بچّوں کے لئے امیرِ اہلِ سنّت کی نصیحت
دُرُود شریف پڑھنے کی عادت بنائیں
* مولانا اویس یامین عطّاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ اکتوبر 2021
اچھے بچّو! امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ محمد الیاس قادری صاحب فرماتے ہیں :
ہمیں اپنے مکّی مدنی آقا میٹھے میٹھے مصطَفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر زیادہ سے زیادہ دُرُودِ پاک پڑھنے کی عادت بنانی چاہئے۔ ہم چاہے کھڑے ہوں ، چل رہے ہوں یا بیٹھے ہوں ہماری کوشش یہی ہونی چاہئے کہ دُرُود شریف پڑھتے رہیں۔ (نُور والا چہرہ ، ص4 ملخصاً)
پیارے بچّو! نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر دُرُود شریف پڑھنے کی بے شمار برکتیں ہیں ، مثلاً دُرُود شریف پڑھنے والے پر رحمتیں نازل ہوتی ہیں ، اُس کے گناہ مُعاف ہوتے ہیں ، اُس کے درجات بلند ہوتے ہیں ، اُسے پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی شفاعت نصیب ہوگی ، اُسے قیامت کے دن پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا قُرب نصیب ہوگا۔ (ماخوذ از مدنی پنج سورہ ، ص165) ہمیں بھی چاہئے کہ ہم اپنے پیارے امیرِ اہلِ سنّت کی بات پر عمل کرتے ہوئے اللہ پاک کے آخری نبی حضرت محمدِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر زیادہ سے زیادہ دُرُود شریف پڑھنے کی عادت بنائیں۔
؎ ذِکْر و دُرُود ہر گھڑی وِردِ زباں رہے میری فُضول گوئی کی عادت نکال دو
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، ماہنامہ فیضانِ مدینہ ، کراچی
Comments