آؤ بچو حدیث رسول سنتے ہیں
جمعۃ المبارک مسلمانوں کی عید
*مولانامحمد جاوید عطاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ نومبر 2023
ہمارے پیارے نبی محمد عربی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: جس نے اچھی طرح وضو کیا پھر نمازِ جمعہ پرھنے آیا اور خاموشی سے خطبہ سنا تو اُس شخص کے اِس جمعہ سے لے کر آنے والے جمعہ تک کے گناہ معاف کر دیئے جاتے ہیں۔ (مسلم،ص332،حدیث:1988)
عربی زبان میں اس دن (یعنی جمعہ)کا نام عَرُوبہ تھا بعد میں جُمُعَہ رکھا گیا، جمعہ کو جمعہ اس لئے کہتےہیں کہ اس دن نماز کے لئے جماعتوں کا اجتماع ہوتا ہے(یعنی بہت سارے لوگ نمازِ جمعہ کے لئے جمع ہوتے ہیں) ۔ (صراط الجنان،10/152 ملتقطاً)
اسلام میں جمعۃ ُالمبارک کو بہت اہمیت حاصل ہے ، جمعہ مساکین کا حج ہے، دنوں کا سردار ہے، یہ بخشش کا دن ہے کہ اس دن بہت ساروں کی بخشش کی جاتی ہے ،اس دن نیکیوں کا ثواب بڑھا دیا جاتا ہے، اس دن کئی فرشتے زمین پر تشریف لاتے ہیں،اس دن ہمارے پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم فرشتے کے واسطے کے بغیر ہمارا درودِ پاک خود اپنے کانوں سے سنتے ہیں، قراٰنِ پاک میں ایک پوری سورت ہی ”جمعہ“ کے نام سے ہے اور اس دن کو مسلمانوں کی عید بھی کہا گیا ہے ۔
پیارے بچّو! آپ کو بھی چاہئے کہ جمعہ کے دن نہا دھوکر، صاف ستھرے کپڑے پہن کر ہو سکے تو خوشبو لگا کر اپنے ابو، بھائی یا گھر کے کسی بڑے فرد کے ساتھ مل کر مسجد جائیں، توجہ سے امام صاحب کا بیان سنیں اور نمازِ جمعہ ادا کریں ۔
اللہ پاک ہمیں جمعہ کی اہمیت کو سمجھنے اور اس دن خوب نیکیاں کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ، ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی
Comments