خوابوں کی تعبیریں
قارئین کی طرف سے موصول ہونے والے چند منتخب خوابوں کی تعبیریں
*مولانا محمد اسد عطّاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ دسمبر2023
خواب میں نے خواب میں اپنےگھر کےصحن میں شتر مرغ کے دو بچے دیکھے ہیں۔پھر وہ ایک کونے میں بیٹھ جاتے ہیں، اس کی تعبیر بتا دیں ؟
تعبیر:اچھا خواب ہے۔ خواب دیکھنے والے کی عمر طویل ہوگی۔ لمبی عمر کی تمنا ہر کوئی کرتا ہےمگر جب بھی درازیِ عمر کی دعا مانگیں تو نیکیوں بھری صحت و عافیت کے ساتھ مانگنی چاہئے۔
خواب میں نے اپنے بھائی کو بلڈنگ سے نیچے گرتا دیکھا، یہ کیسا ہے ؟
تعبیر: آزمائش میں مبتلا ہونے اور ارادوں کے پورا نہ ہونے کی علامت ہے۔ اگر کوئی بڑا اور اہم کام کرنے کا ارادہ ہو تو پہلے صلوٰۃُ الحاجات ادا کر کے اللہ کی بارگاہ میں دعا کیجئے۔ اور اس کام کو کرنے کے جو بھی تقاضے ہیں انہیں پورا کیجئے۔
خواب میری بہن زیادہ تر ایک ہی خواب دیکھتی ہے جس میں وہ ذبح شدہ گائے دیکھتی ہے اور ڈر جاتی ہے۔ مہربانی کر کے اس کی تعبیر بتا دیجئے ؟
تعبیر:اس خواب کی تعبیر کے لئے خواب دیکھنے والے کی عمر کا معلوم ہونا ضروری ہے کیونکہ اگر کوئی بچہ ذبح شدہ جانور کو دیکھ کر ڈرتا ہے تو یہ ایک عمومی بات ہے جس کی کوئی تعبیر نہیں البتہ اگر کوئی بڑا شخص اس طرح کا خواب دیکھے تو حسب ِحال اس کی تعبیر ہوسکتی ہے۔
خواب خواب میں سانپوں کا دیکھنا کیسا اورخواب دیکھنے والے کو کیا کرنا چاہئے ؟
تعبیر:عمومی طور پر سانپ کا دیکھنا کسی بُرےشخص اور دشمن کی علامت ہوا کرتا ہے ، ایسے شخص کو چاہئے کہ اللہ کی راہ میں صدقہ کرے اور جن لوگوں کے ساتھ اس کا تعلق ہے ان سے محتاط رہے۔
خواب میں خواب میں اپنی بھابھی کے سر میں کنگی کرتی ہوں اور ان کے سر میں بہت ساری جوئیں دیکھتی ہوں۔اس کے علاوہ بھی اکثر خواب میں جوئیں دیکھتی ہوں۔اس کی تعبیر کیا ہو سکتی ہے؟
تعبیر:جس کے سر میں جوئیں دیکھیں اگر حقیقت میں بھی اس کے سر میں جوئیں ہیں تو یہ خواب دیکھنے والے کا خیال ہوسکتا ہے۔ جس کی تعبیر نہیں اور اگر حقیقت میں ایسا نہیں تو یہ مشکل میں مبتلا ہونے کی دلیل ہے۔ اللہ کی راہ میں کچھ صدقہ کریں کہ صدقہ بلا کو ٹالتا ہے۔
خواب ایک اسلامی بہن کا کہنا ہے کہ وہ خواب میں چھوٹا بچہ اٹھایا ہوا دیکھتی ہے ؟
تعبیر:اس خواب کی کوئی خاص تعبیر نہیں عموما عورتیں چھوٹا بچہ اٹھا تی رہتی ہیں جو کہ روز مرہ کا عام معمول ہے۔
خواب خواب میں قبر اور اس پر پھول دیکھنا کیسا ہے ؟
تعبیر:قبر کادیکھنا کئی اعتبار سے ہوتا ہے۔ کبھی یہ اللہ پاک کی جانب سے آخرت کے معاملات پر غورو فکر کرنے کی دعوت ہے اور کبھی اس سے مراد صاحبِ قبر کی چھپی ہوئی بات بھی ہوتی ہے لہٰذا خواب دیکھنے والے کو چاہئے کہ راز کی بات کو چھپائے رکھے اور آخرت کے معاملات میں خوب غورو فکر کرے۔
خواب خواب میں اونٹ میرے پیچھے بھاگ رہا ہے،میں جہاں بھی چھپتی ہوں وہ وہاں پہنچ جاتا ہے لیکن حملہ نہیں کرتا۔ مجھے کسی نے کہا: اونٹ موت ہے، صدقہ دو! برائے کرم تعبیر بتا دیں۔
تعبیر:خواب میں اونٹ کا پیچھے لگنا رنج و مصیبت اور بعض اوقات بیمار ہونے کی علامت ہوتا ہے۔ اللہ کی راہ میں کچھ صدقہ کریں کہ صدقہ بلا کو ٹالتا ہے۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
*(نگران مجلس مدنی چینل)
Comments