مفسرِ قراٰن حضرت علامہ منظور احمد شاہ کے انتقال پر تعزیت

مفسّرِ قراٰن حضرت علّامہ منظور احمد شاہ صاحب کے انتقال پر تعزیت

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے حضرت علّامہ مولانا فیضُ الحسن شاہ صاحب فریدی اور حضرت مولانا مفتی پیر محمد مظہر فرید شاہ صاحب فریدی کی خدمات میں:

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ

منیر احمد عطاری نے دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رُکن حاجی ابوماجدمحمد شاہد مدنی کے ذریعے یہ افسوس ناک خبر دی کہ آپ صاحبان کے والدِ محترم مفسرِ قراٰن، شیخِ طریقت، حضرت علّامہ مولانا بابا جی ابو النصر منظور احمد شاہ صاحب (بانیِ جامعہ فریدیہ ساہیوال) علالت کے سبب 23 ذوالحجۃ الحرام 1440 سنِ ہجری کو 92سال کی عمر میں ساہیوال میں انتقال فرما گئے، اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن۔ میں آپ صاحبان سے اور حضرت کے تمام تلامذہ، معتقدین، محبین اور مریدین سمیت جملہ سوگواروں سے تعزیت کرتا ہوں۔ ىاربَّ المصطفےٰ جَلَّ جَلَالُہ و  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ! حضرت مولانا منظور احمد شاہ صاحب کو غریقِ رحمت فرما، یَااللہ! حضرت کے مزار پر انوار و تجلیات کی بارشیں فرما، مولائے کریم! حضرت کی دینی خدمات قبول فرما، مولائے کریم! حضرت کی قبر نورِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے صدقے جگمگاتی رہے، یَااللہ! حضرت کو بے حساب بخش کر جنّتُ الفردوس میں اپنے پیارے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا پڑوس نصیب فرما، مولائے کریم! حضرت کے تمام سوگواروں کو صبرِجمیل اور صبرِجمیل پر اجرِ جزیل مرحمت فرما، یَا اللہ! میرے پاس جو کچھ ٹوٹے پھوٹے اعمال ہیں ان کا اجر و ثواب اپنے کرم کے شایانِ شان مرحمت فرما، ىہ سارا ثواب جنابِ رسالتِ مآب صلَّیاللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو عطا فرما، بَوسیلۂ رَحْمَۃٌ لِّلْعٰلَمِين صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم یہ سارا ثواب حضرت علّامہ مولانا منظور احمد شاہ صاحب سمىت سارى اُمّت کو عنایت فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

(دُعا کے بعد امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے حضرت کے ایصالِ ثواب کے لئے علمائے دین کے مقام و مرتبہ کی اہمیت پر ایک قول بیان فرمایا:) حجۃُ الاسلام امام محمد بن محمد بن محمد غزالی رحمۃ اللہ علیہ احیاءُ العلوم میں فرماتے ہیں کہ کسی دانا کا قول ہے:عالم کی وفات پر پانی میں مچھلیاں اور ہوا میں پرندے روتے ہیں۔ عالم کا چہرہ اوجھل ہوجاتا ہے لیکن اس کی یادیں باقی رہتی ہیں۔(احیاء العلوم،ج1،ص24)

دعوتِ اسلامی آپ صاحبان کی اپنی تحریک ہے، اس کے لئے ہمیشہ دُعا فرماتے رہئے اور اپنے چاہنے والوں کو دعوتِ اسلامی کے کاموں میں حصّہ لینے کی ترغیب دلاتے رہئے اِنْ شَآءَ اللہ اس طرح دینِ اسلام کی اشاعت میں خوب اضافہ ہوگا اور مسلکِ اہلِ سنّت کا بول بالا ہوگا، اِنْ شَآءَ اللہ۔

حضرت علّامہ قاضی مظفر رضوی صاحب کے انتقال پر تعزیت

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ

دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رُکن حاجی یعفور رضا عطاری نے یہ افسوس ناک خبر دی کہ حُضور مفتیِ اعظم ہند کے خلیفہ، محدثِ اعظم پاکستان مولانا سردار احمد صاحب کے شاگردِ رشید اور اعلیٰ حضرت کے خلیفہ مفتی غلام جان قادری رضوی صاحب کے بیٹے حضرت علّامہ مولانا قاضی مظفر اقبال رضوی کینسر کے سبب 24 ذوالحجۃ الحرام 1440 سنِ ہجری کو 80سال کی عمر میں لاہور میں انتقال فرما گئے، اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن۔ میں حضرت کے تمام تلامذہ، معتقدین، محبین اور جملہ سوگواروں سے تعزیت کرتا ہوں۔ یا ربَّ المصطفےٰ جَلَّ جَلَالُہ  و صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم! قاضی مظفر اقبال رضوی صاحب کو غریقِ رَحمت فرما، مولائے کریم! حضرت کے دَرَجات بلند فرما، حضرت کی دینی خدمات قبول فرما، یَااللہ! حضرت کی قبر کو نورِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے صدقے روشن فرما، یَااللہ! حضرت کی بے حساب مغفرت کرکے انہیں جنّتُ الفردوس میں اپنے پیارے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا پڑوس نصیب فرما، یَااللہ! حضرت کے تمام سوگواروں کو صبرِ جمیل اور صبرِ جمیل پر اجرِ جزیل مرحمت فرما، مولائے کریم! میرے پاس جو کچھ ٹوٹے پھوٹے اعمال ہیں اپنے کرم کے شایانِ شان ان کا اجر عطا فرما، ىہ سارا اجر و ثواب جنابِ رسالتِ مآب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو عطا فرما، بَوسیلۂ رَحْمَۃٌ لِّلْعٰلَمِين صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم یہ سارا اجر و ثواب حضرت قاضی مظفر اقبال رضوی صاحب سمىت سارى اُمّت کو عنایت فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

(دُعا کے بعد امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے حضرت کے ایصالِ ثواب کے لئے ایک بہت پیارا قول بیان فرمایا:)فیضُ القدیر میں لکھا ہے، ایک بزرگ فرماتے ہیں: جو شخص بُرائی کرنے والے کے ساتھ بھلائی کرتا ہے وہ کامل ترین انسان ہے۔(فیض القدیر،ج 2،ص59، تَحتَ الحدیث:1287)

حضرت قاضی مظفر اقبال صاحب ہمارے بہت پُرانے کرم فرما تھے اور ان کی اونچی مسجد بھاٹی گیٹ لاہور میں میری حاضری بھی ہوتی رہی، میں نے وہاں پربیانات بھی کئے ہیں اور دعوتِ اسلامی سے بڑا محبت کرنے والا ان کو پایا، اللہ کریم ان کی خدماتِ دعوت اسلامی بھی قبول فرمائے۔حضرت کے سوگواروں سے، خاندان والوں سے درخواست ہے کہ دعوتِ اسلامی آپ کی اپنی تحریک ہے اس کے لئے تعاون فرماتے رہیں اور اپنے چاہنے والوں کو بھی دعوتِ اسلامی کے مدنی کاموں میں حصہ لینے کی ترغیب دلاتے رہیں، ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں بھی شرکت کرتے رہیں اور زہے نصیب! حضرت کے ایصالِ ثواب کے لئے قافلے میں سفر کی بھی سعادت حاصل کریں ۔ بے حساب مغفرت کی دعا کا ملتجی ہوں۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد

تعزیت و عیادت کے بقیہ پیغامات دعوتِ اسلامی کی نیوز ویب سائٹ ” دعوتِ اسلامی کے شب و روز“news.dawateislami.net پر ملاحظہ فرمائیے۔


Share

Articles

Comments


Security Code