سلسلہ : بکنگ و تعارف
“ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کے 3 سالہ مضامین کا جائزہ
راشد علی عطّاری مدنی
ماہنامہ ربیع الاول 1441
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ(دعوتِ اسلامی) “ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی دینی ، دُنیاوی ، شرعی ، اَخلاقی ، نفسیاتی ، معاشرتی ، معاشی ، اِنفرادی اور اجتماعی ضرورتوں کو سامنے رکھتے ہوئے ہر مہینے اوسطاً 25سے زائد موضوعات پر کم وبیش 40مضامین شائع کرتا ہے۔ چنانچہ تفسیر ، شرح حدیث ، فقہی مسائل کا حل ، بچوں کی کہانیاں ، سماجی موضوعات پر اصلاحی مضامین ، تاجروں کیلئے شرعی رہنمائی ، خواتین کے لئے شرعی راہنمائی ودیگر خصوصی موضوعات ، بُزرگانِ دین کی سیرت ، دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں وغیرہ ’’ماہنامہ فیضانِ مدینہ‘‘ کے ہر شمارے کی زینت ہوتی ہیں۔ “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ (دعوتِ اسلامی) “ کا پہلا شمارہ ربیع الآخر 1438ھ کی آٹھویں شب (بمطابق 5جنوری 2017ء) منظرِ عام پر آیا اور اس شمارہ (ربیع الاوّل 1441 ھ) پر اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ اس کے تین سال مکمل ہوجائیں گے ، اس تین سال کے عرصے میں “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ(دعوتِ اسلامی) “ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ 900سے زائد مضامین شائع کر چکا ہےجو کم وبیش 2,412صفحات پر پھیلے ہوئے ہیں ، اس کے 35ایڈیشن کی کم وبیش 22لاکھ88ہزار کاپیاں شائع ہوچکی ہیں۔ سوشل میڈیا کے مختلف ذرائع ویب سائٹ ، فیس بک وغیرہ کے ذریعے بھی بےشمار لوگ اس کو پڑھتے ہیں ، علاوہ ازیں اس کی ڈیجیٹل کاپی(PDF) بھی لوگوں کی بہت بڑی تعداد کے پاس پہنچتی ہے جبکہ رجب المرجب 1439ھ سے انگلش ترجمہ اور شعبان المعظم1440ھ سے گجراتی ترجمہ بھی باقاعدگی سے شائع ہوتا ہے ۔
اللہ پاک نے دعوتِ اسلامی کے’’ماہنامہ فیضان مدینہ‘‘کو قبول عام بخشا ہے جس کا اندازہ تحریری وزبانی موصول ہونے والےعوام وخواص کے تأثرات سے ہوتا ہے۔ 66 صفحات پر مشتمل ’’ماہنامہ فیضانِ مدینہ‘‘ کو کوئی “ کوزے میں دریا “ قرار دیتا ہے ، کوئی یوں اپنے دل کی بات کہتا ہے : ’’ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ اپنے ظاہری حُسن میں منفرد اورمضامین ومشمولات کے اعتبار سےبھی لاجواب ہے ، اس کے مضامین معلوماتی ، اصلاحی ، عام فہم اور دلنشین ہونے کے ساتھ ساتھ جدیدتقاضوں کے عین مطابق ہیں۔ کوئی یہ کہہ کر اسے خراجِ تحسین پیش کرتا ہے : “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کے مَضامین اصلاحِ فکر و عمل کے لئے بے انتہا مفید ہیں۔ اس میں ہر طبقے کے لوگوں کے لئے الگ الگ جدید مضامین کا انتخاب خاص طور پر قابلِ تحسین ہے۔ تو کوئی یوں اپنا تجزیہ پیش کرتا ہے : “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کے متعدّد شمارے نظروں سے گزرے مَا شَآءَاللّٰہ علم اور اصلاح سے مزیّن ، عقائدِ حقّہ کا عَلم بردار ماہنامہ ہے۔ ایک پروفیسر صاحب نے یوں اپنے جذبات کا اظہار کیا : ’’بہت خوب صورت ، بہترین تحریروں سے مُرَصَّع اور نوادرات کا مُرَقَّع ، 35 قسم کے مختلف عنوانات کے تحت رنگا رنگ ، نوع بہ نوع اور قسما قسم تحریریں ، بہترین اور بہتروزبردست رنگوں ، خاکوں ، خطاطی کے نمونوں سے سجا ہوا نسخہ ، جی چاہتا ہے اسے دیکھتا رہوں۔ الحمدللہ علیٰ ذٰلک
