مشہور ثنا خوانِ رسول، محمد یوسف میمن کے انتقال پر تعزیت
سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے مُزّمّل بھائی اورحسین بھائی کی خدمات میں:
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ
عمادعطّاری کشمیر زون کے رکن نے اطلاع دی کہ آپ صاحبان کے والدِ محترم مشہور ثنا خوانِ رسول الحاج محمد یوسف میمن سانس کی تکلیف کی وجہ سے 60 سال کی عمر میں 27صفرُ المظفر1441سِنِ ہجری کو کراچی میں وِصال فرماگئے، اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن۔ میں آپ صاحبان سےاورمرحوم کے بھائیوں عبدُالرّحیم،محمد امین، محمد موسیٰ اور محمد اکبر سمیت تمام سوگواروں سے تعزیت کرتا ہوں اور صبر و ہمت سے کام لینے کی تلقین کرتا ہوں۔(اس کے بعد امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے ایصالِ ثواب کیا اور فرمایا:)مرحوم حاجی یوسف میمن میرے بہت پُرانے دوست ہیں، شروع میں اکثر ملاقات ہوتی رہتی تھی،بڑی اچھی آواز تھی،بُلبلِِ مدینہ تھے۔ اللہ پاک انہیں غریقِ رَحْمت فرمائے، ان کے چاہنے والے دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ہیں، حاجی یوسف میمن کے بھائی، ان کے شہزادے اور جو اِن کے چاہنے والے ہیں، یہ سب مل کر ایک مسجد بنادیں،خانۂ خدا بن جائے گا تو آپ سب کے لئے صدقۂ جاریہ ہوجائے گا اور اِنْ شَآءَ اللہ مرحوم کا بھی بیڑا پار ہوگا۔ مرحوم کے والدِ محترم حاجی حسین غریبؔ کُتیانوی کے بھی ایصالِ ثواب کی نیت کرلیں۔ بےحساب مغفرت کی دُعا کا ملتجی ہوں۔
مفتی الطاف احمد سعیدی کے شہزادے کے انتقال پر تعزیت
دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی اسلم عطّاری نے شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کو یہ افسوس ناک خبر دی کہ حضرت مفتی الطاف احمد سعیدی (صدر مدرس جامعہ مصباحُ العلوم میلسی) کے شہزادےحضرت مولانا جنید الطاف بہاولپور جاتے ہوئے ایکسیڈنٹ میں انتقال فرما گئے اور ان کے دوست کوما میں ہیں۔ شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے مفتی صاحب اور تمام سوگواروں سے تعزیت کی اور مرحوم جنید الطاف کے لئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے ایصالِ ثواب بھی کیا،نیز مرحوم جنید الطاف کے دوست کے لئے دعائے صحت و عافیت بھی فرمائی۔
محمد آصف خان مدنی کے والد کے انتقال پر تعزیت
شیخِ طریقت،امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے دعوتِ اسلامی کے تصنیف و تالیف کے شعبے المدینۃُ العلمیہ کے ناظم و رکنِ مجلس محمد آصف خان عطّاری مدنی کے والدِ محترم حاجی حبیب خان کے انتقال پر اِن سے اور اِن کے بھائیوں عابد خان عطّاری، شاہد خان عطّاری، جہانگیر خان عطّاری اور صاحب خان عطّاری سمیت تمام سوگواروں سےتعزیت فرمائی اور مرحوم کے لئے دُعائے مغفِرت کرتے ہوئے ایصالِ ثواب بھی کیا۔
شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے ان کے علاوہ کئی عاشقانِ رسول کے انتقال پر تعزیت و دعائے مغفرت، جبکہ کئی بیماروں اور دُکھیاروں کے لئے دُعائے صحت و عافیت فرمائی ہے، تفصیل جاننے کے لئے اس ویب سائٹ ”دعوتِ اسلامی کے شب و روز “ news.dawateislami.net کا وزٹ فرمائیے۔
Comments