکنالوجی گلشنِ اقبال کراچی کے آڈیٹو ریم میں عظیم الشان اجتماعِ میلاد کا انعقاد کیا گیا۔اجتماع میں رکنِ شوریٰ حاجی محمد اطہر عطاری نے سنّتوں بھرا بیان کرتے ہوئے محبتِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کےمبارک پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور نماز کی ادا ئیگی کی ترغیب دلا ئی۔ اجتماعِ میلاد میں یونیورسٹی کےپروفیسرز اورلیکچرارزسمیت اسٹوڈنٹس کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔
اعراسِ بزرگانِ دین پر مجلس مزاراتِ اولیا کے مدنی کام
اس مجلس کے ذمّہ داران نےربیع الاول1441ھ میں 8 بزرگانِ دین کے سالانہ اَعراس میں شرکت کی،چند نام یہ ہیں: ٭حضرت سید یوسف شاہ غازی(منوڑہ، کراچی) ٭حضرت میراں حسین زنجانی (لاہور) ٭حضرت سید عبد الغنی شاہ اُویسی قلندری کشمیری (حیدرآباد) ٭خلیفۂ مفتیِ اعظم ہند پیر سید اِرشاد علی شاہ قادری رضوی نوری (حیدرآباد) ٭مولانا الحاج الحافظ محمد رمضان چشتی صابری (حیدرآباد) ٭حضرت جمن شاہ بُخاری(ٹنڈو الہ یار) ٭پیر سید عبدالکریم شاہ بُخاری(سبّی بلوچستان) ٭حضرت خواجہ محمد معصوم نقشبندی ( موری شریف تحصیل کھاریاں ضلع گجرات) ٭حافظُ الحدیث حضرت پیر سید محمد جلالُ الدین مشہدی (بھکی شریف منڈی بہاؤالدین) رحمۃ اللہ علیہم اجمعین۔مجلس مزاراتِ اولیا کے تحت مزارات پر قراٰن خوانی ہوئی جس میں21ہزار370عاشقانِ رسول شریک ہوئے،مدنی قافلوں کی آمد کا سلسلہ رہا جن میں ایک ہزار سے زائد عاشقانِ رسول شریک تھے، محافلِ نعت کا سلسلہ بھی ہوا جن میں تقریباً 1518اسلامی بھائیوں نے شرکت کی، اس کے علاوہ 24مدنی حلقوں، مدنی دوروں، چوک درسوں اور سینکڑوں زائرین پر انفرادی کوشش کے ذریعے نماز اورسنّتوں پر عمل کی دعوت دی گئی۔
بیرونِ ملک کی مدنی خبریں
جہاز میں سفر کےدوران ایک غیرمسلم کو کلمہ پڑھادیا
پچھلے دنوں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن و نگرانِ پاکستان انتظامی کابینہ حاجی محمد شاہد عطاری افریقی ممالک کے دورے پر تھے۔آپ نے موزمبیق کے شہر نمپولا میں جہاز کے سفر کے دوران ایک غیر مسلم پر انفرادی کوشش کی جس کی برکت سے وہ غیر مسلم اپنا باطل مذہب چھوڑ کر مسلمان ہوگیا جس کا اسلامی نام محمد رکھا گیا۔
Comments