ماہنامہ میں شائع ہونے والے مضامین کا اجمالی جائزہ
(1)فریاد : “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کا پہلا کالم “ فریاد “ کے نام سے شائع ہوتا ہے جس میں کسی اہم مسئلے کی طرف توجہ دلانے کے ساتھ آخر میں اسلامی بھائیوں سے اس مسئلے کے سدِّباب کی عاجزانہ’’ فریاد‘‘ بھی کی جاتی ہے ۔ یہ مضمون دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی عمران عطاری مَدَّ ظِلُّہُ الْعَالِی کے بیانات ، سلسلوں اور آڈیو میسجز کی روشنی میں تیار ہوتا ہے۔ اس سلسلے کے تحت اب تک شائع ہونے والے 33مضامین میں سے چند کے نام یہ ہیں : *کچرے کا ڈھیر* حادثات اور ہمارا رویہ *شبِ براءت اور آتش بازی *عیدِ قرباں پر صفائی ستھرائی کا خیال رکھئے *اپنے بچوں کی حفاظت کیجئے *غریبوں کی مدد کیجئے *اپنے وطن سے محبت کا تقاضا *اداروں کی بربادی کے اسباب *پردیس کی مشکلات وغیرہ
(2)تفسیرِ قراٰنِ کریم : اس سلسلہ کے تحت شیخ التفسیر مفتی ابوصالح محمد قاسم عطاری مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی قراٰنِ کریم کی ایک یا دو آیات کی عام فہم ، جامع اور جدیدتقاضوں کے مطابق تفسیر بیان فرماتے ہیں۔ ا س سلسلے میں *اللہ پاک کا پیارا کیسے بنیں؟ *اسلام ہی مدار نجات ہے*عاشقوں کی عبادت *عمارتِ نبوت کی آخری اینٹ*امتی پر حقوقِ مصطفےٰ *شیطانوں کی دو قسمیں *اسرار روزہ اور اس کی باطنی شرائط *محبت الہٰی اور اس کی نشانیاں وغیرہ جیسے اہم موضوعات سمیت تقریباً 55 آیات کی تفسیر شائع ہوچکی ہے۔
(3)حدیث شریف اور اس کی شرح : اس عنوان کے تحت کسی اہم مسئلے یا عمل کی جانب توجہ دلانے کے لئے ایک منتخب حدیث شریف کا ترجمہ اور مختصر شرح بیان کی جاتی ہے۔ اس سلسلے کے تحت *دین خیر خواہی ہے *کوئی بیماری لاعلاج نہیں*موت کی تمنا کرنا کیسا؟ *قید خانہ *بیماری اُڑ کر نہیں لگتی *زمین پر قبضہ کرنا کیسا؟ *رزق ہمیں تلاش کرتا ہے*ذبیحہ کے ساتھ بھلائی *اعلانِ جنگ *طلاق *جنّت کا بازار *حجِّ مبرور *بدعت کی اقسام جیسے اہم موضوعات پر 36احادیثِ مبارکہ کی شرح شائع ہوچکی ہے۔
(4)اسلامی عقائدو معلومات : سلسلہ “ اسلامی عقائدو معلومات “ میں اسلام کے بنیادی و ضروری عقائد کی اصلاح و معلومات کے لئے مستند حوالوں سے مزین مضامین شائع کئے جاتے ہیں۔ اب تک *ذاتِ باری تعالیٰ *انبیائے کرام *لوحِ محفوظ *حَشْرونَشْر *تقدیر *روح *برزخ *علمِ غیب *حاضرو ناظر اور شفاعت سمیت کئی اہم عقائد کے متعلق 36 مضامین شائع ہو چکے ہیں۔
