خوابوں کی تعبیریں

خوابوں کی تعبیریں

قارئین کی طرف سے موصول ہونے والے چند منتخب خوابوں  کی تعبیریں

*مولانا محمد اسد عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ نومبر2023

 خواب میں نے اپنے پیر و مرشد مولاناالیاس قادری صاحب کو دیکھا کہ ان کو کسی نے فجر کی نماز کے لئے اٹھایا ہے اور وہ فوراً چہل قدمی شروع کر دیتے ہیں۔ میں سمجھا کہ جب انسان نیند سے اٹھے تو تھوڑا چل لے تاکہ سستی دور ہو؟

تعبیر: اللہ کے نیک بندوں کو خواب میں دیکھنا باعثِ برکت اور ان سے محبت کی علامت ہے۔

خواب مجھے اکثر خواب آتا ہے کہ کوئی انسان میرے پیچھے آ رہا ہے لیکن قریب نہیں آ پا رہا ؟

جواب:مبہم خواب کی تعبیر بیان نہیں کی جاسکتی البتہ اگر آپ خوف محسوس کرتے ہیں تو سونے سے قبل سورۂ فلق، سورۂ ناس اور آیت الکرسی پڑھ لیجئے۔

خواب خواب میں کسی اور کے ہاں دو بچّوں کی پیدائش دیکھنا کیسا ؟

تعبیر:جس کے لیے خواب دیکھا گیا اس کے حق میں اچھا ہے۔

خواب مجھے خواب میں سانپ نظر آتے ہیں۔

تعبیر:سانپ کا دیکھنا برے شخص کی علامت ہے اور سانپ کا ڈسنا دشمن کی طرف سے نقصان پہنچنا ہے۔ اگر آپ کو اکثر اس طرح کے خواب نظر آتے ہیں تو سونے سے پہلے 21 بار یَامُتَکَبِّرُ پڑھ لیا کریں اپنی حفاظت کے لئے تعویذاتِ عطّاریہ سے تعویذ بھی حاصل فرمالیں۔ یاد رہے کہ اللہ کی راہ میں صدقہ کرنا دشمن سے حفاظت کے لئے بہت فائدہ مند ہے۔

خواب میں نے دیکھا کہ اپنی بڑی بہن کے گھر ہوں، میرے دوسرے بھائی کو پولیس لے جاتی ہے،میرے مرحوم والد اور والدہ پولیس کو لے جانے سے روکتے ہیں۔والدہ کے پاؤں پر گاڑی چڑھنے سے خون نکلتا ہے اور والد صاحب اس خون کو بند کرنے لگ جاتےہیں اس کےبعد آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:اللہ پاک آپ کی اور آپ کے گھر والوں کی حفاظت فرمائے۔ بعض اوقات کسی پریشانی یا پریشان کُن خیالات کی وجہ سے یا اس طرح کی خبریں دیکھنے سننے کی وجہ سے بھی اس طرح کے خواب نظر آجاتے ہیں، گھبرائیں نہیں اللہ پاک کی بارگاہ میں عافیت کے لئے دعا کریں، البتہ کسی بھی ایسے معاملے سے دور رہیں جو کسی جھگڑے یا قانون کی خلاف ورزی کا سبب ہوسکتا ہو۔

خواب میں نے دیکھا کہ مدینے شریف میں ہوں،سبز گنبد کو دیکھ کر نعت پڑھتی ہوں اور گنبد کے پاس جا رہی ہوں۔اس مبارک خواب کی تعبیر بتا دیں۔

تعبیر:بہت اچھا خواب ہے۔ اِن شآءَ اللہ حقیقت میں بھی حاضری نصیب ہوگی البتہ جانے کے اسباب کے لئے کوشش اور سرکارِ مدینہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہ میں استغاثہ کرتی رہیں۔

خواب میں نے مرحوم دادا کو مسجد میں نماز جمعہ پڑھتے دیکھا ہے اور ملاقات بھی ہوئی ہے ؟

تعبیر:اچھا خواب ہے، فوت شدہ کو عبادت کرتے ہوئے دیکھنا مبارک ہے۔ اللہ کی رحمت پر امید رکھیں کہ وہ عافیت سے ہوں گے البتہ ان کے لئے دعا اور ایصال ثواب کرتے رہیں۔

خواب میں نے دیکھا ایک عورت میری امی کو بولتی ہے کہ وہ مجھے ٹھیک کر دے گی، اور کہتی ہے اس کی بیماری کسی دوسرے کو لگ جائے گی۔میں کہتی ہوں یہ کیا بات ہوئی میری بیماری کسی اور کو کیوں لگے ؟ مجھے علاج ہی نہیں کروانا اتنے میں میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

جواب:یاد رہے کہ کسی کی بیماری اُڑ کر نہیں لگتی۔ نیز یہ خواب مبہم ہے۔ لہٰذا اس کی وجہ سے پریشان نہ ہوں اگر واقعی بیمار ہیں تو اس کا علاج ضرور کریں مگر اس خواب کی بنیاد پر بیمار ہونے کا خوف ہر گز نہ رکھیں۔ بعض اوقات مسلمان کو شیطان خواب کے ذریعے پریشان کرتا ہے جس کی حقیقت نہیں ہوتی۔ لہٰذا اس خواب کی طرف توجہ نہ کریں، چلتے پھرتے اٹھتے بیٹھتے یَا سَلَامُ کا ورد کرتی رہیں۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*(نگران مجلس مدنی چینل)


Share

Articles

Comments


Security Code