اے دعوتِ اسلامی تِری دھوم مچی ہے!
دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں
ماہنامہ فیضانِ مدینہ نومبر2023
*مولاناعمر فیاض عطّاری مدنی
نیو کراچی میں عظیمُ الشان گراؤنڈ اجتماع
نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی عمر ان عطّاری کا خصوصی بیان
دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام 10ستمبر 2023ء کو کراچی کے علاقے نیو کراچی میں واقع کار بازار گراؤنڈ میں عظیمُ الشان اجتماع منعقد ہوا۔ اجتماع میں شرکت کیلئے کراچی کے طول وعرض سے عاشقانِ رسول ہزاروں کی تعداد میں جمع ہوئے۔ اس موقع پر اجتماع گاہ کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ۔ اجتماعِ پاک میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے خصوصی بیان فرمایا۔ اس دوران انہوں نے شُرکا کو پابندی کے ساتھ نمازوں کو ادا کرنے، سیرتِ مصطفٰے صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو اپنانے اور دینی کام کرتے رہنے کی ترغیب دلائی۔
پاکستان بھر میں دستارِ فضیلت اجتماعات کا انعقاد
درسِ نظامی مکمل کرنے والے 1555 مدنی علما کی دستار بندی کی گئی
جامعۃُ المدینہ بوائز کے زیرِ اہتمام 11 ستمبر 2023ء مطابق 25 صفر المظفر 1445ھ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی سمیت پاکستان بھر میں 10 مقامات (لاہور، گجرات، سیالکوٹ، اسلام آباد، اوکاڑہ، فیصل آباد، حیدر آباد، ملتان، گوجرانوالہ ) پر دستارِ فضیلت اجتماعات کا انعقاد کیا گیا جن میں مفتیانِ کرام، اراکینِ شوریٰ، علمائے اہل ِسنت، جامعاتُ المدینہ کے اساتذہ و ناظمین، طلبہ، سیاسی و سماجی شخصیات اور ہزاروں عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔اجتماعات میں نگرانِ شوریٰ و اراکینِ شوریٰ نے بیانات فرمائے جن کے بعد رواں سال کنزُ المدارس بورڈ جامعۃ المدینہ سے درس نظامی کی تعلیم مکمل کرنے پر1555 مدنی علمائے کرام کی دستار بندی کی۔
کراچی میں مرکز الاقتصاد الاسلامی
Islamic Economics Centerکا افتتاح
اس سینٹر میں بزنس میں درپیش مسائل اور کاروباری تنازعات
کا حل قراٰن و سنّت کی روشنی میں پیش کیا جائے گا
بزنس میں درپیش مسائل کو قراٰن و سنّت کی روشنی میں حل کرنے کے لئے دعوتِ اسلامی کی جانب سے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ”مرکز الاقتصاد الاسلامی“ کا افتتاح کردیا گیا۔ اسلامک اکنامک سینٹر کا افتتاح 23 اگست 2023ء بروز بدھ کو ہوا۔ افتتاح شیخُ الحدیث و التفسیر مفتی محمد قاسم عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے کیا۔ اس موقع پر ماہرِ اقتصادیات مفتی علی اصغر عطاری مدنی، نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری، دارُالافتاء اہلِسنّت کے مفتیانِ کرام، تخصص فِی الفقہ الاقتصاد الاسلامی کے اسٹوڈنٹس اور دیگر شخصیات موجود تھیں۔
لاہور میں فیضان ری ہبلی ٹیشن سینٹر کا افتتاح کردیا گیا
افتتاح رُکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے کیا
FGRF کے تحت کراچی اور فیصل آباد کے بعد 11 اگست 2023ء کو پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں Faizan Rehabilitation Center قائم کردیا گیا ہے جس کا افتتاح دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن مولانا حاجی عبدُالحبیب عطاری نے کیا۔ اس موقع پر افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں اراکینِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری، حاجی محمد اسلم عطاری، مختلف سیاسی و سماجی شخصیات،کاروباری حضرات اور ذمّہ دارانِ دعوتِ اسلامی نے شرکت کی۔ رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبدُالحبیب عطاری نے سنّتوں بھرا بیان کیا اور ادارے کے حوالے سے معلومات فراہم کیں۔
2 ستمبر کو ”یومِ دعوتِ اسلامی “
نہایت جوش و خروش سے منایا گیا