(5)مدنی مذاکرے کے سوال جواب : شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطّار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے مسلسل کاوشوں کے ذریعے لاکھوں لوگوں کی زندگی میں مدنی انقلاب برپا کر دیا ہے۔ آپ کا کردار لائقِ تقلید اور آپ کی گفتار قابلِ عمل ہے۔ اسی فیضانِ کرم کا ایک ذریعہ مدنی مذاکرے بھی ہیں ، اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کے سلسلہ “ مدنی مذاکرے کے سوال جواب “ میں انہی سولات و جوابات میں سے منتخب سوال جواب معمولی ترمیم و اضافے کے بعد آپ کو باقاعدہ چیک کروا کر شائع کئے جاتے ہیں ۔ اب تک 290 سوالات کے جوابات “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ میں شائع کئے جاچکے ہیں۔
(6)امیرِ اہلِ سنّت کے پیغامات : امیر اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے کئی نمایاں اوصاف میں سے ایک یہ بھی ہے کہ آپ اپنے معتقدین و متوسلین اور مریدین کی وقتاً فوقتاً مختلف انداز سے دلجوئی فرماتے رہتے ہیں اوراگر کسی کے ہاں کوئی حادثہ پیش آجائے ، بیماری گھیر لے یا کسی کا کوئی پیارا دنیا سے رخصت ہو جائے تو اس کی تعزیت یا عیادت فرماتے اور دعاؤں سے نوازتے ہیں۔ “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کے سلسلہ “ پیغاماتِ امیراہلِ سنّت “ اور “ تعزیت و عیادت “ میں یہی پیغامات تحریری صورت میں شامل کئے جاتے ہیں۔ اسی طرح علماو مشائخِ کرام کے وصال پُرملال پر بھی تعزیتی پیغامات شاملِ اشاعت ہوتے ہیں۔ اب تک 200سے زائد تحریری پیغامات شائع ہوچکے ہیں۔
(7)دارالافتاء اہلِ سنّت : دارالافتاء اہلِ سنّت(دعوتِ اسلامی) تحریری ، زبانی ، فون کالز ، واٹس ایپ ، ای میل اور کتب کی اشاعت کی صورت میں امّتِ مسلمہ کی شرعی راہنمائی میں مصروف ہے۔ “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ میں بھی سلسلہ “ دارُالافتاء اہلِ سنّت “ اور “ آپ کے سوالات “ کے تحت مختلف موضوعات پر 188 مسائل کے جوابات شائع ہوچکے ہیں۔
(8)بچوں اور بچیوں کے لئے : بچے قوم کا مستقبل ہیں ، ان کی جتنی اچھی تربیت ہو گی ، مستقبل اتنا ہی شاندار ہوگا ۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ میں بچوں کی اسلامی تربیت کے لئے 6 سلسلے “ فرضی حکایت “ ، “ جانوروں کی سبق آموز کہانیاں “ ، “ روشن مستقبل “ اور “ کیا آپ جانتے ہیں؟ “ شامل ہیں جن کے تحت مجموعی طور پر 70 سے زائد مضامین شائع ہوچکے ہیں۔ ان کہانیوں اور حکایات میں بچّوں کے لئے نکات اور نصیحتیں ذکر کی جاتی ہیں جبکہ سلسلہ “ ماں باپ کے نام “ میں مختلف پہلو سے بچوں کی تربیت پر مبنی نکات و روایات ذکر کی جاتی ہیں جن کے مخاطب ماں باپ ہوتے ہیں۔ اس سلسلے کے تحت اب تک *بچوں کو سڑک کیسے پار کرائیں *ضد* ننھے ڈرائیور* بچوں کے اسلامی نام *بہادری *خطرناک کھلونے *موبائل اور بچّوں کی نازک آنکھیں *امامِ اہلِ سنّت کی والدین کو نصیحتیں جیسے 14اہم موضوعات لکھے جاچکے ہیں۔ اسی طرح سلسلہ “ قراٰنی حکایت “ کے تحت قراٰنِ پاک میں سے 23 واقعات کو بیان کیا جاچکا ہے۔
