دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

اے دعوتِ اسلامی تِری دھوم مچی ہے!

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

*مولاناعمر فیاض عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ دسمبر2023

(فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ،ذمہ دار شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروز کراچی)


جشنِ ولادتِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے سلسلے میں

 فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکروں کا سلسلہ

امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے مدنی پھول ارشاد فرمائے

16تا29ستمبر 2023ء تک اللہ پاک کے آخری نبی حضرت محمدِ مصطفٰے صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا جشنِ ولادت منانے کے لئے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا گیا۔ مدنی مذاکروں میں شیخِ طریقت امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطّار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے شرکاء کو مدنی پھولوں سے نوازا اور ان کی اخلاقی و شرعی تربیت کی۔ ان مدنی مذاکروں میں بلوچستان، اسلام آباد، لاہور، ملتان، بہاولپور، میرپورخاص، مظفر گڑھ، فیصل آباد، حیدرآباد، کشمیر، بھنبھور، ٹنڈو آدم سےوقتاً فوقتاً کم و بیش8ہزار عاشقانِ رسول شریک ہوئے جبکہ بیرونِ ملک (انڈونیشیا، نیپال، یوکے، ساؤتھ افریقہ، امریکا، چائنہ، کولمبو) سے115اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔ مختلف شہروں سے آنے والے عاشقانِ رسول کی تربیت کے لئے مدنی مذاکرے کے علاوہ بعد نمازِ فجر، ظہر اور عصر نگرانِ شوریٰ، اراکینِ شوریٰ اور مبلغینِ دعوتِ اسلامی سنّتوں بھرے بیانات فرماتے رہے بالخصوص بعد نمازِ ظہر اسلامی بھائیوں کو نماز، وُضو، غسل اور دیگر شرعی مسائل سکھانے کے لئے مدنی حلقے منعقد کئے گئے۔ بارہویں شب ہونے والے مدنی مذاکرے میں اجتماعِ میلاد کاانعقاد کیا گیا جس میں نگرانِ شوریٰ نے بھی سنّتوں بھرا بیان کیا۔ ہزاروں عاشقانِ رسول نے پوری رات اجتماعِ میلاد میں گزارتے ہوئے محبت و عشق بھرے انداز میں”صبح بہاراں“ کا استقبال کیا۔ اجتماع کا اختتام رقت انگیز دعا اور صلوٰۃ و سلام پر ہوا۔

جامعۃُ المدینہ اوورسیز کے اساتذہ اور طلبہ کا اجتماع

نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری نے بیان کیا

25ستمبر2023ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں انٹرنیشنل افیئرز کے تحت سنّتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں امریکا، نیپال، یوکے، ساؤتھ افریقہ اور دیگر ممالک سے تخصصات کے طلبہ اور اساتذۂ کرام نے شرکت کی جبکہ پاکستان کے مختلف شہروں سے جامعۃ المدینہ کے طلبہ و اساتذۂ کرام بھی شریک ہوئے۔ نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنتوں بھرا بیان کیا۔ نگرانِ شوریٰ نے دینی کاموں کے حوالے سے اسلامی بھائیوں کی راہنمائی کی اور انہیں دینی کام کرنے کا ذہن بھی دیا۔

