شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے ایک آڈیو پیغام میں فرمایا:
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ
بڑی گیارھویں شریف کی رات1441سِنِ ہجری کو ناسازیِ طبیعت کے سبب میں گیارھویں شریف کی بابرکت محفل میں شریک ہونے سے محروم رہا، افسوس! قَدَّرَ اللہُ وَمَا شَآءَ فَعَل یعنی وہی ہوا جو اللہ نے چاہا اور مقدر کیا۔ اسلامی بھائیوں نےعیادت کی،دعائیں دیں،ہمدردی کی،اللہکریم سب کو اس کا اجرِ عظیم عطا فرمائے،بےحساب مغفرت کرے۔ کسی کی عِیادت کرنے سے اُس کے دل میں مَحبَّت پیدا ہوتی ہے، یہ دل میں محبت ڈالنے کا شارٹ کٹ ہے کہ جب کوئی تکلیف میں آجائے تو اس سے ہمدردی کا اظہار کرے، اللہکریم آپ سب کو جزائے خیر عطا فرمائے، ایک حدیثِ پاک تحفۃً پیش کرتا ہوں:فرمانِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم:”جو مسلمان کسی مسلمان کی عیادت کے لئے صُبح کو جائے تو شام تک اس کے لئے ستّر ہزار (70000) فرشتے اِسْتِغْفَار کرتے ہیں اور شام کو جائے تو صُبح تک ستّر ہزار فرشتے اِسْتِغْفَار کرتے ہیں اور اس کے لئے جنّت میں ایک باغ ہوگا۔“(ترمذی،ج 2،ص290، حدیث:971) اللہکریم آپ کو بہترین اجر و صِلہ عطا فرمائے، بہت اچّھا لگا۔ مریض چاہے سو (100) سال کا بوڑھا ہی کیوں نہ ہو اگر کوئی اس سے طبیعت پوچھے گا، دُعا دے گا، ہمدردی کا اظہار کرے گا تو ظاہر ہے اس کے دل میں خوشی داخل ہوگی۔ اللہ کرے کہ ہم لوگ سب کے دِلوں میں خوشیاں داخل کرنے والے اور محبّتیں بانٹنے والے بَن جائیں، عام طور پر لوگ مریضوں کو پوچھتے نہیں ہیں۔اللہ کریم ہم سب کو ہمدردی کرنے،غم گُساری کرنے اور مسلمانوں کے دِلوں میں خوشیاں داخل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ مزید آپ کی دعاؤں کا محتاج ہوں، بےحساب مغفرت کی دعا کردیجئے، جنہوں نے مجھ سے عیادت کی اللہ کریم ان کو مُہلِک امراض سے اور باطنی بیماریوں سے محفوظ رکھے۔ میرے حق میں بھی یہ دعائیں مُستجاب (یعنی قبول) ہوں، اللہ پاک مجھے صبر و ہمّت عطا کرے اور اپنی ذات کے سوا کسی کا محتاج نہ کرے۔
اَصْل بَرباد کُن امراض گناہوں کے ہیں بھائی کیوں اس کو فراموش کیا جاتا ہے
(وسائلِ بخشش(مُرَمَّم)،ص432)
کاش! گناہوں کے امراض کا بھی احساس ہوجاتا اور ان کے بھی علاج کی ہمیں فکر ہوتی۔
امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے اپنے ایک اور آڈیو پیغام میں سب عیادت کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فرمایا:
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ
ملک و بیرونِ ملک سے اسلامی بھائیوں کے ہمدردیوں اور دعاؤں کے پیغام آئے۔اللہ سب کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ اب میری طبیعت بہتر ہے، رات کو طبیعت خراب تھی، سَر میں بھی درد تھا۔ حاجی عُبید رضا آئے، دَم کیا، اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ میرے سَر کا درد ٹھیک ہوگیا۔ میں نے ٹیبلٹ کھانے کے لئے نکالی تھی مگر واپس رکھ دی۔ پھر میں خصوصی مدنی مذاکرے میں حاضر بھی ہوا تھا، اللہ کی رحمت ہے، آپ سب کی دعائیں ہیں، اللہ آپ سب کو سلامت رکھے، جنہوں نے مجھ سے ہمدردی کی اللہ کریم ان کو بے حساب جنّت میں داخل کرے،اٰمین۔
Comments