(9)کچھ نیکیاں کما لے : ہماری روزمرہ زندگی میں کئی ایسے کام ہوتے ہیں جو ہم اچھی نیت سے انجام دے کر خوب نیکیاں کما سکتے ہیں مثلاً پانی پلانا ، صدقہ وخیرات کرنا ، درودِ پاک پڑھنا وغیرہ ، جبکہ کئی ایسے کام ہوتے ہیں جن کے فضائل ایک ہی جیسے ہوتے ہیں مثلاً جنت دلانے والے اعمال ، جامِ کوثر دلانے والی نیکیاں وغیرہ ، “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کے اس سلسلے میں ایسے ہی اعمال حسنہ کا بیان کیا جاتا ہے۔ اس موضوع پر بھی *ایصالِ ثواپ *قبرستان کی حاضری *پانی پلانا *نیکیاں بڑھانے کا موسم *یتیموں کے ساتھ حسنِ سلوک *جمعہ کے دین کی نیکیاں *سایۂ عرش دلانے والی نیکیاں *پل صراط پر کام آنے والی نیکیاں اور دگنا ثواب دلانے والی نیکیاں جیسے اہم عنوانات پر 32 مضامین شائع ہوچکے ہیں۔
(10)معاشرےکےناسور : ہمارے معاشرے میں پائے جانے والے کئی گناہ بہت سی معاشرتی برائیوں کی جڑ ہیں۔ یہ برائیاں کرنے والے اپنے ساتھ ساتھ پورے معاشرے کی تباہی کا سامان لئے ہوتے ہیں۔ ان برائیوں کی طرف توجہ دلانے ، ان کی تباہ کاریوں اور ان کی روک تھام کے ذرائع سے آگاہی کے لئے سلسلہ “ معاشرے کے ناسور “ کے تحت *دودھ میں ملاوٹ *اپریل فول *جوا *بھیک *نشہ *میوزک *افواہیں *قتل و غارت *جھوٹے الزامات *بسنت اور*طعنے دینا جیسے اہم موضوعات پر 28مضامین لکھے جاچکے ہیں۔
(11)نوجوانوں کے مسائل : اس سلسلہ میں نوجوانوں کے اہم مسائل مثلاً *وقت کیسے ضائع ہوتا ہے؟ *سکون کی تلاش *ناکامی*منزل کی تلاش *بےروزگاری *جذباتیت *قوتِ فیصلہ *سستی اور *کامیابی کے نسخے وغیرہ جیسے 27 اہم مضامین شائع کئے گئے ہیں ، آپ یہ مضامین پڑھ کردیکھئے آپ پر ترقی اور بہتری کے نئے نئے دریچے کھلیں گے۔
(12)العلم نور : یہ سلسلہ بھی علم و حکمت سے بھرپور ہےجو قراٰن و حدیث ، فقہ اور تصوف کے اہم مسائل و نکات پر مشتمل ہوتا ہے۔ اس میں اب تک *معجزات کی اقسام *مطالعہ *تفسیر *فقاہت *حدیث کا مطالعہ *سیرت مصطفےٰ کا مطالعہ کیسے کریں؟*فقہائے کرام کے درجات *اولیا کے مراتب *قراٰنِ پاک کی حفاظت *قیامت کے 41 نام *وحی کی اقسام *علم کا بیج جیسے26اہم موضوع شائع ہوچکے ہیں۔
(13)کیسا ہونا چاہئے؟ معاشرے کا ہرفرد مختلف کرداروں سے جڑا ہوتاہے ، کہیں وہ شخص باپ ، بھائی یا بیٹا ہوتا ہے تو کہیں استاد ، شاگرد ، سربراہ یا ماتحت۔ اس سلسلے میں ان کرداروں کی ذمّہ داریوں ، خوبیوں اور خامیوں کے بارے میں تفصیلی بیان ہوتا ہے۔ ہر کردار کے تحت اندازِ زندگی کیا ہونا چاہئے؟ اس پہلو سے “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کے اس سلسلہ میں*مومن *ماں *باپ *شوہر *بیوی *بیٹا *ساس *بہو *داماد *مرید *دوست *استاذ *طالبِ علم جیسے اہم کرداروں پر 28مضامین شائع ہوچکے ہیں۔
(14)باتیں مِرے حضور کی : ہمارے پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے اوصافِ جلیلہ بے انتہا ہیں جن کا ایک موضوع خصائصِ مصطفےٰ بھی ہیں۔ اس سلسلے کے تحت عاشقانِ رسول کے دلوں میں عشقِ رسول کی شمع مزید فروزاں کرنے کےلئے اب تک 65 “ خصائصِ مصطفےٰ “ کا بیان کیا جاچکا ہے۔