عاشقانِ رسول کی دینی تنظیم دعوتِ اسلامی کو بنے 42 سال مکمل ہوگئے۔ 42 سال مکمل ہونے پر 2 ستمبر 2023ء کو دنیا بھر میں ”یومِ دعوتِ اسلامی“ انتہائی پُر جوش انداز میں منایا گیا۔ خوشی کے اس موقع پر عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی سے براہِ راست مدنی چینل پر مدنی مذاکرہ منعقد ہوا۔ ”یومِ دعوتِ اسلامی“ کے موقع پر دنیا بھر میں شکرانے کے نوافل ادا کئے گئے اور اسلامی بھائیوں/ اسلامی بہنوں نے روزے بھی رکھے، دنیا بھر میں کئی مقامات پر بینرز اور پینا فلیکس لگائے گئے، سائن بورڈز لگائے گئے، مدنی مراکز کو لائٹوں اور قمقموں سے سجایا گیا، گاڑیوں پر اسٹیکرز لگائے گئے اور عاشقانِ رسول میں بیجز تقسیم کئے گئے۔
دعوتِ اسلامی کے چند دینی کاموں کی مزید جھلکیاں
* شعبہ تعلیم کے تحت 5 اور6 اگست 2023ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں P.H.D,s اینڈ یونیورسٹیز فیکلٹی اجتماع کا انعقاد ہوا جس میں48یونیورسٹیز اور40کالجز سے لیکچرارز، اسسٹنٹ پروفیسرز، ایسوسی ایٹ پروفیسرز، ہیڈآف ڈیپارٹمنٹس، چیئرمینز، فیکلٹی ڈین اور شعبہ تعلیم سے وابستہ افراد نے شرکت کی * 8اگست 2023ء کو آرٹس کونسل مری میں سنّتوں بھرے اجتماع کا انعقاد ہوا جس میں رکنِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عبدالحبیب عطاری نے”جنّت میں جانے کا فارمولا“ کے موضوع پر بیان کیا * نبیرۂ اعلیٰ حضرت، برادرِ اصغر حضور تاجُ الشریعہ حضرت علّامہ مولانا منان رضا خان قادری مُدَّ ظِلُّہُ العالی المعروف منانی میاں صاحب کی 9 اگست 2023ء کو مدنی مرکز فیضانِ مدینہ اسٹچفورڈ یوکے میں تشریف آوری ہوئی نگران ویلز یوکے حاجی سیّد فضیل رضا عطاری و دیگر نے ان کا استقبال کیا۔منانی میاں صاحب کو فیضانِ مدینہ میں موجود جامعۃُ المدینہ اور لائبریری کا وزٹ کروایا گیا * عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں 11تا13اگست 2023ء وکلا برادری کا تین دن کا سنتوں بھرا اجتماع منعقد ہوا جس میں سپریم کورٹ، ہائی کورٹ اور سٹی کورٹ کے وکیل حضرات شریک ہوئے * شعبہ پروفیشنلز فورم کے زیرِ اہتمام 26/27 اگست 2023ء کو مدنی مرکز فیضانِ مدینہ فیصل آباد میں دو دن کا ”فرض علوم کورس“ منعقد ہوا جس میں آئی ٹی ایکسپرٹ، انجینئرز، سول انجینئرز اور مختلف شعبہ جات کے پروفیشنلز نے شرکت کی۔نگران پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری نے شُرکا کی راہنمائی کی۔ * اٹلی (Italy) کے شہر پراتو (Prato) میں مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کا افتتاح کردیا گیا۔ اس موقع پر افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں نگرانِ اٹلی کابینہ منظور حسین عطاری نے سنّتوں بھرا بیان کیا اور مقامی عاشقانِ رسول کو مبارک باد پیش کی * دعوتِ اسلامی کے شعبہ جامعۃُ المدینہ انٹر نیشنل افیئرز کی کاوش سے دارُ السلام تنزانیہ میں جامعۃُ المدینہ کی ایک اور برانچ کا افتتاح کردیا گیا اس پُر مسرت موقع پر افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی علمائے کرام، شعبہ جات اور بزنس کمیونٹی کے اسلامی بھائیوں سمیت دیگر عاشقانِ رسول نے شرکت کی جبکہ نگرانِ تنزانیہ مشاورت، نگران دارُ السلام ریجن اور دیگر مبلغینِ دعوتِ اسلامی بھی موجود تھے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران دارالسلام ریجن عبد الغفار عطاری مدنی نے کہا کہ اس جامعۃُ المدینہ میں درسِ نظامی کی کلاسز رات میں ہوں گی جس کا وقت 7:00 تا 10:00 ہوگا۔اس برانچ کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں فقہ حنفی کے مطابق درسِ نظامی کروائی جائے گی جبکہ دارُالسلام کے دیگر جامعاتُ المدینہ میں فقہ شافعی کے مطابق درسِ نظامی کروائی جارہی ہے۔ * نگرانِ ملاوی کابینہ مولانا عثمان عطاری مدنی 21تا28اگست2023ء دینی کاموں کے سلسلے میں ساؤتھ افریقہ کے دورے پر تھے۔ دورانِ دورہ 22اگست2023ء کو ساؤتھ افریقہ کے ٹاؤن بینونی (Benoni) میں نگران ملاوی کابینہ مولانا عثمان عطاری مدنی اور دیگر مبلغین دعوتِ اسلامی کی نیکی کی دعوت اور انفرادی کوشش سے تین غیر مسلموں نے اسلام قبول کرلیا۔ مولانا عثمان عطاری نے انہیں کلمہ پڑھاکر دامنِ اسلام میں داخل کیا اور ان کے اسلامی نام بھی رکھے۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* (فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ،ذمہ دار شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروز کراچی)
Comments