دعوتِ اسلامی کے چند دینی کاموں کی مزید جھلکیاں

 * 16ستمبر2023ء کو دعوتِ اسلامی کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ فیصل آباد مدینہ ٹاؤن میں شعبہ روحانی علاج کے تحت استخارہ سینٹر کا افتتاح کردیا گیا۔ سینٹر کا افتتاح نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطّاری نے کیا۔  * جامعۃُ المدینہ گرلز کے تحت کشمیر کے علاقے گورسیاں جاتلاں میں جامعۃُ المدینہ گرلز کی دوسری برانچ کا افتتاح کردیا گیا۔ جامعۃُ المدینہ گرلز کا افتتاح رکنِ شوریٰ حاجی وقارُ المدینہ عطّاری نے کیا۔ اس موقع پر اجتماع منعقد ہوا جس میں رکنِ شوریٰ نے ”دینِ اسلام میں نیک خواتین کی اہمیت اور عورت کی تربیت سے معاشرے میں تبدیلی“ کے موضوع پر بیان کیا۔  * جامعۃُ المدینہ انٹرنیشنل افیئرز کے تحت 2ستمبر2023ء کو بالٹی مور میری لینڈ امریکہ میں قائم مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں جامعۃُ المدینہ بوائز کی برانچ کا افتتاح ہوا۔ خوشی کے اس موقع پر افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی عاشقانِ رسول اور ذمّہ دارانِ دعوتِ اسلامی نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ جامعۃُ المدینہ بوائز کی نیو برانچ میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہوچکا ہے جبکہ طلبۂ کرام کو قیام و طعام کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے۔  * دعوتِ اسلامی نے امریکا کے اسٹیٹ الینوائے (Illinois) کے سٹی شکاگو (Chicago) میں مدرسۃُ المدینہ بوائز اور جامعۃُ المدینہ گرلز کا افتتاح کردیا۔ اسی سلسلے میں ایک مقامی بینکویٹ میں افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اہلِ علاقہ، ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی اور دیگر عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ مبلغِ دعوتِ اسلامی نے سنتوں بھرا بیان کیا۔  * 21ستمبر2023ء کو کامسیٹس یونیورسٹی لاہور میں دعوتِ اسلامی کے تحت محفلِ نعت کا انعقاد کیا گیا جس میں یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹس اور پروفیسرز و پرنسپل نے شرکت کی۔ نگرانِ مجلس پروفیشنلز فورم محمد ثوبان عطّاری نے بیان کیا۔  * 25ستمبر2023ء کو یونیورسٹی آف سندھ جامشورو اور لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز میں اجتماعاتِ میلاد کا انعقاد کیا گیا جن میں پروفیسرز، اسٹوڈنٹس اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ نگرانِ مجلس پروفیشنلز فورم محمد ثوبان عطّاری نے سنتوں بھرے بیانات کئے۔  * لاہورایکسپو سینٹر میں 21 تا 23 ستمبر 2023ء تین دن کا انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو منعقد کیا گیا جس میں ملک و بیرون ملک سے تعلق رکھنے والی پولٹری کمپنیز نے اسٹال لگائے۔ دورانِ نمائش رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطّاری نے ایگریکلچر اینڈ لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ (دعوتِ اسلامی) کے ذمہ دار اسلامی بھائیوں کے ہمراہ ایکسپو سینٹر کا وزٹ کیا۔رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطّاری نے انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو میں قائم مختلف اسٹالز میں پولٹری سیکٹر سے وابستہ کمپنی مالکان، ڈاکٹرز، منیجرز اور دیگر افراد سے ملاقات کی اور انہیں دعوتِ اسلامی کے شعبہ جات کا تعارف کروایا۔  * دعوتِ اسلامی کے شعبہ تعلیم کے تحت گورنمنٹ گریجویٹ کالج مظفر گڑھ میں سالانہ اجتماعِ میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں کالج کے پرنسپل، پروفیسرز اور اسٹوڈنٹس کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔رکنِ شوریٰ عبدالوہاب عطّاری نے سیرتُ النبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے مختلف پہلوؤں پر بیان کیا اور شُرَکا کو اپنے اخلاق و کردار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ اپنی زندگی سیرتِ رسول کے مطابق گزارنے کا ذہن دیا۔  * 20ستمبر 2023ء کو دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام میلادُ النبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے موقع پر سیالکوٹ پولیس لائن میں سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں D.S.Pسیالکوٹ، S.P Investigation، S.P، D.S.Pہیڈ کوارٹرز اور کئی افسران سمیت پولیس کے دیگر جوانوں نے شرکت کی۔ رکنِ شوریٰ حاجی محمد اظہر عطّاری نے سنتوں بھرا بیان کیا۔  * 21ستمبر2023ء کو مَولِدُ النبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے سلسلے میں دعوتِ اسلامی کے تحت گوجرانوالہ پولیس لائن میں میلاد اجتماع منعقد ہوا جس میں S.Pہیڈ کوارٹر شاہد وڑائچ، D.S.Pہیڈ کوارٹر محمد ریاض، S.H.O، انسپکٹرز، پولیس اہلکار اور ایلیٹ فورس کے جوانوں نے شرکت کی۔ رکنِ شوریٰ حاجی محمد اظہر عطّاری نے”شانِ مصطفٰے صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم، رزقِ حلال کی اہمیت، ظالم کا ہاتھ روکنے، مظلوموں کی مدد کرنے اور منشیات کو جڑ سے ختم کرنے“ کے بارے میں بیان کیا۔  * دعوتِ اسلامی کے شعبہ رابطہ برائے وکلا و سمبڑیال بار ایسوسی ایشن کے تحت 23ستمبر 2023ء کو میلاد اجتماع کا اہتمام کیا گیا جس میں وُکَلا بار کے صدر و اراکین، ججز اور وُکَلا حضرات نے شرکت کی۔ رکنِ شوریٰ حاجی محمد اظہر عطّاری نے ”سیرتِ مصطفٰے صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا۔  * فرانس کے دارُالحکومت پیرس میں قائم مقامی کمیونٹی سینٹر میں جشنِ ولادت کے موقع پر دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام عظیمُ الشان اجتماعِ میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں بزنس کمیونٹی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبدُالحبیب عطّاری نے ”نبیِّ پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے اُمّت پر حقوق“ کے موضوع پر بیان کیا۔صلوٰۃ و سلام پر اجتماع کا اختتام ہوا۔

دعوتِ اسلامی کی تازہ ترین اپڈیٹس کے لئے وزٹ کیجئے

https://news.dawateislami.net/



Share