(15)اقوالِ زرّیں : بزگانِ دین کے علم و حکمت سے بھرپور فرامین اُن کی زندگی کے تجربات ، علم و عمل اور مشاہدات کا نچوڑ ہوتے ہیں۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کے سلسلہ “ مدنی پھولوں کا گلدستہ “ ([1]) میں اسلاف کرام کے 252 ، اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان کے 226اور امیرِ اہلِ سنّت کے 238 عبرت و نصیحت پر مشتمل مبارک فرامین شائع کئے جاچکے ہیں۔
(16)آخر درست کیا ہے؟ شیخ التفسیر مفتی محمدقاسم عطاری مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی کا یہ سلسلہ بھی جداگانہ اہمیت کا حامل ہے جس میں دینِ اسلام کی اہمیت اور اس پر ہونے والے اعتراضات کے جوابات کے ساتھ ساتھ لوگوں کی مزید اصلاح کا سامان کیا جاتاہے۔ اس کے تحت اب تک *معراج اور عقل *اسلام کے نظریۂ حیات کی جامعیت اور اس میں عظمتِ انسانی *قربانی قدیم عبادت ہے *باطل کے حمایتیوں کو دعوتِ فکر *علما پر تنقید کرنے والے *عرب کی پرانی ثقافت پر آج عمل کیوں؟ اور *اسلام کے بارے میں منفی رائے کیوں؟ جیسے 13 اہم موضوعات شائع ہوچکے ہیں۔
(17)تاجروں کے لئے : اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ میں تاجروں کی اصلاح اور ان کے کارو باری مسائل کے حل کے لئے مختلف سلسلے جاری ہیں مثلاً “ احکام تجارت “ میں کاروباری مسائل کا قراٰن و سنّت کی روشنی میں آسان حل پیش کیا جاتا ہے جس میں اب تک113 فتاویٰ شائع ہوچکے ہیں۔ سلسلہ “ بزرگوں کے پیشے “ میں انبیائے کرام علیہمُ السَّلام سمیت ان بزرگانِ دین کے پیشوں کا تذکرہ کیا جاتا ہے جو اپنے وقت کے عابدوزاہد اور علم و فن کے امام گزرے ہیں ، اب تک *حضرت سیدنا آدم *حضرت داؤد *حضرت ادریس علٰی نَبِیِّنَاوعلیہم الصَّلٰوۃ وَالسَّلام *خلفائے راشدین سمیت 26 بزرگوں کے پیشوں کا ذکر کیا جاچکا ہے۔ جبکہ سلسلہ “ تاجروں کے لئے “ کے تحت بھی ایک الگ مضمون پیش کیا جاتا ہے جس میں اب تک *گاہک سے خوش اخلاقی *اچھے ملازم کی خصوصیات *لگی روزی بندھا کاروبار *تجارت شروع کرنے کے نکات *بھاؤ کم کرانا *سودے پر سودا *ذخیرہ اندوزی *خریدا ہوا مال واپس یا تبدیل نہیں ہوگا! اور *گاہک کو مستقل کرنے کے طریقے جیسے 40 اہم موضوع بیان ہوچکے ہیں۔
(18)اسلامی بہنوں کے لئے : عورت معاشرے کا ایک اہم حصّہ ہے اور اس کی اسلامی اصولوں پر کی گئی تعلیم و تربیت معاشرے پر خوش کُن اثرا ت مرتب کرتی ہے ، “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ میں اسں پہلو سے بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ جس کے لئے عورتوں کو صحابیات و صالحات کی سیرت و کردار سے متعارف کروانے کے لئے “ تذکرۂ صالحات “ کے نام سے سلسلہ شائع کیا جاتاہے اس سلسلہ میں اُمّہاتُ المؤمنین یعنی رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی ازواجِ مطہرات اور سرکارِ دوعالَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی شہزادیوں سمیت 41 نیک بیبیوں کا مبارک تذکرہ کیا جاچکا ہے۔ جبکہ عورتوں کو نماز ، روزہ اور دیگر پہلوؤں سے درپیش مسائل کے جوابات سلسلہ “ اسلامی بہنوں کے شرعی مسائل “ کے تحت شامل کئے جاتے ہیں اب تک اس میں 77جوابات شائع ہوچکے ہیں۔ اسی طرح اُمورِ خانہ داری احسن طریقے سے نبھانے کے لئے روز مرّہ کے کاموں مثلاً *کچن کی صفائی ، *گھر صاف ستھرا رکھنے کے طریقے ، *کپڑوں کی الماری ، *سبزیاں کاٹنے کی احتیاطیں اور *کھانا فریز کرنے کی احتیاطیں وغیرہ جیسے موضوعات پر بھی15مضامین شائع کئے جاچکے ہیں۔
(19)سیرتِ صحابہ و بزرگانِ دین : فرمانِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے : اَصْحَابِیْ کَالنُّجُوْمِ فَبِاَیِّھِمْ اِقْتَدَیْتُمْ اِہْتَدَیْتُمْ میرے صحابہ ستاروں کی طرح ہیں ، تم ان میں سے جس کی پیروی کرو گے ہدایت پا جاؤ گے۔ (مشکاۃ المصابیح ، جزء3 ، 2 / 414 ، حدیث : 6018) ان روشن ستاروں کی سیرت و کردار سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لئے سلسلہ “ روشن ستارے “ کے تحت *خلفائے راشدین *حضرت عباس *حضرت امیر حمزہ *حضرت ابوہریرہ *حضرت امیر معاویہ *حضرت سعد بن معاذ *حضرت حذیفہ بن یمان رضی اللہ عنہم سمیت 43صحابۂ کرام کا کا ذکرِ خیر شائع کیاجاچکا ہے۔ “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کے قارئین کو بزرگانِ دین کا مختصر تعارف اور اعراس کی معلومات دینے کیلئے “ اپنے بزرگوں کو یاد رکھئے “ کے تحت 545 بزرگانِ دین کا ذکر شائع ہوچکا ہے جبکہ بزرگانِ دین و صالحین کی مبارک سیرت کے متعلق کچھ تفصیلی معلومات کیلئے سلسلہ “ تذکر ۂ صالحین “ کے تحت *حضرت سیدنا امامِ اعظم *امام شافعی *مولانا جلالُ الدّین رومی *سلطان نورُالدین زنگی *پیر سیّد جماعت علی شاہ رحمۃ اللہ علیھم سمیت 43 صالحین کا ذکر شامل کیا چکا ہے۔
(20)صحت و تندرستی : صحت و تندرستی اللہ پاک کی عنایت کردہ عظیم نعمت ہے جس کی حفاظت ضروری بھی ہے اور اہم بھی۔ “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کا سلسلہ “ مدنی کلینک و روحانی علاج “ اسی اہمیت کو اُجاگر کرتا ہے جس میں مختلف بیماریوں ، ان کی علامات اور ان کے طبّی اور روحانی علاج بھی بیان کئے جاتے ہیں اس سلسلہ میں *بخار*نظر کی کمزوری *شوگر *چکن گنیا *بلڈ پریشر *ہیپاٹائٹس *ہارٹ اٹیک *ملیریا *بالوں کا گرنا *جوڑوں کا درد *کینسر *فالج *سردرد اور *خارش جیسے اہم موضوعات سمیت 34 مضامین شاملِ اشاعت کئے گئے ہیں۔ اس عنوان میں شامل “ پھلوں اور سبزیوں کے فوائد “ نامی سلسلہ بھی نہایت اہم ہے جو مختلف موسمی پھلوں اور سبزیوں کے خواص ، فوائد اور طریقۂ استعمال پر مشتمل ہوتا ہے۔ اب تک *کدو *بھنڈی *آڑو *بیر *کریلا *خربوزہ *تربوز *آم *سیب *فالسہ *پالک *انگور *پپیتا سمیت 50 سے زائد پھلوں اور سبزیوں وغیرہ کے فوائد ذکر کئے جاچکے ہیں۔ ان سلسلوں کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ یہ مضامین مستند ڈاکٹر صاحب اور حکیم صاحب سے تصدیق کروانے کے بعد شائع ہو تے ہیں۔
