کچھ نیکیاں کمالے
جنت واجب کروانے والی نیکیاں(قسط:01)
*مولانا محمدنوازعطاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ نومبر 2023
اے عاشقانِ رسول! احادیثِ کریمہ میں کئی ایسے اعمال ارشاد فرمائے گئے ہیں جن کے سبب جنّت واجب ہونے کی خوش خبری دی گئی ہے۔ آئیے! ایسے چند اعمال کے بارے میں 8فرامینِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پڑھتے ہیں:
اچھا وُضو کرنا اور دورکعت نماز اداکرنا
(1) جو مسلمان وُضو کرے اور اچھا وُضو کرے پھر کھڑا ہو اور باطن و ظاہرسے متوجہ ہو کر دو رکعت نمازپڑھے اس کے لئے جنت واجب ہوتی ہے۔([1])
سورۂ اخلاص پڑھنا
(2)حضرت سیِّدُناابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ساتھ کہیں جارہا تھاکہ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے کسی شخص کو (قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌۚ(۱)) (یعنی سورۂ اِخلاص) پڑھتے ہوئے سنا تو آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: واجب ہوگئی۔ میں نے عرض کی: یارسولَ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم! کیا چیز واجب ہوگئی؟ فرمایا: جنّت۔([2])
سورۂ حشر کی آخری آیتوں کی تلاوت کرنا
(3)جس شخص نے رات یا دن میں سورۂ حشر کی آخری (تین) آیتیں پڑھیں اور اُسی رات یا دن میں اُس کا انتقال ہو گیا تو اُس نے جنّت کوواجب کر لیا۔([3])
یتیم کی کفالت
(4)جس نے کسی ایسے یتیم کی کھلانے اور پلانے کے اعتبار سے کفالت کی کہ جس کے والدین مسلمان تھے یہاں تک کہ وہ یتیم اس شخص سے مستغنی(بے پروا ہوگیا) تو اس شخص کے لئے جنت واجب ہوگئی۔([4])
ایک دن میں پانچ اعمال
(5)جس نے جُمُعہ ادا کیا اوراس دن کا روزہ رکھا اور مریض کی عیادت کی اور جنازے میں حاضر ہوا اور نکاح میں شرکت کی تو اُس کیلئے جنّت واجب ہوگئی۔([5]) جبکہ ایک اور روایت میں اس طر ح ہے:(6)جس نے جُمُعہ کے دن روزے کی حالت میں صبح کی اور مریض کی عیادت کی اور جنازے میں حاضر ہوا اور صَدَقہ کیا تو اُس نے (اپنے لئے جنّت) واجب کرلی۔([6])
جنت واجب کرنے والے 3اعمال
(7)حضرت سیّدُنا مِقدام بن شُرَیح رضی اللہ عنہکے دادا حضرت ہانی رضی اللہ عنہ نے پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّمکی بارگاہ میں عرض کی:یارسولَ اللہ!مجھے کوئی ایسی چیز بتادیجئے جو میرے لئے جنّت کو واجب کردے؟ ارشاد فرمایا: کھانا کھلانا، سلام کو عام کرنا اور اچھی گفتگو کرنا جنّت کو واجب کرنے والے اعمال ہیں۔([7])
نابینا شخص کو 40قدم چلانا
(8)جو شخص کسی نابینا کو40 قدم چلائے اس کے لئے جنّت واجب ہو گئی۔([8]) (بقیہ اگلے ماہ کے شمارے میں)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ، ماہنامہ فیضانِ مدینہ کراچی
Comments