وظائف
ماہنامہ فیضانِ مدینہ دسمبر2023ء
گھراور پڑوس کی شیطان اور چور سے حفاظت
مسلمانوں کے چوتھے خلیفہ حضرت علیُّ المرتضیٰ کَرَّمَ اللہ وجہَہُ الکریم فرماتے ہیں کہ میں نے حُضُورِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو فرماتے ہوئے سُنا کہ جو شخص ہر نماز کے بعد آیۃُ الکرسی پڑھے اسے جنّت میں داخل ہونے سے کوئی چیز نہیں روک سکتی وہ مرتے ہی جنّت میں چلا جائے گا اور جو کوئی رات کو سوتے وقت اسے پڑھے گا تو وہ، اس کے پڑوسی اور آس پاس کے دوسرے گھر والے امن میں رہیں گے۔(شعب الایمان،2/458،حدیث:2395)
کھانے کا وضو گھر میں بھلائی بڑھاتا ہے
حضرت انس رضی اللہُ عنہ سے رِوایت ہے کہ پیارے آقا حضرت محمد مصطفےٰصلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا:جو یہ پسند کرے کہ اللہ پاک اُس کے گھر میں خیر(یعنی بھلائی) زیادہ کرے تو جب کھانا حاضر کیاجائےوُضُو کرے اور جب اُٹھایا جائے اُس وَقت بھی وُضُو کرے۔(فیضانِ سنت،ص185-سنن ابنِ ماجہ،4/9، حدیث:3260)
ضدی اور دودھ نہ پینے والے بچوں کا علاج
اگر بچّہ یا بچی دودھ نہ پیتے ہوں تو یَاحَیُّ یَاقَیُّوْمُ 100بارلکھ کر دریا کے پانی میں دھو کرپلایئے، اِن شآءَ اللہ دودھ پینے لگیں گے اورضد بھی نہیں کریں گے۔(زندہ بیٹی کنویں میں پھینک دی،ص30)
خاوَند کو نیک نمازی بنانے کے لیے
خاوَند بری عادت کا شکار ہو اور گھر میں ہر وقت جھگڑا رہتا ہو تو بیوی ہر بار بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم کے ساتھ گیارہ مرتبہ سورۂ فاتحہ پڑھ کر پانی پر دم کرے پھر اپنے خاوَند کو پلائے، اِن شآءَ اللہ شوہر نیکی کے راستے پر گامزن ہو جائے گا۔(شوہر بلکہ کسی کو بھی اس عمل کاپتا نہ چلے ورنہ غلط فہمی کے سبب پریشانی ہو سکتی ہے) جب جب موقع ملے یہ عمل کر لیا جائے، دَم کیا ہوا پانی کولر میں موجود پانی میں بھی ڈالا جا سکتا ہے،بے شک خاوَند کے علاوہ اور افراد ِ خانہ بھی اُس میں سے پئیں،ضرورتاً دوسرا پانی کولر میں ڈالتے رہیں۔(زندہ بیٹی کنویں میں پھینک دی،ص32)
Comments