(21)اشعار کی تشریح : “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کے سلسلے “ اشعار کی تشریح “ میں اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ ، مولانا حسن رضا خان رحمۃ اللہ علیہ اور بعض دیگراکابرین کے ایک یا دو منتخب اشعار کی عام فہم شرح بیان کی جاتی ہے ، جس میں مشکل الفاظ کے معانی اور شعر میں جس قراٰنی آیت ، حدیث یا سرکار علیہ الصَّلٰوۃ والسَّلام کی سیرت کے کسی واقعے کی طرف اشارہ ہو تو اس کا بھی باحوالہ مختصر ذکر کیا جاتا ہے۔ اب تک 62 اشعار کی شرح پر 33 مضامین شائع ہوچکے ہیں۔
(22)قارئین کے صفحات : “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ میں قارئین کے لئے بھی صفحات مختص ہیں جن میں موصول ہونے والے تأثرات کو بعنوان “ آپ کے تأثرات “ شامل کیا جاتا ہے ، اب تک تقریباً قارئین کے307 تأثرات شائع ہوچکے ہیں۔
(23) اے دعوتِ اسلامی تِر ی دھوم مچی ہے : اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عاشقانِ رسول کی مدنی تحریک دعوتِ اسلامی تقریباً دنیا بھر میں107 سے زائد شعبہ جات میں دینِ اسلام کی خدمت کیلئے کوشاں ہے ، ان مدنی کاموں سے آگاہی کے لئے “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ میں ملک و بیرونِ ملک جاری مدنی کاموں کا مختصر ذکر بھی کیا جاتاہے۔
(24)اہم ایونٹس : روز مرہ معمول کے علاوہ “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ میں اہم دینی و دنیوی ایونٹس کے موقع پر بھی خصوصی مضامین شامل کئے جاتے ہیں۔ ان ایونٹس میں میلادِ مصطفےٰ ، عاشورا ، گیارھویں شریف ، رمضانُ المبارک اور اعراسِ خلفائے راشدین اور عرسِ اعلیٰ حضرت وغیرہ شامل ہیں۔
اس سلسلے میں اب تک سیرتِ مصطفےٰ کے حوالے سے *پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا مبارک بچپن *نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بچوں پر شفقت *مدنی آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے طبی مدنی پھول *پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے شہزادے اور شہزادیاں *مدنی آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی گھریلو زندگی *وہ سمجھتے ہیں بولیاں سب کی *شانِ رحمت *محسنِ انسانیت *جان ہے عشقِ مصطفےٰ *حضرت اُمّ مَعْبَد اور حلیۂ مصطفےٰ *سیرت مصطفےٰ (مختصر) *رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سواریاں *پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی پیاری غذائیں
محرمُ الحرام کی مناسبت سے *حسینی قافلے کے شرکا *یزیدی لشکر کا انجام *اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد *یزید کے سیاہ کارنامے *اہلِ بیت سے محبت کے تقاضے *صحابۂ کرام کی اہلِ بیت سے محبت اور گیارھویں شریف کی مناسبت سے *سلطانُ الاولیاء حضور غوثِ اعظم *دلوں پر حکومت *غوثِ اعظم بطورِ خیر خواہ *غوثِ اعظم بحیثیتِ معلم *غوثِ اعظم کی چار نصیحتیں *نماز اور گیارھویں والے پیر ۔
