جشن ولادت اس طرح منائیے

اے عاشقانِ رسول!رحمتوں والے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی ولادتِ پاک کے مہینے میں دیگر فرائض و واجبات اور مستحبات کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ درج ذیل کاموں پر بھی توجہ دیجئے:(1)پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی آنکھوں کی ٹھنڈک نماز کو پانچوں وقت باجماعت مسجد کی پہلی صَف میں تکبیرِ اُولیٰ کے ساتھ ادا کیجئے (2)اگر اپنے ذِمّے قضا نمازیں ہوں ، زکوٰۃ لازم ہو یا لوگوں کے قرضے ہوں تو جلد تر ادا کیجئے (3)ظاہری، باطنی گناہوں سے سچّی توبہ کیجئے اور اپنے ماتحتوں خاص طور پر اپنے گھر والوں، اولاد اور شاگردوں کو بھی گناہوں سے باز رہنے کی تلقین کیجئے (4)تمام عاشقانِ رسول بَشُمول نگران و ذِمّہ داران ربیعُ الْاَوَّل شریف میں کم اَز کم تین دن قافِلے میں سفر کی سعادت حاصل کریں اور اسلامی بہنیں پورا مہینا روزانہ گھر کے اندر (صِرف گھر کی اسلامی بہنوں اور مَحرموں میں) درسِ فیضانِ سنّت جاری کریں اور پھر آئندہ بھی روزانہ جاری رکھنے کی نیّت فرمائیں (5)مَرد کا داڑھی مُنڈوانا یا ایک مُٹّھی سے گھٹانا دونوں حرام ہے۔ اسلامی بہن کا بے پردَگی کرنا حرام ہے (لہٰذا فوراً توبہ کرکے ان گناہوں سے باز آنا واجِب ہے)۔ براہِ کرم! ربیعُ الْاَوَّل شریف کی بَرَکت سے اسلامی بھائی ہمیشہ کے لئے ایک مُٹّھی داڑھی اور اسلامی بہنیں مُستَقِل شَرعی پردہ کرنے کی نیّت کریں (6)پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی شان میں کسی خوش آواز عاشقِ رسول کی نعتیں سنئے، بیانات اور نعتیں اتنی دھیمی آواز میں اور اِس احتیاط کے ساتھ سنیں کہ کسی عبادت کرنے والے، سوتے ہوئے یا مریض وغیرہ کو تکلیف نہ ہو نیز اذان و اوقاتِ نَماز کی بھی رِعایت کیجئے (عورت کی آواز میں نعت مت سنئے سنائیے) (7)چَراغاں دیکھنے کے لئے عورتوں کا اَجنبی مَردوں میں بے پردہ نکلنا حرام و شَرمناک نیز باپردہ عورتوں کا بھی مُروَّجہ انداز میں مَردوں میں اختِلاط (یعنی خَلط مَلط ہونا) انتِہائی افسوس ناک ہے (8)کسی غریب بالخصوص سیّد زادے کے گھر ایک دو مہینوں کا راشن ڈلوا دیجئے اور وقتاً فوقتاً ایسے لوگوں کی مدد کرتے رہئے، اللہ پاک نے چاہا تو آپ کے اس عمل کی برکت سے آپ کو سیّدوں کے نانا جان صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی طرف سے وہ نوازشات نصیب ہوں گی جو آپ کے وہم و گمان سے بھی باہر ہوں گی (9)ہوسکے تو کسی مقروض مسلمان کا سارا قرضہ ادا کردیجئے وَرنہ قرض کی ادائیگی میں اس کی کچھ نہ کچھ مدد کردیجئے (10)کسی بیمار مسلمان بھائی کا اپنے پَلّے سے علاج کروائیے، ہوسکے تو اس کے علاج کا سارا خرچہ ہی اپنے ذِمّے لے لیجئے (11)آج کل بَجائے جانے والے دَف (جو کہ عموماً قواعدِ موسیقی کے مطابق ہوتے ہیں) اور میوزک کے ساتھ حمد، نعت، منقبت سننا، سنانا گناہ ہے لہٰذا اس سے بچئے، آقائے دوجہاں صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: مجھے آلاتِ موسیقی کو توڑنے کے لئے بھیجا گیا ہے۔(کنزالعمال، جز15،ج 8،ص99، حدیث:40682) (12)ربیعُ الْاَوَّل شریف کی چاند رات سے لے کر بارھویں شریف بلکہ تیرھویں تک روزانہ رات عشا کی نماز کے بعد عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرہ ہوتا ہے، ہوسکے تو شروع کے 12دن یہیں فیضانِ مدینہ میں آ کر ٹھہر جائیے، یہ نہ ہوسکے تو جن سے بَن پڑے روزانہ رات میں شرکت فرمائیں ورنہ کم اَز کم مدنی چینل پر تو دیکھنے اور سننے کی ضَرور کوشش کیجئے۔

اللہ کریم ہمیں ہمارے پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا جشنِ ولادت دُھوم دھام سے منانے اور ان کی سیرتِ مبارکہ اپنانے کی توفیق عطا فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

نوٹ:یہ مضمون ”صبحِ بہاراں“رسالے اور دیگر کُتُب و رسائل سے تیار کرکے امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کو چیک کروانے کے بعد پیش کیا جارہا ہے۔


Share