سادات کرام کو صبر و ہمت کی تلقین

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے ساداتِ کرام کی خدمت میں:اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ

اللہ کریم آپ صاحبان کا اقبال بلند فرمائے، پریشانیاں بھی دُور کرے، کربلا والوں کے صدقے میں صبر بھی عطا کرے۔ آپ لوگ واقعی ایسی آزمائش و امتحان میں مبتلا ہیں کہ اَلْاَمَان وَالْحَفِیظ ۔ اللہ کریم آپ سب پر رحم فرمائے اور آپ سب کو کربلا والوں کے صبر کا حصّہ عطا فرمائے۔اٰمین۔ ہمت رکھئے! صبر کیجئے! اللہ کریم آپ کی روزی روزگار میں بھی برکتیں دے، آفتوں مصیبتوں سے محفوظ فرمائے، یاد رکھئے! سب سے بڑی مصیبت گناہ ہے اور اس سے بھی بڑی مصیبت کُفر ہے! اللہ پاک کا کرم ہے کہ اُس نے ہمیں سب سے بڑی مصیبت کُفر سے محفوظ رکھا ہے مگر عام طور پر گناہ کی مصیبت میں ہم لوگ پھنس جاتے ہیں۔ یاد رکھئے! ہماری جسمانی یا گھریلو آزمائش، ہے تو پریشانی!! لیکن گناہوں کی مصیبت ان سے بڑی ہے۔ بے شک دنیا میں جو تکلیفیں آتی ہیں اس میں بندے کو اجر ملتا ہے یہاں تک کہ مؤمن کے پاؤں میں کوئی کانٹا لگ جائے تو اس پر بھی اس کو ثواب ملتا ہے (مسلم، ص1068، حدیث:6567 ماخوذاً) اور ایک روایت میں ہے کہ اللہ پاک اس کا درجہ بلند فرما دیتا ہے اور اس کا گناہ مِٹا دیتا ہے۔(مسلم، ص1067، حدیث: 6562 ماخوذاً) انبیائے کرام علیہمُ السَّلام کو بھی پریشانیاں آئیں، آپ کے نانا جان رحمتِ عالمیان صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر بھی کَڑا امتحان آیا، آپ نے صبر کیا۔ کربلا والوں پر کتنے سخت امتحانات آئے، انہوں نے صبر کیا۔ آپ حضرات بھی صبر کیجئے، اللہ کریم آپ کو صبر و ہمت دے، آپ سب کو بے حساب بخشے اور آپ سب کے صدقے میں مجھ گنہگار کو بھی بے حساب مغفرت سے مشرف فرمائے، آپ کے نانا جان کا پڑوس آپ سب کوبھی اور آپ سب کے صدقے مجھے بھی نصیب کرے ۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


Share

Articles

Comments


Security Code