جبکہ عرسِ اعلیٰ حضرت پر *ملکِ سخن کی شاہی تم کو رضا مسلم *اعلیٰ حضرت کی بعض منفرد عادتیں *طبیبوں کےلئے اعلیٰ حضرت کے نکات *فنِ حدیث میں امامِ اہلِ سنّت کا مقام علما کی نظر میں *فتاویٰ رضویہ ایک عظیم علمی شاہکار *امامِ اہلِ سنّت کی والدین کو نصیحتیں *نعت کہنے کو احمد رضا چاہئے *بےمثال امام کی مثال نگاری اور *شانِ اہلِ بیت و صحابۂ کرام بزبانِ رضا سمیت درجنوں مضامین شائع کئے جاچکے ہیں۔
اس کے علاوہ گزشتہ سال صفرالمظفر1440ھ میں امامِ اہلِ سنّت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کے 100سالہ عرسِ مبارکہ کے موقع پر آپ رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کی سیرت مبارکہ کے مختلف پہلوؤں پر ایک نئے انداز سے روشنی ڈالتے ہوئے57سے زائد مضامین پر مشتمل “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کا خصوصی شمارہ “ فیضان امام اہلِ سنّت بھی شائع کیا گیا ہے۔ یہ شمارہ مکتبۃ المدینہ سے ہدیۃ حاصل کیجئے یا دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ سے مفت ڈاؤنلوڈ کیجئے۔
“ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کی اس کامیاب اشاعت میں امیرِ اہلِ سنّت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی نظرِ عنایت ، رہنمائی اور عملی تربیت کے ساتھ ساتھ مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطّاری مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی اور نگرانِ مجلس “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ حاجی ابوماجد محمد شاہد عطاری مدنی کی محنتوں کا بہت اہم کردار ہے۔ اللہ کریم ان کی مخلصانہ خدمات قبول فرمائے نیز اللہ کریم “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کے چیف ایڈیٹر ابو رجب محمد آصف عطّاری مدنی کو بھی جزائے خیر عطا فرمائے جو ہر مضمون کے معیار کی حفاظت یوں کرتے ہیں جیسے مرغی اپنے چوزوں کی حفاظت کرتی ہے۔
پیارے اسلامی بھائیو! “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کے ان اہم مضامین کا مطالعہ کرنے کے لئے آپ بھی “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کے خریدار بنئے بلکہ اس کی سالانہ بکنگ کروالیجئے ، آپ کو ہر ماہ گھر بیٹھے مل جایا کرے گانیز سابقہ شمارے بھی مکتبۃُ المدینہ سے طلب کئے جاسکتے ہیں اور دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ www.dawateislami.netسے مفت ڈاؤن لوڈ بھی کرسکتے ہیں۔
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کی اینڈرائیڈ موبائل ایپلیکیشن(Application) بھی MAHNAMA Faizan-e-Madina کے نام سے لانچ ہوچکی ہے جس میں سابقہ تمام شمارے PDFاور یونیکوڈ کی صورت میں پڑھنے ، کاپی کرنے اور سرچ کرنے کی سہولت بھی موجود ہے ، یہ ایپلی کیشن پلے اسٹور سے مفت ڈاؤنلوڈ کیجئے اور خوب علمِ دین حاصل کیجئے۔
Comments