خوشی منانے کا طریقہ ہر مذہب،قوم اور برادری کا جُدا گانہ اور مختلف ہوتا ہے،ایّامِ خوشی کبھی دنیاوی تو کبھی مذہبی رنگ میں رنگے ہوتے ہیں،مسلمانوں کی زندگی میں خوشی کا سماں باندھ دینے والے دنوں میں سے ایک دن12ربیعُ الاوّل یعنی عید میلادُ النبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا بھی ہے۔ اس دن عاشقانِ رسول اپنے پیارے نبی حضرت محمدِ مصطَفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی ولادت (پیدائش) کا دن نہایت جوش و جذبے سے مناتے اور اپنے پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے محبت کا اظہار کرتے ہیں۔
محترم والدین! بچوں کے دلوں میں اس اسلامی تہوار کی اہمیت، مَحبَّت اور عظمت پیدا کرنے کےلئے آپ کیا طریقہ اپنا سکتے ہیں؟ مُلاحظہ فرمائیے:
٭اس مبارک مہینے میں گھروں میں، محلّے میں بچّوں کے لئے محفلِ نعت کا خصوصی اہتمام کریں اور مختلف کتب و رسائل (مثلاً سیرتِ مصطفیٰ،صبحِ بہاراں اور نُور والا چہرہ) سے پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے بچپن کے واقعات اور بچّوں کے ساتھ شفقت و محبت کے واقعات بیان کریں نیز ممکن ہوتو محفلِ نعت کے اختتام پر بچّوں کیلئے نیاز کا بھی اہتمام کریں لیکن اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ نیاز میں جس شے کا اہتمام کیا جائے وہ حِفظانِ صحّت کے اُصولوں کے مطابق ہو ٭بچّوں کے سامنے عید میلادُ النّبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی اہمیت بیان کریں تاکہ بچّوں میں جشنِ ولادت کی اہمیت کا احساس پیدا ہو ٭بچّوں کو نعتیں پڑھنے کا ذہن دیں ٭ربیعُ الاوّل میں مدنی چینل پرہونے والے مدنی مذاکروں میں اپنی شرکت کے ساتھ ساتھ بچوں اور گھر کے تمام افراد کے لئے پابندی کے ساتھ مدنی مذاکرے دیکھنے کا اہتمام کیا جائے ٭ربیعُ الاوّل کا چاند نظر آنے پر خوشی منائیں اور اپنے عزیز و اَقارِب کو اس مہینے کی مبارک باد دیں، آپ کی دیکھا دیکھی یہ عمل آپ کے بچّوں کی عادت کا بھی حصّہ بن جائے گا ٭اس موقع پر جھنڈے اور لائٹیں وغیرہ لگانا مسلمانوں کا اپنے پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے مَحبَّت ظاہر کرنے کا ایک اچھا طریقہ ہے مگر یہ کام بہت چھوٹے بچّوں کو ہرگز نہ سونپیں کیونکہ اس طرح کوئی بھی حادِثہ رُونُما ہوسکتا ہے ٭بچّوں کو نئے کپڑے پہنائیں ٭نَعلَین پاک کے بیج Badge بَرَکت کی نیّت سے بچّوں کے کُرتے (قمیص) پر سینے کے مقام پر لگائیں مگر اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ اس بیج کی پکڑ (Grip) مضبوط ہو ورنہ اس کی بے ادبی کا اندیشہ ہے ٭کثرت سے صدقہ و خیرات کریں اور اپنے بچّوں کے ہاتھ سے بھی صدقہ کروائیں تاکہ بچّے بھی اللہ کریم کی راہ میں خرچ کرنے کے عادی بنیں ٭گھر میں پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی پسندیدہ غذائیں تیّار کرکے بچّوں کو کھلائیں([1]) ٭12ربیعُ الاوّل کے دن عاشقانِ رسول اپنی عقیدت کااظہار کرنے کے لئے جلوسِ میلاد بھی نکالتے ہیں، اس میں بچّوں کے ساتھ خود بھی شریک ہوں، انہیں اکیلا نہ بھیجیں ٭اس دن بچّوں میں نقشِ نعلِ پاک، گنبدِ خَضْرا اور نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے منسوب تبرکات کی ڈرائنگ (Drawing) بنانے کے مقابلے گھروں میں منعقد کریں نیز اچّھی کارکردگی (Performance) پر انہیں انعامات بھی دیں تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔
اللہ کریم ہمیں اورہمارے بچّوں کو پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سچّی محبت عطا فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
٭…بلال حسین عطاری مدنی
٭…ماہنامہ فیضان مدینہ کراچی
Comments