ننھے میاں کی کہانی
تسبیح فاطمہ
*مولانا حیدر علی مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ نومبر2023
جمعۃ المبارک کا دن تھا اور ننھے میاں کے گھر میں میلاد شریف کی محفل شروع ہوچکی تھی۔ ننھے میاں بھی خوب تیار ہوکر پرچم تھامے محفل میں شریک تھے اور امیرِ اہلِ سنّت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ کی لکھی ہوئی نعتوں کا مجموعہ ”وسائلِ بخشش“ بھی ہاتھ میں تھا۔ دراصل ننھے میاں بھی آج بطورِ نعت خواں تشریف لائے تھے۔ تلاوتِ قراٰن کے بعد سب سے پہلے نعت شریف کے لئے ننھے میاں کو دعوت دی گئی۔ ننھے میاں جھومتے جھومتے آئے، مائیک تھاما اور نعت پڑھنے لگے:
جھوم کر سارے پکارو مرحبا یامصطَفٰے
چوم کر لب کہہ دو یارو مرحبا یامصطَفٰے
کہہ کر اے عِصیاں شِعارو مرحبا یامصطَفٰے
بگڑی قسمت کو سنوارو مرحبا یامصطَفٰے
مفِلسو، غُربت کے مارو مرحبا یامصطَفٰے
تم بھی کہہ دو مالدارو مرحبا یامصطَفٰے
سبحٰن اللہ! ماشآء اللہ ! ننھے میاں نے نعت شریف مکمل کی تو سب شرکاء نے خوب داد دی۔
ننھے میاں تو سمجھے بیٹھے تھے کہ وہ تو بس ایک نعت شریف پڑھیں گے اور پھر ہال میں ایک طرف بیٹھے محفل میں شریک رہیں گے لیکن انہیں نہیں پتا تھا کہ ابو جان نے ان کے لئے کچھ کام سوچ رکھے تھے لہٰذا جیسے ہی تلاوت کے بعد ننھے میاں نعت سنا کر فارغ ہوئے تو ابو جان نے انہیں بلا کر کہا: ننھے میاں آپ وہاں باہر کے دروازے پر اندر کی طرف کھڑے ہوجائیں اور آنے والے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے ہال تک لائیں۔ پہلے مہمانوں کا استقبال اور پھر مہمانوں کو کھانا سَرو کرتے ہوئے بھی ابو جی کا ہاتھ بٹاتے بٹاتے ننھے میاں کی تو آج بَس ہو گئی تھی۔
رات کا کھانا کھاتے ہوئے ننھے میاں کہنے لگے: آج تو سارا جسم دکھ رہا ہے پتا نہیں نیند بھی آئے گی یا نہیں۔
دادی جان نے مسکراتے ہوئے کہا: کیا میں آپ کو ایسا وظیفہ نہ بتا دوں جس سے اِن شآءَ اللہ آپ کی تھکاوٹ دو ر ہوجائے گی!
دادی جان! ایسا بھی کوئی وظیفہ ہےکیا؟ ننھے میاں نے فورا ً دلچسپی سے پوچھا۔
دادی جان: جی بیٹا بالکل ہے، ”ایک بار خاتونِ جنت سیدہ فاطمہ رضی اللہُ عنہا نے حضورِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے گھر کے کام کاج کے لئے خادم مانگا تو حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: میں تمہیں ایسی چیز دیتا ہوں جو تمہاری مانگی گئی چیز سے بھی بہتر ہے، جب تم بستر پر جاؤ تو 33 بار سبحٰن اللہ ، 33 بار اَلْحَمدُ للہ اور 34 بار اَللہُ اَکبر پڑھ لیا کرو۔“(بخاری، 4/194،حدیث:6318ماخوذاً) ننھے میاں اس وظیفے کو تسبیحِ فاطمہ کہتے ہیں اگر آپ روزانہ سونے سے پہلے اسے پڑھنے کی عادت بنا لیں گے تو اِن شآءَ اللہ کام کاج کی تھکاوٹ سے بچ جائیں گے۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* مدرس جامعۃ المدینہ، فیضان آن لائن اکیڈمی
Comments